پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 NOV 2026 1:07PM by PIB Delhi
وزارت دفاع نے، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈیفنس اسٹیٹس (ڈی جی ڈی ای) کے ذریعے، کنٹونمنٹ کے علاقوں میں رہائش پذیر بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو مضبوط بنانے کے لیے وزارت سماجی انصاف و تفویض اختیارات (ایم او ایس جےای) کے ساتھ ایک مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ 16 نومبر، 2026 کو نئی دہلی میں رکشا منتری جناب راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات ، ڈاکٹر وریندر کمار کی موجودگی میں طے پانے والے اس مفاہمت نامے میں ڈے کیئر مراکز اور بزرگ شہریوں کے لیے رہائشی مراکز کے قیام اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ معمر افراد کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی مہارتوں کی تربیت کا بھی تصور پیش کیا گیا ہے۔
اپنے خطاب میں، وزیر دفاع نے بزرگوں کو محض خاندان کے افراد ہی نہیں بلکہ تجربے، روایات اور سماجی شعور کے امین بھی قرار دیا، جن کا تجربہ، دانشمندی اور رہنمائی 2047 تک وکست بھارت کے سفر میں بے حد قیمتی ثابت ہوگی۔ خاندانوں، معاشرے اور قوم کی تعمیر میں ان کی تاحیات خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کو سماجی اور اخلاقی ذمہ داری قرار دیا کہ انہیں عزت، تحفظ اور اپنائیت کا احساس فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ “ہماری ثقافتی اقدار ہمیں ‘ماترو دیوو بھوا، پترُو دیوو بھوا’ کا درس دیتی ہیں۔ بزرگوں کی دیکھ بھال محض خاندانی معاملہ نہیں ہے؛ یہ ہماری ذمہ داری ہے،” ۔
بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے، جناب راج ناتھ سنگھ نے بزرگوں کو خدمات کی فراہمی میں مسلسل بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے خدمات کے معیار کا جائزہ لینے اور مزید بہتری کے متقاضی شعبوں کی نشاندہی کرنے کے لیے مراکز اور ہومز کے سماجی آڈٹ کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویض اختیارات نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور بزرگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ایم او ایس جے ای کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات، بشمول اٹل وایو ابھودے یوجنا (اے وی وائی اے وائی)، کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمت نامہ کنٹونمنٹ کے علاقوں میں رہنے والے بزرگ شہریوں کے لیے بہتر نگہداشت، فلاحی خدمات اور فعال و باوقار بڑھاپے کے مواقع تک رسائی کو یقینی بنا کر ان کے معاونتی نظام کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ڈاکٹر وریندر کمار نے بزرگ شہریوں کو بیش قیمت تجربات اور دانش مندی کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا علم اور خدمات ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ‘‘ہمارے فوجی جوان ہمت، قربانی اور لگن کے ساتھ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں۔ یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں وہ دیکھ بھال، عزت اور تعاون حاصل ہو جس کے وہ مستحق ہیں۔‘‘
اس موقع پر دفاع کے سکریٹری جناب راجیش کمار سنگھ، محکمہ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے سکریٹری جناب سدھانش پنت، ڈائریکٹر جنرل، دفاعی املاک محترمہ شوبھا گپتا اور دونوں وزارتوں کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
مفاہمت نامے (ایم او یو) کے بارے میں
مجوزہ انتظام کے تحت، سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت، اے وی وائی اے وائی کے تحت مالی امداد فراہم کرے گی۔ اس میں کنٹونمنٹ بورڈز کی جانب سے اپنے بجٹ سے چلائے جانے والے موجودہ ڈے کیئر مراکز اور بزرگ شہریوں کے رہائشی مراکز کے انتظام و دیکھ بھال کے لیے مالی تعاون بھی شامل ہے۔ امبالہ (ہریانہ)، دیولالی (مہاراشٹر)، جبل پور (مدھیہ پردیش)، رانی کھیت اور لینس ڈاؤن (اتراکھنڈ) کے کنٹونمنٹ پہلے ہی ڈے کیئر مراکز چلا رہے ہیں، جبکہ ایودھیا اور لکھنؤ (اتر پردیش) کے کنٹونمنٹ بزرگ شہریوں کے رہائشی مراکز اپنے بجٹ سے چلا رہے ہیں۔ ان مراکز کا انحصار بنیادی طور پر وزارتِ دفاع سے ملنے والی گرانٹس پر ہے۔
اس مفاہمت نامے میں اے وی وائی اے وائی اسکیم کے تحت کنٹونمنٹ علاقوں میں نئے ڈے کیئر مراکز اور بزرگ شہریوں کے رہائشی مراکز قائم کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈیفنس اسٹیٹس (ڈی جی ڈی ای) نے آٹھ کنٹونمنٹ کی نشاندہی کی ہے جہاں نئے ڈے کیئر مراکز کھولے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، فنڈز کی دستیابی کے مطابق سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت سے مشاورت کرکے پانچ کنٹونمنٹ میں موجودہ ڈے کیئر مراکز اور دو کنٹونمنٹ میں بزرگ شہریوں کے رہائشی مراکز کی سہولیات میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ ڈی جی ڈی ای نے نئے مراکز کھولنے کے لیے جن کنٹونمنٹ کی نشاندہی کی ہے، ان میں بیرک پور (مغربی بنگال)، بیلگام (کرناٹک)، جھانسی (اتر پردیش)، کھڑکی اور پونے (مہاراشٹر)، سکندرآباد (تلنگانہ)، سینٹ تھامس ماؤنٹ (تمل ناڈو) اور دہلی شامل ہیں۔ جن پانچ کنٹونمنٹ میں موجودہ ڈے کیئر مراکز کو مزید بہتر بنانے کی تجویز ہے، ان میں امبالہ (ہریانہ)، دیولالی (مہاراشٹر)، جبل پور (مدھیہ پردیش)، رانی کھیت اور لینس ڈاؤن (اتراکھنڈ) شامل ہیں۔ اسی طرح، ایودھیا اور لکھنؤ (اتر پردیش) کے کنٹونمنٹ میں بزرگ شہریوں کے رہائشی مراکز کی سہولیات میں بھی اضافہ کرنے کی تجویز ہے۔
ڈی جی ڈی ای اور کنٹونمنٹ بورڈ مناسب عمارتیں اور ضروری بنیادی سہولیات، بشمول بجلی، پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کا انتظام کریں گے، جبکہ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت اس اسکیم کے تحت مالی امداد، تکنیکی رہنمائی، تربیتی ماڈیولز اور عملی تعاون فراہم کرے گی۔
اس مفاہمت نامے کا ایک اور اہم جزو نوجوان ہندوستانیوں کو عمر رسیدہ افراد کی دیکھ بھال سے متعلق تربیت فراہم کرنا ہے۔ ہندوستان میں بزرگ آبادی میں مسلسل اضافے کے پیش نظر، آنے والے برسوں میں تربیت یافتہ نگہداشت کرنے والوں اور بزرگوں کی خصوصی دیکھ بھال کی خدمات کی مانگ بڑھنے کی توقع ہے۔ اس پہل سے 12 کنٹونمنٹ علاقوں، یعنی بیرک پور (مغربی بنگال)، بیلگام (کرناٹک)، جھانسی (اتر پردیش)، دیولالی، کھڑکی اور پونے (مہاراشٹر)، سکندرآباد (تلنگانہ)، سینٹ تھامس ماؤنٹ (تمل ناڈو)، امبالہ (ہریانہ)، دہلی اور فیروز پور و جالندھر (پنجاب) میں اور ان کے آس پاس رہنے والے تربیت یافتہ نگہداشت کرنے والوں کا ایک گروپ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔
دونوں وزارتوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ورکنگ گروپ اس پہل کے درمیان تال میل قائم کرنے، اس پر عمل درآمد اور اس کی نگرانی میں سہولت فراہم کرے گا۔
اس پہل کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ دفاعی املاک کا محکمہ اپنی صد سالہ تقریبات کا آغاز کر رہا ہے، جو 1926 میں اس کے قیام کے بعد سے 100 سالہ ادارہ جاتی خدمات کی تکمیل کی علامت ہیں۔ یہ شراکت داری محکمہ کے بدلتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتی ہے، جس کے تحت وہ کنٹونمنٹ علاقوں میں بلدیاتی انتظام کو مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ وہاں کے رہائشیوں اور برادریوں کی وسیع تر سماجی بہبود میں بھی اپنا تعاون دے رہا ہے۔
یہ مفاہمت نامہ دو وزارتوں کے درمیان تعاون اور باہمی اشتراک کی ایک اہم مثال ہے، جو ‘مکمل حکومتی‘ نقطۂ نظرکے تصور کو عملی شکل دیتی ہے۔ اس پہل کے تحت کنٹونمنٹ بورڈز کے ادارہ جاتی نیٹ ورک اور شہری بنیادی ڈھانچے کو سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کی پالیسی، تکنیکی مہارت اور مالی تعاون کے ساتھ یکجا کرکے پہلے سے موجود عوامی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ا ک۔ر ب۔
U-7717