57th International Film Festival of India 2026
20 – 28 Nov 2026

 ’آئی میٹر‘ شناخت، اپنائیت اور زندگی کو دوسرا موقع دینے کی ایک متاثر کن کہانی، آئی ایف ایف آئی 2026 میں مڈ فیسٹ فلم کے طور پر دکھائی جائے گی


الینا شیربان کی معروف فلم کا ہندوستان میں پریمیئر؛ وینس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں ’آرمانی بیوٹی آڈینس ایوارڈ‘ جیت چکی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 NOV 2026 3:44PMby PIB Delhiریلیز آئی ڈی: 2336264Views: 16

’آئی میٹر‘ (ایو کونتز) معروف فلم ساز الینا شیربان کی تحریر کردہ اور ہدایت کاری میں بنائی گئی ایک کثیر لسانی ڈرامہ فلم ہے، جس کا 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) میں مڈ فیسٹ فلم کے طور پر ہندوستان میں پریمیئر ہوگا۔ رومانیہ، جرمنی اور بیلجیم کی مشترکہ پروڈکشن میں تیار کی گئی 101 منٹ کی یہ فلم شناخت، خاندان، اپنائیت اور ماضی کے حالات سے آگے بڑھ کر ایک بہتر مستقبل کی تلاش جیسے موضوعات کا احاطہ کرتی ہے۔ رومانی اور رومانی زبانوں میں مکالموں پر مشتمل یہ فلم فیسٹیول میں یورپی سنیما کا ایک منفرد زاویہ پیش کرے گی۔

فلم کی کہانی رِبیکا نامی ایک نوجوان رومانی خاتون کے گرد گھومتی ہے، جو اس یتیم خانے کو چھوڑنے کی تیاری کر رہی ہے جسے وہ اپنا گھر سمجھتی آئی ہے۔ اس کے والد کی جیل سے رہائی قریب ہے اور وہ اس خاندان کو پانے کی امید رکھتی ہے جس کی اسے ہمیشہ سے خواہش رہی ہے، تاکہ اپنی زندگی کا ایک نیا باب شروع کرسکے۔ اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے یونیورسٹی میں اس کا داخلہ اس کے اندر نئی امید پیدا کرتا ہے اور اسے اپنا مستقبل خود سنوارنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ تاہم، ایک اجنبی دنیا میں آگے بڑھتے ہوئے اسے اپنے ماضی کے حل طلب تجربات کا دوبارہ سامنا کرنا پڑتا ہے، جو اسے مشکل فیصلے کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔

رِبیکا کے سفر کے ذریعے ’آئی میٹر‘ ایک مستحکم خاندانی ماحول کے بغیر پرورش پانے کے جذباتی چیلنجوں، قبولیت کی تلاش اور معاشرے میں اپنا مقام بنانے کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔ ایک نوجوان رومانی خاتون کے تجربات کے پس منظر میں بنائی گئی یہ فلم سماجی شمولیت، وقار اور انفرادی آزادی جیسے سوالات کو بھی موضوع بناتی ہے۔

 

یہ فلم الینا شیربان کی فیچر فلم کے شعبے میں بطور ہدایت کار پہلی پیشکش ہے۔ وہ ایک باصلاحیت اداکارہ اور ڈرامہ نگار بھی ہیں۔ انہوں نے بخارسٹ کی نیشنل یونیورسٹی آف تھیٹر اینڈ فلم سے تعلیم حاصل کی ہے، اس کے علاوہ نیویارک یونیورسٹی کے ٹش اسکول آف دی آرٹس اور لندن کی رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹ سے بھی تربیت حاصل کی ہے۔ ان کے سابقہ کاموں میں ’ایلون ایٹ مائی ویڈنگ‘ شامل ہے، جس کا پریمیئر کانز فلم فیسٹیول میں ہوا تھا، جبکہ ’جپسی کوئین‘ کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کے کئی اعزازات سے نوازا گیا۔ انہوں نے ’ہاؤس کیپنگ فار بیگنرز‘ میں بھی اداکاری کی، جس کی نمائش وینس فلم فیسٹیول میں ہوئی تھی۔

’آئی میٹر‘ کا پریمیئر ستمبر 2026 میں 83ویں وینس انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے وینس اسپاٹ لائٹ سیکشن میں ہوا، جہاں اس نے باوقار ’آرمانی بیوٹی آڈینس ایوارڈ‘ حاصل کیا۔ فلم میں رِبیکا کا کردار ڈینیسا فارکاش نے ادا کیا ہے، جبکہ دیگر اداکاروں میں سورین میہائی، انجیلینا پاویل، وینیسا ڈانسیا، رائیسا میہائی، الیگزینڈرو اسٹانکو، الینا برزونیانو اور نتالیا کیلن شامل ہیں۔

آئی ایف ایف آئی 2026 میں مڈ فیسٹ فلم کے طور پر ’آئی میٹر‘ کی نمائش 24 نومبر 2026 کو شام 4:30 بجے بیک وقت پی وی آر آئی این او ایکس پنجی (آڈی 1) اور پی وی آر آئی این او ایکس پوروریم (آڈی 1) میں کی جائے گی۔ فلم کی ہدایت کار الینا شیربان اور مرکزی اداکارہ ڈینیسا فارکاش خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے فیسٹیول میں شرکت کریں گی۔ فلم کی نمائش کے روز پی وی آر آئی این او ایکس پنجی میں فلم کے مہمانوں کی شرکت کے ساتھ ریڈ کارپٹ تقریب بھی منعقد ہوگی۔

 

20 سے 28 نومبر تک گوا کے مختلف مقامات پر منعقد ہونے والے 57ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں 86 ممالک کی 150 سے زائد بین الاقوامی فلمیں پیش کی جائیں گی۔ فیسٹیول کے مسابقتی اور غیر مسابقتی زمروں، منتخب فلمی پیکیجز، سابقہ فلموں کے خصوصی جائزوں، خراجِ عقیدت اور موضوعاتی نمائشوں کے ذریعے مختلف اصناف، ممالک اور زبانوں کی فلمیں ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کی جائیں گی۔ اس طرح یہ فیسٹیول ثقافتی تبادلے اور سنیما کے اعلیٰ معیار کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔

 

 

************

 

 

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 7643 )


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2026 and #StoriesWithoutBorders. Tag us @pibindia on Instagram and @PIB_India on X, and we will help amplify your festival moments!

For accredited journalists, critics, bloggers, and vloggers seeking 1-on-1 interviews with filmmakers and festival juries, write to us at:
iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


Official Release ID: 2336264
•
Media Centre: Goa
•
Festival Dates: Nov 20 – 28, 2026