ہندوستان کا 57واں بین الاقوامی فلمی میلہ (آئی ایف ایف آئی) 20 سے 28 نومبر 2026 تک گوا میں منعقد ہوگا، جس میں ’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ کے موضوع کے تحت دنیا بھر کے فلم ساز، شائقین سنیما اور تخلیقی شعبے سے وابستہ شخصیات ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گی۔
میلے کی افتتاحی تقریب سے قبل پریس کانفرنس کل، 13 نومبر 2026 کو گوا کے تاج سڈاڈے ڈی گوا ہورائزن میں منعقد ہوگی، جس میں میلے کے آئندہ ایڈیشن کی اہم جھلکیوں، نمایاں کشش اور اہم پروگراموں کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔
گوا کے معزز وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت اس موقع پر شرکت کریں گے۔ اس موقع پر انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا (ای ایس جی) کی نائب چیئرپرسن محترمہ ڈیلیلا لوبو کے علاوہ وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری جناب چنچل کمار، نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے چیئرپرسن جناب جی کرشن کمار، این ایف ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب دھیرج سنگھ، آئی ایف ایف آئی 2026 کے ڈائریکٹر فیسٹیول جناب آشوتوش گواریکر اور میلے کی جیوری کے چیئرپرسن بھی موجود رہیں گے۔
آئی ایف ایف آئی کے بڑھتے ہوئے عالمی دائرۂ اثر کی عکاسی کرتے ہوئے، اس کے 57ویں ایڈیشن میں ایک وسیع اور متنوع پروگرام پیش کیا جائے گا، جس میں ہندوستانی اور بین الاقوامی سنیما کی رنگا رنگی اور گوناگوں خصوصیات کو اجاگر کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں میلے کے مختلف پروگراموں کی تفصیلات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے آنے والے ناظرین اور شرکاء کے لیے ترتیب دیے گئے فلمی تجربات اور تخلیقی تبادلۂ خیال کی جھلک بھی پیش کی جائے گی۔
’’سرحدوں سے ماورا کہانیاں‘‘ کے موضوع کے تحت آئی ایف ایف آئی 2026 سنیما کو ایک ایسے وسیلے کے طور پر پیش کرے گا جو جغرافیائی اور ثقافتی سرحدوں سے بالاتر ہوکر متنوع کہانیوں اور مشترکہ انسانی تجربات کے ذریعے ناظرین کو ایک دوسرے سے جوڑتا ہے اور اس فن کے ذریعے باہمی ربط و ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔

***
ش ح۔ ش ت۔ش ب ن
U-7573