پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 2:44PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر تعلیم جناب پرلاد جوشی نے آج نئی دہلی میں کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن (کے وی ایس) کے تین اہم ڈیجیٹل اقدامات کا افتتاح کیا۔ ان میں مصنوعی ذہانت سے مربوط ودیا سمیکشا کیندر (وی ایس کے) کے ساتھ ’سمیکشا‘ اے آئی بوٹ، کے وی ایس سمواد پیرنٹ کنیکٹ ایپ اور ویب پورٹل، نیز کے وی ایس ایلومنائی کنیکٹ پورٹل شامل ہیں۔ یہ اقدامات ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے شفاف، مؤثر اور بہتر انتظامی نظام قائم کرنے کی جانب کے وی ایس کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔
ان اقدامات کو قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے مقاصد کی تکمیل اور ڈیجیٹل انڈیا کے وژن کو آگے بڑھانے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے، وزیر موصوف نے اس ٹیم کو مبارک باد دی اور متعلقہ شراکت داروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ان اقدامات کو مزید مستحکم بنائیں اور وسیع پیمانے پر اپنانے کے لیے ان کی افادیت کو اجاگر کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس پہل کو ہر کیندریہ ودیالیہ تک وسعت دی جائے اور اس کے دائرے میں اسکول کی تمام جماعتوں اور مقامات کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ شراکت داروں کو مسلسل سیکھنے کا طریقہ اپنانے، نتائج کا جائزہ لینے اور بہتری کے متقاضی شعبوں کی نشاندہی کرکے انہیں بہتر بنانے کی بھی ترغیب دی۔

جناب جوشی نے تجویز پیش کی کہ اس پہل کو کے وی ایس سے آگے بڑھاتے ہوئے محکمۂ اسکولی تعلیم و خواندگی (ڈی او ایس ای ایل) کے اشتراک سے اسکولی تعلیم کے پورے نظام میں توسیع دی جائے، تاکہ تمام طلبہ اس سے مستفید ہو سکیں۔ اساتذہ کی صلاحیتوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے تجویز دی کہ پورٹل میں اساتذہ کی جامع تربیت سے متعلق اعداد و شمار بھی شامل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس میں اساتذہ کی تربیت کی موجودہ صورت حال، تربیت کے درمیانی وقفے، سابقہ تربیت کا ریکارڈ اور آئندہ تربیت کی ضروریات کی تفصیلات شامل ہونی چاہئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان تفصیلات کو آن لائن پلیٹ فارم میں شامل کرنے سے نگرانی کا عمل بہتر ہوگا اور اساتذہ کی بروقت تربیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
افتتاحی تقریب میں محکمۂ اسکولی تعلیم و خواندگی (ڈی او ایس ای ایل) کے سکریٹری جناب ٹی کے ایل کمار، جوائنٹ سکریٹری محترمہ پراچی پانڈے، کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن کے کمشنر جناب وکاس گپتا اور وزارت تعلیم کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

مصنوعی ذہانت سے مربوط ودیا سمیکشا کیندر
مصنوعی ذہانت (اے آئی)سے مربوط ودیا سمیکشا کیندر (samiksha.kvs.gov.in) طلبہ اور عملے کی حاضری، تعلیمی کارکردگی، اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے اور داخلوں سے متعلق تازہ ترین معلومات پر مبنی ڈیش بورڈ فراہم کرتا ہے۔ اس کا ’سمیکشا‘ اے آئی بوٹ اعداد و شمار کا تجزیہ کرتا ہے، خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے اور ان کے ازالے کے لیے مناسب اقدامات تجویز کرتا ہے، جس سے باخبر رہتے ہوئے بروقت فیصلے کرنے میں مدد ملتی ہے۔
کے وی ایس سمواد – پیرنٹ کنیکٹ ایپ اور ویب پورٹل
کے وی ایس سمواد پیرنٹ کنیکٹ ایپ اور ویب پورٹل (samvaad.kvs.gov.in) طلبہ کی حاضری، نصاب کے مکمل ہونے سے متعلق پیش رفت، تعلیمی نتائج، تعلیمی وسائل اور طلبہ کے ڈیجیٹل شناختی کارڈ سے متعلق تازہ ترین معلومات فراہم کرکے اسکولوں کو والدین کے مزید قریب لاتا ہے۔ اس کے علاوہ طلبہ اور اساتذہ کی ڈائریوں تک رسائی کی سہولت کے ساتھ ساتھ والدین، بونافائیڈ اور بچوں کی تعلیم سے متعلق الاؤنس (سی ای اے) کے سرٹیفکیٹ اور طلبہ کی چھٹی کے لیے آن لائن درخواست بھی دے سکتے ہیں۔ اس سے کاغذی کارروائی اوربار -بار غیر ضروری طور پر اسکول جانے کی پریشانی میں کمی آئے گی اور والدین و اساتذہ کے درمیان رابطہ مزید مستحکم ہوگا۔

کے وی ایس سابق طلبہ پورٹل
کے وی ایس سابق طلبہ پورٹل (alumni.kvs.gov.in) سابق طلبہ کو اپنے اسکولوں اور ہم جماعتوں سے دوبارہ رابطہ قائم کرنے، اپنی حصولیابیوں اور تجربات کا تبادلہ کرنے اور رہنمائی، پیشہ ورانہ مشاورت اور ادارے کی ترقی میں تعاون کرنے کے لیے ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
یہ پلیٹ فارم کے وی ایس ہیڈکوارٹر کے آئی ٹی سروسز سیل نے اپنے طور پر تیار کیے ہیں۔ ان کا مقصد ضروری معلومات اور خدمات کو ایک ہی کلک پر دستیاب کرانا ہے، تاکہ والدین، طلبہ، اساتذہ اور منتظمین کا قیمتی وقت اور محنت بچائی جا سکے۔ یہ اقدامات تعلیمی خدمات کو مزید قابل رسائی، جواب دہ، شفاف اور مؤثر بنانے کے کے وی ایس کے عزم کی توثیق کرتے ہیں۔

******
ش ح۔م ش ۔ ن ع
UNO-7536