وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم 3 نومبر کو تقریباً 21,800 کروڑ روپے کے پنے میٹرو منصوبوں کا افتتاح  کریں گےاور سنگ بنیاد رکھیں گے


وزیر اعظم 8,300 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر ہونے والی پنے میٹرو لائن 3 (پنک لائن) کا افتتاح کریں گے

پنک لائن،  ہنجےواڑی آئی ٹی ہب اور شیواجی نگر کے درمیان میٹرو کنکٹی ویٹی فراہم کرے گی

پنے میٹرو لائن 3 مکمل طور پر خواتین ٹرین آپریٹروں کے ذریعے چلائی جائے گی، جبکہ اس کی بجلی کی تقریباً 30 فیصد ضروریات شمسی توانائی سے پوری کی جائیں گی

وزیر اعظم پنے میٹرو کے دوسرے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جس میں لائن 2 اے، 2 بی، 4 اور 4 اے شامل ہیں۔ اس مرحلے پر تقریباً 13,500 کروڑ روپے کی لاگت آنے کا تخمینہ ہے

پنے میٹرو کا دوسرا مرحلہ اہم رہائشی، تجارتی اور آئی ٹی مراکز کے درمیان رابطوں کو وسعت دے گا

نئے میٹرو راہداریوں کو پنے کے موجودہ میٹرو نیٹ ورک اور بین شہری بس خدمات سے مربوط کیا جائے گا، جس سے شہرمیں آمد و رفت کا نظام مزید بہتر ہوگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 NOV 2026 3:58PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 3 نومبر 2026 کو دوپہر 12 بج کر 30 منٹ پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقریباً 21,800 کروڑ روپے کے پنے میٹرو منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر وہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیر اعظم پونے میٹرو لائن 3 کا افتتاح کریں گے، جسے پنک لائن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس کی تعمیر پر 8,300 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔ یہ منصوبہ جدید ٹیکنالوجی اور نقل و حمل کے جدید ذرائع کے ذریعے پونے کے شہری آمد و رفت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

تقریباً 23 کلومیٹر طویل پنک لائن مان سے ڈسٹرکٹ کورٹ میٹرو اسٹیشن تک رابطہ فراہم کرے گی۔ یہ راہداری ہنجے واڑی کے آئی ٹی مرکز اور شیواجی نگر کے درمیان میٹرو رابطہ قائم کرے گی، جس سے پونے کے روزگار کے بڑے مراکز میں سے ایک تک رسائی آسان ہوگی اور ہزاروں آئی ٹی پیشہ ور افراد سمیت دیگر مسافروں کو روزانہ آمد و رفت میں سہولت ملے گی۔ اس راہداری کو موجودہ میٹرو نیٹ ورک سے مربوط کیا جائے گا، جس سے پونے کے مختلف علاقوں کے درمیان بلا رکاوٹ آمد و رفت ممکن ہو سکے گی۔ اس سے نجی گاڑیوں پر انحصار کم کرنے، ٹریفک جام اور گاڑیوں سے ہونے والےکاربن کے اخراج میں کمی لانے کے ساتھ ساتھ اہم تجارتی اور رہائشی علاقوں تک رسائی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

پنک لائن کی ایک نمایاں خصوصیت خواتین کو بااختیار بنانے اور عوامی نقل و حمل کے نظام میں صنفی شمولیت کو فروغ دینے پر اس کی خصوصی توجہ ہے۔ یہ میٹرو لائن مکمل طور پر خواتین ٹرین آپریٹروں کے ذریعے چلائی جائے گی، جو اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہوگا۔ اس منصوبے میں ماحولیاتی پائیداری پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے اور اس کی بجلی کی مجموعی ضروریات کا تقریباً 30 فیصد حصہ شمسی توانائی کے ذریعے پورا کرنے کا منصوبہ ہے۔

وزیر اعظم پونے میٹرو کے دوسرے مرحلے کا بھی سنگِ بنیاد رکھیں گے، جسے تقریباً 13,500 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے تیار کیا جائے گا۔ دوسرے مرحلے میں پونے میٹرو کی لائن 2 اے، 2 بی، 4 اور 4 اے شامل ہیں، جن کے ذریعے شہر کے میٹرو نیٹ ورک میں نمایاں توسیع ہوگی اور اہم رہائشی، تجارتی اور آئی ٹی مراکز کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔

دوسرے مرحلے کے تحت لائن 2 اے اور 2 بی کی مجموعی لمبائی تقریباً 12.75 کلومیٹر ہوگی۔ لائن 2 اے وناز سے چاندنی چوک تک، جبکہ لائن 2 بی رام واڑی سے وٹھل واڑی تک رابطہ فراہم کرے گی۔ اس طرح موجودہ مشرقی و مغربی میٹرو نیٹ ورک کو مزید وسعت ملے گی۔ تقریباً 25.52 کلومیٹر طویل لائن4،  کھراڑی کو کھڑک واسلا سے جوڑے گی۔ جبکہ 6.12 کلومیٹر طویل لائن 4 اے نال اسٹاپ کو مانک باغ سے مربوط کرے گی۔

نئی میٹرو راہداریاں کھراڑی، مگَر پٹہ، ہڈپسر، سوار گیٹ، مانک باغ، ناندیڑ سٹی، پنے کینٹونمنٹ اور وارجے سمیت کئی اہم علاقوں کو آپس میں جوڑیں گی۔ رام واڑی سے وٹھل واڑی تک مشرقی توسیعی راہداری سے کھراڑی اور واگھولی کے تیزی سے ترقی کرتے رہائشی، تجارتی اور آئی ٹی مراکز تک رسائی بہتر ہوگی۔ ان راہداریوں کو تبادلے کی سہولتوں کے ذریعے بین شہری بس خدمات اور پونے کے موجودہ میٹرو نیٹ ورک سے مربوط کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے سوراج گیٹ، نال اسٹاپ اور کھراڑی بائی پاس پر رابطہ مراکز قائم کیے جائیں گے، جس سے شہر کے مختلف علاقوں کے درمیان بلا رکاوٹ آمد و رفت کی سہولت میسر آئے گی۔

یہ منصوبے پونے کے عوامی نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے، شہر بھر میں آمد و رفت کے رابطوں کو بہتر بنانے اور مسافروں کو ایک مؤثر اور مربوط شہری سفری نظام فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ت ع

U.NO.7097


(ریلیز آئی ڈی: 2331661) وزیٹر کاؤنٹر : 11