محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

 حکومت نے غیر منظم شعبے کےکارکنوں  اور گیگ و پلیٹ فارم  ورکرز کے لیے قومی سماجی تحفظ بورڈ  کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 OCT 2026 10:29AM by PIB Delhi

ملک کے وسیع غیر منظم شعبے سے وابستہ افرادی قوت کو جامع سماجی تحفظ فراہم کرنے کی سمت ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے، محنت و روزگار کی وزارت نے غیر منظم شعبے کے کارکنوں اور گیگ و پلیٹ فارم  ورکرز کے لیے قومی سماجی تحفظ بورڈ کی باضابطہ تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ سماجی تحفظ کے ضابطے کے قانونی ڈھانچے کے تحت قائم کیا گیا یہ بورڈ ایک تاریخی تبدیلی کی علامت ہے، جس کے ذریعے ڈیجیٹل ذرائع سے کام کرنے والے گیگ اور پلیٹ فارم کارکنوں کو ملک کے باقاعدہ فلاحی نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس بورڈ کی صدارت  محنت و روزگار کے مرکزی وزیر کریں گے۔ اس میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں، نمایاں خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں، آجروں، سماجی تنظیموں، مزدور یونینوں اور گیگ و پلیٹ فارم کارکنوں کی ایسوسی ایشنوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ اس بورڈ کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ لاکھوں گیگ و پلیٹ فارم کارکنوں کے ساتھ ساتھ روایتی غیر منظم شعبے کے مزدوروں کو درپیش سماجی تحفظ کی کمی کو دور کرنے کے لیے مخصوص فلاحی اسکیمیں وضع کرے، ان کی نگرانی کریں اور ان کے بارے میں سفارشات پیش کرے۔

قومی سماجی تحفظ بورڈ کے اجلاس سال میں کم از کم تین مرتبہ منعقد ہوں گے۔ ان اجلاس میں امور کی انجام دہی کے طریقۂ کار سے متعلق مرکزی حکومت کے مقرر کردہ ضوابط کی پابندی بھی کی جائے گی۔

قومی سماجی تحفظ بورڈ درج ذیل فرائض انجام دے گا:

(الف) غیر منظم شعبے کے مزدوروں، گیگ کارکنوں اور پلیٹ فارم کارکنوں کے مختلف طبقات کے لیے موزوں فلاحی اسکیمیں وضع کرنے کے سلسلے میں مرکزی حکومت کو سفارشات پیش کرنا؛

(ب) اس ضابطے کے انتظام و نفاذ سے متعلق ایسے معاملات پر مرکزی حکومت کو مشورہ دینا، جنہیں اس کے سپرد کیا جائے؛

(ج) غیر منظم شعبے کے مزدوروں، گیگ کارکنوں اور پلیٹ فارم کارکنوں کے لیے مرکزی حکومت کے زیر انتظام چلائی جانے والی سماجی فلاحی اسکیموں کی نگرانی کرنا؛

(د) ریاستی سطح پر انجام دیے جانے والے ریکارڈ کے اندراج اور محفوظ رکھنے کے کاموں کا جائزہ لینا؛

(ہ) فنڈ اور کھاتے سے ہونے والے اخراجات کا جائزہ لینا؛ اور

(و) وقتاً فوقتاً مرکزی حکومت کی جانب سے سونپے گئے دیگر فرائض انجام دینا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔‏م ش ۔ن م۔

U-6940

 


(ریلیز آئی ڈی: 2330321) وزیٹر کاؤنٹر : 22