کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

محکمۂ تجارت نے برآمدات کے فروغ کے مشن کے تحت   ’ریلیف ‘  اقدام کی مدت  31  مارچ ، 2027 ء  تک توسیع کی


’ ریلیف  ‘ کے جزو دوم کے تحت  95  فی صد خطرات کے تئیں  تحفظ فراہم کیا جائے گا، تاکہ برآمدی کھیپوں کے لیے ای سی جی سی کا بیمہ تحفظ حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کی جا سکے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 26 OCT 2026 1:50PM by PIB Delhi

تجارت  کے محکمے نے برآمدات کو  فروغ  دینے سے متعلق مشن  ( ای پی ایم )  کے تحت  ، وقت کی ایک مقررہ مدت کے لیے شروع کیے گئے اقدام  ’ریلیف ‘  ( برآمدات میں سہولت کے لیے استحکام اور رسد سے متعلق  اقدامات   یعنی ریزیلینس اینڈ لاجسٹکس انٹر وینشن فار ایکسپورٹ فیسلٹیشن – آر ای ایل آئی ای ایف ) کے جزو دوم کی مدت  31  مارچ ،  2027 ء  تک بڑھا دی ہے۔ اس توسیع کا اعلان  30  ستمبر  ، 2026  ء کو جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر  37/2026-27  کے ذریعے کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مغربی ایشیا میں مسلسل جاری جغرافیائی و سیاسی رکاوٹوں اور خلیجی خطے اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سمندری نقل و حمل اور رسد پر  ، ان کے اثرات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

اس اقدام کے جزو دوم کا مقصد مخصوص علاقوں میں آئندہ برآمدی کھیپوں کے لیے برآمد کنندگان کو ایکسپورٹ کریڈٹ گارنٹی کارپوریشن آف انڈیا ( ای سی جی سی )  کا بیمہ تحفظ حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔ اس کے تحت خطرات کے تئیں  95  فی صد تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ یہ سہولت انفرادی پالیسیوں اور مجموعی کاروبار پر مبنی پالیسیوں کے لیے دستیاب ہے، جو 16  مارچ ،  2026  ء یا اس کے بعد حاصل کی گئی ہوں۔ اس جزو کے تحت اہل برآمد کنندگان کو بیمے کے لیے ادا کیے جانے والے پریمیم میں، مقررہ مدت کے دوران، رکاوٹوں سے پہلے کی سطح سے زیادہ اضافے کے اثرات سے تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس بیمہ تحفظ میں مکمل کنٹینر لوڈ  ( ایف سی ایل  ) ، جزوی کنٹینر لوڈ  ( ایل سی ایل )  اور ریفریجریٹڈ  (  درجۂ حرارت برقرار رکھنے والے )  کنٹینرز کے ذریعے بھیجے جانے والے سامان کی اقسام شامل ہیں، تاہم توانائی سے متعلق کھیپ ، اس میں شامل نہیں ہیں۔

’ ریلیف  ‘ اقدام کے تحت بیمہ تحفظ حاصل کرنے کے خواہش مند برآمد کنندگان کو اپنے دعوے اور ان سے متعلق ضروری دستاویزات ای سی جی سی کے صارفین کے پورٹل www.ecgcltd.in کے ذریعے جمع کرانا ہوں گی۔ صارف شناختی نمبر اور خفیہ لفظ بنانے، برآمد کنندگان کے طور پر اندراج مکمل کرنے اور اس اقدام کے تحت دعوے جمع کرانے کے طریقے سے متعلق رہنمائی ای سی جی سی کے سرکاری یوٹیوب چینل @ecgcltd7016  پر خصوصی ویڈیو رہنما ہدایات کے ذریعے دستیاب ہے۔

19  مارچ  ، 2026 ء  کو شروع کیا گیا ریلیف اقدام ایک خصوصی تدبیر ہے، جس کا مقصد خلیجی خطے اور مغربی ایشیا کے وسیع تر سمندری راستوں میں رکاوٹوں کے باعث غیرمعمولی طور پر مال برداری کے اخراجات میں اضافے، بیمے کے زیادہ پریمیم اور جنگ سے متعلق برآمدی خطرات کا سامنا کرنے والے  بھارتی برآمد کنندگان کی مدد کرنا ہے۔

ریلیف اقدام کی مدت میں توسیع سے حکومت کے اس عزم کا اظہار ہوتا ہے کہ برآمدات کو مشکلات کا سامنا کرنے کے باوجود مستحکم رکھنے، تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے اور جغرافیائی و سیاسی حالات اور سمندری رسد سے متعلق غیر یقینی صورتِ حال کے دوران  بھارتی برآمد کنندگان کی مدد کرنے کے لیے اقدامات کیے جاتے رہیں گے۔

 

--------------------------------

 ( ش ح ۔   م م  ۔ ع ا )

U.No. 6694

 


(ریلیز آئی ڈی: 2328550) وزیٹر کاؤنٹر : 11