پوسٹ کرنے کی تاریخ:
26 OCT 2026 2:42PM by PIB Delhi
گورنمنٹ ای-مارکیٹ پلیس (جی ای ایم)دی آبھار کلیکشن کو فروغ دے رہا ہے۔ یہ ایک خصوصی ڈیجیٹل اسٹور فرنٹ ہے، جہاں ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والے منتخب تحائف اور ہیمپرز دستیاب ہیں۔ اس کلیکشن میں’ون ڈسٹرکٹ، ون پروڈکٹ (او ڈی او پی) پہل اور ’جغرافیائی شناخت(جی آئی)‘ٹیگ سے وابستہ مصنوعات شامل ہیں۔ اس سے سرکاری خریداروں کو مختلف علاقوں کی مخصوص مصنوعات تک آسانی سے رسائی حاصل ہوتی ہے، ساتھ ہی دستکاروں، بنکروں، دیہی صنعت کاروں اور خواتین کی قیادت والے کاروباری اداروں کو بھی تعاون ملتا ہے۔
اس کلیکشن میں ریاستی اور مرکزی سطح کے 10 ہینڈلوم اور دستکاری ایمپوریمز کے 294 پروڈکٹ کیٹلاگ شامل ہیں۔ ان میں سینٹرل کاٹیج انڈسٹریز ایمپوریم کا ’کاٹیج‘، کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز کمیشن کا ’کھادی انڈیا‘، گروی گرجری(گجرات)، ہِم کرافٹس(ہماچل پردیش)، جھارکرافٹ(جھارکھنڈ)، کاویری(کرناٹک)، مرگ نینی(مدھیہ پردیش)، مرہاٹی (مہاراشٹر)، پورو شری(شمال مشرق)اور پومپوہار (تمل ناڈو)شامل ہیں۔
سات مزید سرکاری ایمپوریمز اور تنظیمیں فروخت کنندگان کی آن بورڈنگ کا عمل مکمل کرنے کے آخری مرحلے میں ہیں۔ اس کے بعد وہ ’آبھار کلیکشن‘اسٹور فرنٹ کے ذریعے اپنی خصوصی مصنوعات پیش کر سکیں گی۔ ان میں کافی بورڈ، منجوشا اور بسوا بنگلہ(مغربی بنگال)، جموں و کشمیر ہینڈلوم اینڈ ہینڈی کرافٹس مارکیٹنگ کارپوریشن لمیٹڈ ، میراکائی (ناگالینڈ)، اتکلِکا (اڈیشہ)اور پنتھوئیبی (منی پور)شامل ہیں۔ ان کے پروڈکٹ کیٹلاگ شامل ہونے سے اس کلیکشن میں علاقائی تنوع اور مصنوعات کی وسیع تر رینج میں مزید اضافہ ہوگا۔
اس کلیکشن میں دستکاری، ہینڈلوم، روایتی غذائی اشیا، پینٹری کا سامان اور ذاتی نگہداشت (پرسنل کیئر)کی مصنوعات شامل ہیں۔ یہ سرکاری خریداروں کو سرکاری تقریبات، کانفرنسوں، ریاستی سطح کے پروگراموں، غیر ملکی وفود، ملازمین کی اعزازی تقریبات، سبکدوشی کی تقریبات اور تہواروں کے مواقع پر تحائف دینے کے لیے متعدد اختیارات فراہم کرتا ہے۔
’آبھار کلیکشن 2026‘پہل کے آغاز کے موقع پر جی ای ایم کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب مہر کمار نے کہا، ’’آبھار کلیکشن مقامی فنون اور دستکاری کی تشہیر اور ان کی نمایاں حیثیت کو بڑھانے کی سمت میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ ہندوستانی ورثے اور ثقافت کے مالا مال تنوع کو پیش کرتا ہے اور مرکزی و ریاستی سطح کے دستکاری اور ہینڈلوم ایمپوریمز کے نیٹ ورک کے ذریعے ان فروخت کنندگان کے گروپوں کو بااختیار بناتا ہے، جنہیں اب تک خاطر خواہ مواقع نہیں مل سکے تھے۔‘‘
جولائی 2024 میں ’دی آبھار کلیکشن‘کے آغاز اور موجودہ مہم کے پس پشت مقصد کی وضاحت کرتے ہوئے، جی ای ایم کے ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور سماجی شمولیت کے انچارج جناب اجیت بی۔ چوہان نے کہا، ’’اس کا مقصد ملک کے دستکاروں کے ایکو سسٹم کو جی ای ایم پر موجود ہیش ووکل فار لوکل اسٹور فرنٹ کے ذریعے ملک کے سرکاری خریداری کے نظام سے جوڑ کر انہیں ایک مؤثر بازار فراہم کرنا تھا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کلیکشن مختلف وزارتوں، محکموں، سرکاری شعبے کے اداروں اور دیگر سرکاری خریداروں کو اپنی تحائف سے متعلق ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، ساتھ ہی مقامی مصنوعات اور روزگار کے ذرائع کو بھی فروغ دیتا ہے۔
سرکاری خریدار https://gem.gov.in/Aabhar پر جا کر اس کلیکشن کا جائزہ لے سکتے ہیں اور ہیش ووکل فار لوکل گفٹ ہیمپرز خرید کر ہندوستان کے ثقافتی ورثے اور مقامی کاروباری اداروں کو فروغ دینے میں اپنا تعاون دے سکتے ہیں۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ت ع
U.NO.6696