پوسٹ کرنے کی تاریخ:
23 OCT 2026 3:13PM by PIB Delhi
نئی دہلی میں پارلیمنٹ کے احاطے میں واقع پریرنا استھل پر آج مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے و جل شکتی اور تمکورو کے رکنِ پارلیمنٹ، جناب وی۔ سومنا کی قیادت میں کِتور کی رانی چنّما کے یومِ پیدائش اور ان کی 202ویں یومِ فتح کی تقریبات نہایت شان و شوکت کے ساتھ منائی گئیں۔

اس تقریب میں لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا، مرکزی وزیر برائے جل شکتی جناب سی آر پاٹل، اراکین پارلیمنٹ جناب پی سی موہن اور ڈاکٹر سدھاکر، سابق وزراء جناب مروگیش نیرانی اور جناب بسنا گوڑا پاٹل یتنال، نئی دہلی میں کرناٹک کے سابق خصوصی نمائندے جناب شنکر گوڑا پاٹل، کڈلا سنگم کے پوجیہ شری بسوا مرتیونجے سوامی جی، شری شنکرانند سوامی جی (شری سدھارودھا مٹھ، آلورو، بیدر)، شری آتما رام سوامی جی (شری گردیو آشرم، ککّاماری) اور شری وِنایک سوامی جی (شری سدھارودھا مٹھ، چلاکا پورہ) نے شرکت کی۔ اس موقع پر کرناٹک کے مختلف اضلاع اور دہلی سے آئے کنڑ باشندوں کی بڑی تعداد نے بھی رانی چنّما کو پھولوں کا نذرانہ پیش کرکے خراج عقیدت پیش کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب وی۔ سومنا نے کِتور کی بہادر ملکہ رانی چنّما کے یومِ پیدائش اور ان کی جانب سے انگریزوں کے خلاف حاصل کی گئی فتح کی 202ویں سالگرہ کے موقع پر ملک کے عوام کو دلی مبارک باد پیش کی۔ انھوں نے رانی چنّما کو ملک کی بے مثال خاتون مجاہدہ قرار دیا۔
انھوں نے اس تقریب میں شرکت کرکے اس کی شان و شوکت میں اضافہ کرنے پر لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا اور مرکزی وزیر جناب سی آر پاٹل کا تمام کنڑ باشندوں کی جانب سے شکریہ ادا کیا۔
وزیر موصوف نے کہا، ’’کتور کی رانی چنّما محض ایک ایسی ملکہ نہیں تھیں جنھوں نے جنگ لڑی، بلکہ انھوں نے ایک سامراجی طاقت کو چیلنج کیا اور تاریخ میں مزاحمت کی ایک لازوال علامت کے طور پر اپنا نام درج کرایا۔ یہ ہمارے لیے بے حد مسرت کی بات ہے کہ ہمیں ایسی بہادر خاتون کی کامیابیوں کا جشن منانے کا موقع ملا ہے۔‘‘
انھوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’’بھارتی پارلیمنٹ کے اس مقدس مقام پر ویر ونیتے رانی چنّما کی شجاعت، بہادری اور عزم و حوصلے کی داستان آج بھی ملک کی حفاظت کرنے والے جانبازوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ یہ ہم سب کے لیے باعث فخر ہے، خصوصاً ان لوگوں کے لیے جو اپنی سرزمین اور زبان سے محبت کرتے ہیں۔ آئیے، ہم سب ہر سال یہاں جمع ہوں اور ایسی عظیم شخصیات کو یاد کرکے انھیں خراجِ عقیدت پیش کریں۔‘‘
انھوں نے ریاست کے عوام کی جانب سے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے ہر سال اس تقریب کے انعقاد کی اجازت دی اور سب کے لیے تحریک و ترغیب کا سرچشمہ بنے۔
انھوں نے اجازت اور تعاون فراہم کرنے پر لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا، لوک سبھا اور وزارت ریلوے کے عہدیداروں اور وزیر ریلوے جناب اشونی ویشنو کا بھی شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پوجیہ شری بسوا مرتیونجے سوامی جی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں واقع پریرنا استھل پر ہر سال اس طرح کی تقریب منعقد کرنے کے لیے مرکزی وزیر جناب وی سومنا کی پہل پر دلی مسرت کا اظہار کیا۔
***
ش ح۔ش ت ۔ م الف
U. No- 6573