پوسٹ کرنے کی تاریخ:
22 OCT 2026 4:03PM by PIB Delhi
بھارت کی پارلیمنٹ26 اور 27 اکتوبر 2026 کو سمودھان سدن کے مرکزی ہال میں 12ویں برکس پارلیمانی فورم کی میزبانی کرے گی۔ اس کانفرنس کا افتتاح 26 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے کہا کہ یہ کانفرنس بھارت کی پارلیمانی سفارت کاری کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ اس میں برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کی پارلیمانوں کے صدور و سربراہان اور پارلیمانی رہنما، مرکزی وزرا، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش، ریاستی مقننہ کے صدور و سربراہان، ارکانِ پارلیمنٹ اور دیگر معزز شخصیات شرکت کریں گی۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے بتایا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی اس تقریب میں شرکت کریں گے اور دورہ کرنے والے وفود کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے دوران دورہ کرنے والے وفود کے رہنماؤں اور پارلیمانی دوستی گروپوں کے ساتھ دو طرفہ اور کثیر جہتی ملاقاتیں بھی ہوں گی۔ 12ویں برکس پارلیمانی فورم کے مشترکہ اعلامیے کو حتمی شکل دینے کے لیے25 اکتوبر 2026 کو وفود کے سکریٹریوں کی ایک میٹنگ منعقد کی جائے گی۔
پروگرام کے مرکزی موضوع کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فورم میں‘عوام پر مرکوز ترقی کے لیے پارلیمانوں کو مضبوط بنانا’کے وسیع تر موضوع پر غور و خوض کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ برکس پارلیمانی فورم کی سابقہ روایات کو آگے بڑھاتے ہوئے 12واں برکس پارلیمانی فورم درج ذیل چار اعلیٰ سطحی اجلاسوں کے ذریعے اتفاقِ رائے پر مبنی مکالمے کو فروغ دے گا:
(i) استحکام: بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے اداروں کو مضبوط بنانے میں پارلیمانوں کا کلیدی کردار۔
(ii) جدت طرازی: پارلیمانوں کے ذریعے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز میں انسانی مرکزیت پر مبنی جدت طرازی کو فروغ دینا۔
(iii) تعاون: پارلیمانی تعاون کے ذریعے عالمی طرزِ حکمرانی کے نظام کو مزید نمائندہ بنانا۔
(iv) پائیداری: اپنے ممالک کے لیے پائیدار اور جامع مستقبل کو یقینی بنانے میں پارلیمانوں کا کردار۔
اس کے علاوہ، برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک کی پارلیمانوں کی بین الاقوامی امور سے متعلق کمیٹیوں کے چیئرپرسنز کا ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا، جس میں پارلیمانی سفارت کاری، صلاحیت سازی اور بہترین طریقۂ کار کے تبادلے پر غور و خوض کیا جائے گا۔
جناب برلا نے مزید بتایا کہ اعلیٰ سطحی عمومی اجلاسوں، متوازی اجلاسوں اور دو طرفہ تبادلۂ خیال کے ساتھ ساتھ کانفرنس میں ایک ثقافتی پروگرام بھی شامل ہوگا۔ بھارت کے نائب صدر جمہوریہ معزز مہمانوں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کریں گے۔
وفود کے ارکان بھارت کی پارلیمنٹ کا دورہ کریں گے اور دہلی میں ثقافتی مقامات کی سیر بھی کریں گے۔ کانفرنس کا اختتام 27 اکتوبر کو ہوگا۔
*******
) ش ح – رک )
U.NO- 6486