کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تجارت و صنعت  کےوزیرجناب پیوش گوئل جرمنی اور نیدرلینڈز کا دورہ کریں گے


بھارت، جرمنی اور نیدرلینڈز کے ساتھ صنعتی اور تکنیکی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرے گا

جناب پیوش گوئل کے جرمنی اور نیدرلینڈز کے دورے میں تقریباً 100 کاروباری اداروں اور اسٹارٹ اَپس کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ ہوں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 21 OCT 2026 5:38PM by PIB Delhi

مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے، دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے اور صنعتی و تکنیکی تعاون کو فروغ دینے کے لیے جرمنی( 22 سے 24 اکتوبر 2026 )اور نیدرلینڈز(24 سے 27 اکتوبر 2026 )کا سرکاری دورہ کریں گے۔

دورے کے دوران برلن میں جناب پیوش گوئل، برلن گلوبل ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے، جہاں وہ بین الاقوامی پالیسی سازوں اور عالمی کاروباری رہنماؤں کے ساتھ تبادلۂ خیال کرتے ہوئے بھارت کے معاشی استحکام، مینوفیکچرنگ کی صلاحیتوں اور عالمی سپلائی چین کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں بھارت کے کلیدی کردار کو اجاگر کریں گے۔ اس سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر موصوف جرمنی کے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و توانائی  اور جرمنی کے وفاقی چانسلری میں اقتصادی و مالیاتی پالیسی کے مشیر اور جی 7/جی 20 کے شیرپا کے ساتھ اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط کو مضبوط بنانے، جدید انجینئرنگ، ماحول دوست نقل و حرکت اور صاف ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تکنیکی و صنعتی تعاون کو تیز کرنے، نیز بھارت اور یورپی یونین کے درمیان جاری آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے منڈی تک رسائی اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

اس کے بعد نیدرلینڈز کے دورے کے دوران جناب پیوش گوئل دی ہیگ میں حکومت سے حکومت کی سطح پر جامع مذاکرات کی قیادت کریں گے۔ اس سلسلے میں وہ اقتصادی امور و آب و ہوا کے وزیر اور وزیر برائے خارجہ تجارت و ترقیاتی تعاون کے ساتھ دو طرفہ وزارتی ملاقاتیں کریں گے، جن میں تجارت کے نئے راستے کھولنے اور ماحول دوست تبدیلی کے اقدامات کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دورے میں شمالی ہالینڈ کے کنگز کمشنر اور ڈچ پارلیمنٹ کی خارجہ تجارت اور یورپی امور سے متعلق کمیٹیوں کے ارکان کے ساتھ اہم تبادلۂ خیال بھی شامل ہوگا۔

جناب پیوش گوئل کے ہمراہ جرمنی اور نیدرلینڈز کے دورے پر تقریباً 100 کاروباری اداروں اور اسٹارٹ اَپس کے نمائندے بھی جائیں گے۔ وزیر موصوف کے ساتھ جانے والے بھارتی کاروباری وفد کا برلن میں ایک متوازی پروگرام ہوگا، جس میں جرمنی کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) اور بھارتی کاروباری نمائندوں کے ساتھ مختلف شعبوں سے متعلق گول میز اجلاس شامل ہوں گے۔ ان میٹنگوں میں آٹوموبائل، جدید مینوفیکچرنگ، بنیادی ڈھانچے اور توانائی؛ انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور خدمات؛ زرعی و غذائی مصنوعات، اشیائے صرف اور ٹیکسٹائل؛ نیز صحت کی دیکھ بھال، ادویہ سازی اور فلاح و بہبود جیسے شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ یہ وفد جرمنی ٹریڈ اینڈ انویسٹ کے ساتھ بھارت۔جرمنی سرمایہ کاری سے متعلق گول میز اجلاس میں بھی شرکت کرے گا، جس میں جرمنی میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیاں قائم کرنے کے موضوع پر تبادلۂ خیال ہوگا۔ وفد کے ارکان صنعتی تبدیلی، جدید ترین ٹیکنالوجی، مائیکرو الیکٹرانکس، ہنرمندی کی ترقی اور بھارت۔جرمنی تجارت، سرمایہ کاری اور مستحکم سپلائی چین سے متعلق امور پر جرمنی کے جدت طرازی اور تحقیقی اداروں نیز پالیسی ساز اداروں کے ساتھ بھی تبادلۂ خیال کریں گے۔

بھارتی کاروباری وفد 25 اکتوبر 2026 کو روٹرڈیم کی بندرگاہ کا دورہ بھی کرے گا، جہاں وہ بندرگاہ کے رسدسے متعلق انتظامات اور سپلائی چین کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لے گا۔ 26 اکتوبر 2026 کو جناب پیوش گوئل دی ہیگ میں منعقد ہونے والے بھارت۔نیدرلینڈز کاروباری فورم سے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے کاروباری نمائندے اور نیدرلینڈز کے وزیر برائے خارجہ تجارت و ترقیاتی تعاون بھی موجود ہوں گے۔ کاروباری فورم کے بعد چھ متوازی گول میز اجلاس اور کاروباری اداروں کے درمیان رابطوں کے لیے نیٹ ورکنگ سیشن منعقد ہوں گے۔ ان میں زرعی و غذائی مصنوعات اور فوڈ پروسیسنگ؛ اعلیٰ ٹیکنالوجی اور جدت طرازی؛ پائیداری اور قابلِ تجدید توانائی، رسدسے متعلق انتظامات اور سپلائی چین کے روابط؛ مینوفیکچرنگ، ادویہ سازی، ٹیکسٹائل اور انجینئرنگ مصنوعات، نیز خدمات اور ان سے متعلقہ شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

******

 (ش ح ۔ ع و  ۔ص ج )

U. No.6417


(ریلیز آئی ڈی: 2326080) وزیٹر کاؤنٹر : 12
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati