کامرس اور صنعت کی وزارت
مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے نوجوانوں سے بھارت کے مصنوعی ذہانت کے سفر کو آگے بڑھانے کی اپیل کی
مضبوط سپلائی چین اور منصفانہ تجارتی طریقے عالمی سرمایہ کاری کے لیےبھارت کی حیثیت کو مستحکم کرتے ہیں:جناب گوئل
بھارت کے نوجوانوں کو مستقبل میں روزگار کے مواقع کے لیے خود کو تیار کرنے کی غرض سے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، سائبر سیکیورٹی اور مسلسل سیکھنے پر توجہ دینی چاہیے: جناب گوئل
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 OCT 2026 3:06PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے بھارتی نوجوانوں سے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے، اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنانے اور 2047 تک ترقی یافتہ ملک بننے کی جانب بھارت کے سفر میں اپنا تعاون دینے کی اپیل کی۔ انھوں نے ‘ترقی یافتہ بھارت کی راہیں’ کے موضوع پر ایس آر سی سی صد سالہ کانکلیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی کو اپنانے اور ہنر مندی کی ترقی میں سرمایہ کاری سے بھارتی نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا ہوں گے اور عالمی معیشت میں ملک کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔
جناب گوئل نے کہا کہ سیاسی استحکام، مضبوط سپلائی چین اور منصفانہ و شفاف تجارتی طریقوں کی بنیاد پر ممالک کو مینوفیکچرنگ اور سرمایہ کاری کے مراکز کے طور پر تیزی سے جانچا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کے پاس سرمایہ کاری کو راغب کرنے، مینوفیکچرنگ کو وسعت دینے اور نئی ٹیکنالوجیز اپنانے کا موقع ہے۔ اس میں شمالی اور شمال مشرقی بھارت بھی شامل ہیں، جہاں روزگار پیدا کرنے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے امکانات موجود ہیں۔
انھوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مصنوعی ذہانت (اے آئی)، سائبرسیکیورٹی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے عملی استعمال میں مہارت حاصل کرکے روزگار کے بدلتے ہوئے منظرنامے کے لیے خود کو تیار کریں۔ جناب گوئل نے کہا کہ بڑے لسانی ماڈلز اور مصنوعی ذہانت کے دیگر نظاموں کو ایسے عملی آلات میں ڈھالنے کی ضرورت ہوگی جنھیں کاروباری ادارے اور عام شہری استعمال کرسکیں۔ بھارت میں1990 اور 2000 کی دہائیوں کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی کی مثال دیتے ہوئے انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نئی ٹیکنالوجیز کو صرف اپنانے تک محدود رہنے کے بجائے ان کی تیاری اور عملی استعمال میں قائدانہ کردار ادا کریں۔
جناب گوئل نے مسلسل سیکھنے اور ذاتی ترقی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انھوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کو زندگی بھر کی ذمہ داری سمجھیں اور ابھرتے ہوئے مواقع کی نشاندہی کریں، جن کے ذریعے وہ کاروبار کی ترقی، کاروبار کرنے میں آسانی اور زندگی گزارنے میں سہولت پیدا کرنے میں اپنا تعاون دے سکیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی نوجوان مختلف شعبوں میں تکنیکی ترقی کو عملی حل میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ترقی یافتہ بھارت2047 کے وژن کو اجاگر کرتے ہوئے جناب گوئل نے کہا کہ بھارت کی آزادی کی صد سالہ سالگرہ تک ملک کو ترقی یافتہ بنانے کا ہدف 1.4 ارب بھارتی کے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ سابق صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی جانب سے احساسِ کمتری اور شکست خوردہ سوچ پر قابو پانے کی اپیل کا حوالہ دیتے ہوئے انھوں نے اعتماد، بلند عزائم اور ملک کے تئیں مثبت نقطۂ نظر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے بھارت کے مستقبل کی تشکیل میں ملک کی ثقافت، روایات اور ورثے کے کردار کا بھی ذکر کیا اور شہریوں کے درمیان اجتماعی کوششوں اور احساسِ فرض کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ جناب گوئل نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ بلند اہداف مقرر کریں اور اپنی انفرادی امنگوں کا تعین کریں۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں کی مشترکہ کوششیں بھارت کو ایک سرکردہ عالمی طاقت بنانے میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔
جناب گوئل نےبھارتی نوجوانوں کے کاروباری جذبے کو اجاگر کیا، خاص طور پر ان نوجوانوں کو جو نئے کاروبار شروع کر رہے ہیں، خطرات مول لے رہے ہیں، چیلنجوں کا سامنا کر رہے ہیں اور اختراعی حل تلاش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ نوجوان کاروباری افراد کی توانائی، عزم اور بلند حوصلے ہندوستان کی بدلتی ہوئی امنگوں کی عکاسی کرتے ہیں اور عالمی معیشت کے ساتھ ملک کے بڑھتے ہوئے روابط میں اپنا تعاون دیتے ہیں۔
انھوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ نوجوان آبادی، آبادیاتی فوائد، وسیع گھریلو منڈی اور کاروباری جذبے کی بدولت بھارت آئندہ 20 سے 25 برسوں کے دوران دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں شامل رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی پیشہ ور افراد عالمی کاروبار، تکنیکی ترقی اور سائنسی تحقیق میں اپنا تعاون دے رہے ہیں، جو عالمی اقتصادی اور تکنیکی منظرنامے کی تشکیل میں بھارت کے بڑھتے ہوئے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
آزاد تجارتی معاہدوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا، امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تجارتی معاہدے کے پہلے مرحلے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اب اس کے آخری پہلوؤں اور قانونی مسودے پر کام جاری ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم اپنے حریف ممالک کے مقابلے میں مسابقتی برتری حاصل کرنے کے بعد جلد ہی اسے حتمی شکل دے کر نافذ العمل بنا سکیں گے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر جناب گوئل نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم کی ذمہ داری خود اٹھائیں، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے مطابق خود کو ڈھالیں اور ملک کی ترقی میں اپنا تعاون دیں۔ انھوں نے کہا کہ مسلسل کوششوں، بلند اہداف اور نئے چیلنجوں کو قبول کرنے کے جذبے سے بھارتی نوجوان ترقی یافتہ بھارت2047 کے وژن کو حقیقت میں بدلنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔
****
) ش ح – رک )
U.NO- 6149
(ریلیز آئی ڈی: 2323850)
وزیٹر کاؤنٹر : 15