وزارت دفاع
مرکزی وزیر دفاع نے 2026 کے ایشیائی کھیلوں میں ریکارڈ 27 تمغے جیتنے پر مسلح افواج کے کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 OCT 2026 1:52PM by PIB Delhi
دفاع کے مرکزی وزیر جناب راج ناتھ سنگھ نے 12 اکتوبر 2026 کو دفاعی افواج کے ان کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا جنہوں نے حال ہی میں جاپان میں اختتام پذیر ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں 27 تمغے حاصل کئے۔ ان میں 6 سونے، 11 چاندی اور 10 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ صارفین کے امور، خوراک اور عوامی نظامِ تقسیم کے مرکزی وزیر جناب پرہلاد جوشی نے بھی اس تقریب میں شرکت کی، جس کا اہتمام اس باوقار بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے میں مسلح افواج کی اب تک کی بہترین کارکردگی کا جشن منانے کے لئے کیا گیا تھا۔ تینوں مسلح افواج کے مجموعی طور پر 92 کھلاڑیوں نے 19 کھیلوں کے شعبوں میں حصہ لیا اور ہندوستان کو مجموعی درجہ بندی میں چوتھا مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہندوستانی دستے نے مجموعی طور پر 85 تمغے جیتے، جن میں 21 سونے، 27 چاندی اور 37 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
_20261012135340_893944.jpeg)
_20261012135352_d2d3ff.jpeg)
نئی دہلی میں ایک تقریب کے دوران کھلاڑیوں سے بات چیت کرتے ہوئے، وزیر دفاع نے ان کی کامیابی کا سہرا نظم و ضبط، سخت محنت، ٹیم کے جذبے اور کھیلوں میں بہترین کارکردگی کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمغہ جیتنے کے لئے بے پناہ لگن، صبح سویرے ٹریننگ، ورزش گاہ میں مشق، چوٹوں، صحت یابی اور مسلسل کوششوں سے گزرنا پڑتا ہے۔ اس دوران کھلاڑیوں کو اپنی یونٹ کی ذمہ داریوں اور کھیلوں کی تیاریوں میں توازن برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے اہل خانہ سے دور بھی رہنا پڑتا ہے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے ان کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے، جنہوں نے مقابلوں میں حصہ تو لیا لیکن تمغہ نہیں جیت سکے، اس بات پر زور دیا کہ اصل شکست ہمت ہارنے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شریک کھلاڑی نے کسی نہ کسی سطح پر ملک اور دفاعی افواج کا وقار بڑھانے میں اہم رول ادا کیاہے۔ مسلح افواج کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابیاں آئندہ نسلوں کے لئے تحریک کا ذریعہ بنتی رہیں گی۔
_20261012135530_2c077e.jpeg)
وزیر دفاع نے باصلاحیت کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے، سائنسی بنیادوں پر تربیت فراہم کرنے، عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولتیں مہیا کرانے اور بین الاقوامی مقابلوں کے لئے تیار کرنے میں مشن اولمپک ونگ کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کوچوں، معاون عملے، معالجین، ماہرینِ غذائیت اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ کی خدمات کو بھی سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی کھلاڑی تنہا عالمی چیمپئن نہیں بنتا ہے۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے ہندوستان میں کھیلوں کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بنیادی ڈھانچے، جدید تربیتی سہولتوں اور کھلاڑیوں کے لئے بہتر مواقع کی فراہمی پر مسلسل توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقصد صرف کھیلوں میں شرکت کرنے والوں کی تعداد بڑھانا نہیں، بلکہ عالمی کھیلوں کے میدان میں ہندوستان کو ایک سرکردہ طاقت کے طور پر قائم کرنا ہے۔
_20261012135549_aa90c3.jpeg)
ہندوستانی کھیلوں میں مسلح افواج کی نمایاں خدمات کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر دفاع نے کہا کہ دفاعی افواج نے مسلسل ایسے کھلاڑی پیدا کئے ہیں جو نہ صرف جسمانی صلاحیتوں میں ممتاز ہیں بلکہ مشکل حالات میں نظم و ضبط، صبر، قیادت اور اپنے مقاصد کے حصول کے لئے غیر متزلزل عزم کا بھی مظاہرہ کرتے ہیں۔
جناب راج ناتھ سنگھ نے 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس کے لئے مرکوز اور منظم حکمتِ عملی اپنانے کی اپیل کی اور تربیت کاروں اور معاون عملے پر زور دیا کہ وہ لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ کھلاڑیوں کی رہنمائی جاری رکھیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے اعلیٰ اہداف مقرر کرنے اور 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں اس سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔
اس موقع پر بری فوج کے سربراہ جنرل دھیرج سیٹھ اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔
2026 کے ایشیائی کھیلوں میں مسلح افواج کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑی
ہندوستان کے جیتے گئے کل تمغوں میں مسلح افواج کے کھلاڑیوں کا حصہ 32 فیصد رہا، جبکہ سونے کے تمغوں میں ان کی حصہ داری 28.57 فیصد رہی۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں نائب صوبیدار نیرو ڈھانڈا شامل ہیں، جنہوں نے دو سونے اور ایک چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہ ان کھیلوں میں خواتین کے انفرادی ٹریپ مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بن گئیں۔ نائب صوبیدار گل ویر سنگھ نے دو چاندی اور ایک کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ اس طرح وہ ایشیائی کھیلوں کے ایک ہی ایڈیشن میں تین انفرادی تمغے جیتنے والے پہلے ہندوستانی مرد ایتھلیٹ بن گئے۔ حوالدار ساون بروال نے مردوں کی میراتھن میں 2 گھنٹے 11 منٹ 37 سیکنڈ کے قومی ریکارڈ وقت کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا اور اس طرح میراتھن میں ایشیائی کھیلوں کے تمغے کے لئے ہندوستان کا 44 سالہ انتظار ختم کیا۔ نائب صوبیدار سرویش کشارے نے بھی مردوں کے اونچی چھلانگ کے مقابلے میں ایک تاریخی تمغہ حاصل کیا۔ اس مقابلے میں ہندوستان نے 56 سال بعد تمغہ جیتا۔
_20261012135649_257347.jpeg)
***
ش ح۔ ک ا۔ ن ع
U.NO.5013
(ریلیز آئی ڈی: 2322288)
وزیٹر کاؤنٹر : 17