پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 OCT 2026 1:37PM by PIB Delhi
نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر محترم ڈاکٹر منسکھ منڈاویا نے وارانسی میں 'فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل' کے 94 ویں ایڈیشن کی قیادت کی، جس میں منشیات سے پاک نوجوانوں اور ایک صحت مند بھارت کے پیغام کو عام کرنے کے لیے 500 سے زائد سائیکل سواروں اور 1,000 سے زیادہ شرکاء نے حصہ لیا۔ یہ تقریب 'نشہ مکت یووا فار وکست بھارت' کے موضوع پر مرکوز تھی، جس میں 2026 کے آئیچی ناگویا ایشین گیمز کے تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں بشمول محترمہ پراچی چودھری، محترمہ پارول چودھری، شری جے کمار اور جناب راج کمار پال نے بھی شرکت کی۔

اس تقریب کا آغاز صبح 6:00 بجے نمو گھاٹ پر ایک مراقبہ سیشن سے ہوا جس کی قیادت ڈاکٹر نویدیتا شریَنس ڈائریکٹر، یوتھ افیئرز، ہارٹ فلنس انسٹی ٹیوٹ، کانہا شانتی ونم، حیدرآباد نے کی۔ اس سیشن میں صحت مند زندگی گزارنے کے لیے جسمانی فٹنس کے ساتھ ساتھ دماغی سکون اور تندرستی کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ اس کے بعد کتھک رقص کی ایک شاندار کارکردگی اور جوش و خروش سے بھرپور زومبا سیشن کا اہتمام کیا گیا، جس نے مکمل صحت اور تندرستی کو فروغ دینے کے لیے ثقافتی اظہار، جسمانی حرکت اور عوامی شرکت کو ایک جگہ جمع کر دیا۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے، ڈاکٹر منڈاویا نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ فٹنس کو اپنے روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنائیں اور صحت مند طرزِ زندگی کو اپنائیں۔ منشیات سے پاک معاشرے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، وزیر موصوف اور شرکاء نے 'نشہ مکت بھارت' کا عہد لیا، اور منشیات کے استعمال کے خلاف لڑنے اور منشیات سے پاک نسل تیار کرنے کے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔ خطاب کے بعد، ڈاکٹر منڈاویا نے وارانسی کی سڑکوں پر 'نشہ مکت یووا فار وکست بھارت' کا پیغام پھیلاتے ہوئے، نمو گھاٹ سے سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی تک سائیکل ریلی کی قیادت کی۔

اس تقریب میں کھیل کود کے میدان میں بھارت کی حصولیابیوں کا جشن منایا گیا اور آئچی – ناگویا ایشین گیمز 2026 کے تمغہ فاتحین کی عزت افزائی کی گئی۔ جن کھلاڑیوں کو اعزاز سے نوازا گیا ان میں خواتین کے 400 میٹر زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی محترمہ پراچی چودھری؛ خواتین کی 3000 میٹر اور 5000 میٹر زمرے کی رکاوٹی دوڑ میں دو کانسے کے تمغات جیتنے والی محترمہ پارول چودھری؛ مکسڈ 4x400 میٹر ریلے میں نقرئی تمغہ اور مردوں کی 4x400 میٹر ریلے میں نقرئی تمغہ جیتنے والے جناب جے کمار؛ اور مردوں کی ہاکی ٹیم کے حصے کے طور پر طلائی تمغہ جیتنے والے جناب راج کمار پال شامل تھے۔

ان کی موجودگی نے نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور لگن کی ان اقدار کو اجاگر کیا جو کھیلوں میں شاندار کارکردگی کی بنیاد ہیں، اور نوجوان شرکاء کو فٹنس اپنانے اور صحت مند طرزِ زندگی کے انتخاب پر ابھارا۔

سائیکل ریلی نے فٹنس کے پیغام کو ایک اجتماعی عمل میں بدل دیا، جس نے شہریوں کو متحرک طرزِ زندگی اپنانے اور منشیات سے پاک معاشرے کا سفیر بننے کی ترغیب دی۔ کامران اور کامیاب کھلاڑیوں کو عوام کے قریب لا کر، 'فٹ انڈیا سنڈیز آن سائیکل' نے نوجوانوں کو کھیلوں کے ان مثالی کرداروں کے ساتھ بات چیت کرنے اور ان کے اسپورٹس سفر سے حوصلہ اور ترغیب حاصل کرنے کا ایک بہترین موقع بھی فراہم کیا۔

اس 94 ویں ایڈیشن نے اس پیغام کو مزید تقویت دی کہ فٹنس محض ایک جسمانی سرگرمی سے بڑھ کر ہے، یہ دراصل زندگی گزارنے کا ایک ایسا انداز ہے جو نظم و ضبط، ذہنی سکون اور ذمہ دارانہ انتخاب کو فروغ دیتا ہے۔ سائیکلنگ، ثقافتی اظہار، مراقبہ اور 'نشہ مکت بھارت' کے عہد کے مشترکہ پیغام کے ذریعے، اس تقریب نے نوجوانوں کو منشیات کو مسترد کرنے، صحت مند عادات اپنانے اور ایک 'نشہ مکت یووا فار وکست بھارت' کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:4972