ریلوے کی وزارت
بھارتی ریلوے نے گریجویٹ سطح کی این ٹی پی سی آسامیوں کے لیے 3,548 عہدوں کا اعلان کیا، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع
گڈز ٹرین مینیجر کے لیے سب سے زیادہ 2,750 آسامیاں مختص
اہل امیدواروں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر انتخاب، عمر کی حد میں رعایت، ریزرویشن کے فوائد اور امتحانی فیس کی واپسی کی سہولت
آن لائن درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ: 6 نومبر2026
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
11 OCT 2026 11:16AM by PIB Delhi
ہندوستانی ریلوے کی جانب سے ریلوے بھرتی بورڈز (آر آر بی) کے جاری کردہ مرکزی روزگار نوٹیفکیشن (سی ای این) نمبر 06/2026 کے تحت غیر تکنیکی مقبول زمروں (این ٹی پی سی—گریجویٹ) کی بھرتی کے لیے گریجویشن کی سطح کی 3,548 آسامیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس بھرتی کے ذریعے اہل گریجویٹ امیدواروں کو ہندوستانی ریلوے میں ملازمت اختیار کرنے اور ملک کے سب سے بڑے عوامی خدمات کے اداروں میں سے ایک کے کام کاج میں تعاون کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
اس بھرتی میں چار زمروں کی آسامیاں شامل ہیں، جن میں چیف کمرشل کم ٹکٹ سپروائزر، گڈز ٹرین مینیجر، جونیئر اکاؤنٹس اسسٹنٹ کم ٹائپسٹ اور سینئر کلرک کم ٹائپسٹ شامل ہیں۔ ان عہدوں کے ذریعے تجارتی خدمات، ٹرینوں کے آپریشن، حسابات اور انتظامیہ کے شعبوں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، جو ملک بھر میں ریلوے خدمات کے مؤثر طور پر کام کرنے میں معاون ہیں۔
کل 3,548 آسامیوں میں سے 2,750 آسامیاں گڈز ٹرین مینیجر کے لیے ہیں، جب کہ سینئر کلرک کم ٹائپسٹ کے لیے 371، جونیئر اکاؤنٹس اسسٹنٹ کم ٹائپسٹ کے لیے 300 اور چیف کمرشل کم ٹکٹ سپروائزر کے لیے 127 آسامیاں مختص ہیں۔ ان آسامیوں کے ذریعے گریجویٹ امیدواروں کو ریلوے کے کام کاج اور انتظامیہ کے مختلف شعبوں میں کام کرنے کے مواقع حاصل ہوں گے۔
ان عہدوں پر ساتویں مرکزی پے کمیشن کے تحت ابتدائی بنیادی تنخواہ مقرر ہے۔ چیف کمرشل کم ٹکٹ سپروائزر کے عہدے پر تنخواہ کی سطح 6 کے تحت ماہانہ ابتدائی بنیادی تنخواہ 35,400 روپے ہے، جب کہ دیگر تین زمروں کے عہدوں پر تنخواہ کی سطح 5 کے تحت ماہانہ ابتدائی بنیادی تنخواہ 29,200 روپے ہے۔ قابل اطلاق الاؤنسز اور ملازمت کی شرائط متعلقہ قواعد کے مطابق ہوں گی۔
اہم تاریخیں اور اہلیت کے معیار
آن لائن درخواستوں کا عمل 8 اکتوبر 2026 سے شروع ہو چکا ہے اور اہل امیدوار 6 نومبر 2026 کو رات 11:59 بجے تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ امتحانی فیس کی ادائیگی کی آخری تاریخ 8 نومبر 2026 ہے، جب کہ درخواست میں ترمیم کی سہولت 9 نومبر سے 18 نومبر 2026 تک دستیاب رہے گی۔
امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی سے ڈگری یا اس کے مساوی سند رکھتے ہوں اور متعلقہ عہدے کے لیے مقررہ اہلیت کی شرائط پوری کرتے ہوں۔ یکم جنوری 2027 کو عمر کی مقررہ حد 18 سے 33 سال ہے، جب کہ مقررہ قواعد کے تحت اہل زمروں کے امیدواروں کو عمر میں حسبِ ضابطہ رعایت حاصل ہوگی۔
اہل گریجویٹ امیدواروں کو ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ تفصیلی نوٹیفکیشن کا مطالعہ کریں، اپنی پسند کے عہدوں کے لیے مقررہ شرائط کی تصدیق کریں اور مقررہ مدت کے اندر درخواست کا عمل مکمل کریں۔
اہلیت کی بنیاد پر انتخاب اور اہل امیدواروں کے لیے سہولتوں کی فراہمی
انتخاب کے عمل میں پہلے مرحلے کا کمپیوٹر پر مبنی امتحان (سی بی ٹی)، دوسرے مرحلے کا کمپیوٹر پر مبنی امتحان، اس کے بعد دستاویزات کی تصدیق اور حسبِ اطلاق طبی معائنہ شامل ہیں۔ انتخاب میرٹ اور مقررہ اہلیت کی شرائط کی تکمیل کی بنیاد پر ہوگا۔ بھرتی کے ضابطے میں مقررہ التزامات کے مطابق ریزرویشن اور عمر میں رعایت کے فوائد کے علاوہ، اہل معذور امیدواروں کے لیے مصنف کی مدد اور اضافی وقت کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
سی ای این نمبر 06/2026 کے تحت ایک اور سہولت جونیئر اکاؤنٹس اسسٹنٹ کم ٹائپسٹ اور سینئر کلرک کم ٹائپسٹ کے عہدوں کے لیے کمپیوٹر پر مبنی ٹائپنگ مہارت کے امتحان (سی بی ٹی ایس ٹی) سے استثنیٰ ہے۔ تاہم، امیدواروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ کمپیوٹر کے بنیادی استعمال اور ٹائپنگ میں مہارت رکھتے ہوں۔ نوٹیفکیشن میں درج تفصیلات کے مطابق، ان مہارتوں کا جائزہ ملازمت پر تقرری کے بعد لیا جائے گا۔
بھرتی سے متعلق معلومات تک رسائی کے لیے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم
امیدوار تفصیلی نوٹیفکیشن، آسامیوں کی تقسیم، اہلیت کے معیار اور بھرتی سے متعلق تازہ ترین معلومات درج ذیل ریلوے بھرتی بورڈز کی سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں:
ریلوے بھرتی بورڈ کی سرکاری ویب سائٹhttps://rrb.indianrailways.gov.in
آن لائن درخواست کا پورٹلhttps://www.rrbapply.gov.in
امیدواروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ بھرتی سے متعلق مستند معلومات اور تازہ ترین اطلاعات کے لیے ان سرکاری پلیٹ فارمز ہی سے رجوع کریں۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-4969
(ریلیز آئی ڈی: 2321893)
وزیٹر کاؤنٹر : 8