راجیہ سبھا سکریٹریٹ
راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین عزت مآب جناب ہری ونش کی قیادت میں بھارتی پارلیمانی وفد نے تنزانیہ کے شہر اروشا میں 9 اکتوبر ، 2026 ء کو منعقدہ بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی 153ویں اسمبلی کے پانچویں اور آخری دن بھی شرکت کی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
10 OCT 2026 1:10PM by PIB Delhi
جناب ہری ونش اور وفد کے ارکان نے آئی پی یو کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی، جس میں باقی ماندہ ایجنڈے کے موضوعات پر غور کیا گیا۔ ان میں بین پارلیمانی یونین کے صدر کا انتخاب اور خصوصی اجلاسوں کی رپورٹیں بھی شامل تھیں۔
راجیہ سبھا کے معزز ڈپٹی چیئرمین جناب ہری ونش، لوک سبھا کے رکن پارلیمنٹ جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر اور لوک سبھا کی رکن پارلیمنٹ محترمہ کمل جیت سہراوت نے بین پارلیمانی یونین کے صدر کے انتخاب میں بھارت کو مختص تین ووٹ ڈالے۔
خفیہ بیلٹ کے ذریعے انتخاب کے بعد، آئی پی یو کے موجودہ صدر نے اعلان کیا کہ آسٹریلیا کے ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر جناب ملٹن ڈک کو آئی پی یو کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ نتائج کے اعلان کے فوراً بعد، جناب ہری ونش اور بھارتی پارلیمانی وفد کے دیگر ارکان نے ذاتی طور پر جناب ڈک کو مبارک باد دی اور آئی پی یو کے صدر کی حیثیت سے ان کی مدتِ کار کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بعد ازاں، راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر سمت پاترا نے لوک سبھا کے معزز اسپیکر کی جانب سے مبارک باد کا خط جناب ملٹن ڈک کو پیش کیا۔
گورننگ کونسل کے اجلاس کے اختتام کے بعد، اسمبلی کے اجلاس منعقد ہوئے، جن میں اروشا اعلامیے کو منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ، جمہوریت اور انسانی حقوق سے متعلق مستقل کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ قرار داد ’’ سب کے لیے جامع سماجی ترقی : معذور افراد کے حقوق کے فروغ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے پارلیمانی حکمتِ عملیاں ‘‘ اور ہنگامی موضوع پر پیش کردہ قرار داد ’’ آب و ہوا میں تبدیلی سے متعلق آفات سے نمٹنے اور ہمالیائی خطے سمیت جلد متاثر ہونے والے دیگر خطوں میں آفات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو مستحکم کرنے کے لیے فوری پارلیمانی اقدامات ‘‘ بھی منظور کی گئیں۔
اس کے بعد، تنزانیہ کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اور اسمبلی کے صدر عزت مآب موسیٰ عزان زونگو نے اسمبلی کے اختتام کا اعلان کیا۔
راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین عزت مآب جناب ہری ونش کی قیادت میں ، بھارتی پارلیمانی وفد نے 5 سے 9 اکتوبر ، 2026 ء تک تنزانیہ کے شہر اروشا میں منعقدہ آئی پی یو کی 153ویں اسمبلی میں شرکت کی۔ وفد کی شرکت مختلف اہم سرگرمیوں سے بھرپور اور مؤثر رہی اور اس نے آئی پی یو اسمبلی کی قرار دادوں اور نتائج میں اپنا تعاون پیش کیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ر ا )
U.No. 4950
(ریلیز آئی ڈی: 2321732)
وزیٹر کاؤنٹر : 14