زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان اور گھانا کے درمیان زراعتی تحقیق، تعلیم اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دینے کے لیے تاریخی مفاہمت نامے پر دستخط


آئی سی اے آر اور سی ایس آئی آر-سی آر آئی (گھانا) نے فصلوں کی پیداوار میں اضافے، کٹائی کے بعد کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور تجارتی پیمانے پر استعمال کو فروغ دینے کے لیے شراکت داری قائم کی؛ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مفاہمت پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 OCT 2026 6:04PM by PIB Delhi

ہندوستان اور گھانا نے نئی دہلی میں قومی زراعتی  تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر) اور گھانا کے اکرا میں واقع کراپس ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (سی ایس آئی آر-سی آر آئی) کے درمیان مفاہمت نامے (ایم او یو) پر دستخط کے ساتھ زراعتی تحقیق، تعلیم اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے جان قدم بڑھایا ہے۔ یہ مفاہمت نامہ جنوب-جنوب تعاون اور ہند-افریقہ تعاون پر ہندوستان کی توجہ کو مزید مستحکم کرے گا۔ دستخط کی تقریب میں ہندوستان کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اور گھانا کے وزیر خارجہ عالی جناب سیموئل اوکوڈیٹو ابلکوا نے شرکت کی۔

پانچ سالہ مفاہمت نامہ مشترکہ زراعتی تحقیق، سائنسی و تکنیکی تبادلے، صلاحیت سازی اور زراعتی ٹیکنالوجی کے استعمال اور تجارتی پیمانے پر فروغ کے شعبوں میں تعاون کے لیے جامع فریم ورک کا التزام کرتا ہے۔ اس مفاہمت کےلیے گھانا کی اریما فارمز لمیٹڈ نے سہولت فراہم کی ہے، جسے اس فریم ورک کے تحت مخصوص تحقیقی اور تجارتی سرگرمیوں کے لیے سی ایس آئی آر-سی آر آئی کے تجارتی شراکت دار کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

مفاہمت کے پہلے مرحلے میں سبزیوں کی فصلوں سے متعلق تحقیق پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جس میں خاص طور پر ٹماٹر کی تحقیق اور ترقی کو ترجیح دی جائے گی۔ اس تعاون کے تحت آئی سی اے آر آزمودہ زراعتی ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر اختیار کرنے میں معاونت فراہم کرے گا اور گھانا میں ٹماٹر کی مقامی پیداوار کو مضبوط بنانے میں مدد کے لیے زیادہ پیداوار دینے والی موزوں ٹماٹر کی اقسام اور لائنس متعارف کرائے گا۔

اس شراکت داری میں کساوا، شکرقندی اور دیگر زیر زمیں فصلوں کی پروسیسنگ اور قیمت میں اضافے پر بھی توجہ دی جائے گی، جس کا مقصد زراعتی ویلیو چین کو مضبوط بنانا ہے۔ تعاون کے دائرے میں کٹائی کے بعد فصلوں کے نظم سے متعلق امور بھی شامل ہوں گے، جن میں کولڈ اسٹوریج، ریفریجریٹڈ نقل و حمل، چھنٹائی، درجہ بندی اور پروسیسنگ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تکنیکی معاونت اور صلاحیت سازی شامل ہے، تاکہ کٹائی کے بعد ہونے والے نقصانات سے نمٹا جا سکے۔

مفاہمت نامے میں سائنس دانوں اور ٹیکنالوجی کے ماہرین، پلازم اور افزائش نسل سے متعلق مواد، سائنسی معلومات، طریقۂ کار اور تکنیکی علم کے تبادلے کے علاوہ مشترکہ تحقیقی منصوبوں کی تیاری اور ان پر عمل درآمدکا التزام کیا گیاہے۔ اس میں دونوں ممالک کے متعلقہ تحقیقی اداروں اور مراکز کے درمیان ادارہ جاتی روابط قائم کرنے کا بھی تصور پیش کیا گیا ہے، تاکہ مسلسل سائنسی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔

اس تعاون کی نگرانی آئی سی اے آر اور سی ایس آئی آر-سی آر آئی کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ کرے گا، جوباہمی تعاون میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عمل درآمد کے لیے رہنمائی فراہم کرے گا۔ مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس نئی دہلی اور اکرا میں باقاعدگی سے منعقد ہوں گے۔

اس شراکت داری سے توقع ہے کہ زراعتی تحقیق، ٹیکنالوجی کی ترقی، صلاحیت سازی اور تجارتی استعمال کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے، متعلقہ زراعتی ٹیکنالوجی کو اپنانے میں سہولت فراہم ہو گی اور گھانا میں پائیدار زراعتی ترقی اور لوگوں کے بہتر ذریعۂ معاش میں معاون ثابت ہوگی۔

********

) ش ح ۔ م ش ع۔اش ق)

U.No. 4788


(ریلیز آئی ڈی: 2320318) وزیٹر کاؤنٹر : 8