پیٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت
پٹرولیم و قدرتی گیس کے مرکزی وزیر جناب ہردیپ سنگھ پوری نے ہندوستان کے کمپریسڈ بایو گیس شعبے کی ترقی کو تیز کرنے کے لیے گوبردھن اسکیم کا آغاز کیا
مربوط مرکزی شعبہ جاتی اسکیم کے تحت یقینی خریداری، مستحکم قیمت، سرمایہ جاتی امداد، پائپ لائن کنکٹی ویٹی، قرض سہولت اور ماحولیاتی نظام کی ترقی کو ایک متحد فریم ورک میں شامل کیا گیا
اسکیم کے منظم نفاذ میں معاونت کے لیے گوبردھن ہینڈ بک کی رونمائی اور مربوط گوبردھن پورٹل کا آغاز
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
01 OCT 2026 8:27PM by PIB Delhi
پٹرولیم و قدرتی گیس کےمرکزی وزیر جناب ہردیپ سنگھ پوری نے آج کمپریسڈ بایو گیس (سی بی جی) شعبے کی ترقی کے لیے مرکزی شعبہ جاتی اسکیم گوبردھن کا آغاز کیا۔
مرکزی کابینہ نے 6 اگست 2026 کو 23,731 کروڑ روپے کی لاگت سے اس اسکیم کو منظوری دی۔ اسکیم کے تحت مالی سال 27-2026 سے 36-2035 تک دس سالہ فریم ورک فراہم کیا گیا ہے، جس کا مقصد ہندوستان میں کمپریسڈ بایو گیس کی ترقی کو تیز کرنا ہے۔ اسکیم کا ہدف ہندوستان میں مقامی کمپریسڈ بایو گیس کی پیداوار میں تقریباً دس گنا اضافہ کرکے اسے تقریباً 5 ایم ایم ایس سی ایم ڈی (ایم ایم ایس سی ایم ڈی) تک پہنچانا ہے۔ طویل مدتی فریم ورک کے ذریعے سرمایہ کاروں اور قرض فراہم کرنے والے اداروں کو زیادہ یقین دہانی فراہم کی گئی ہے۔
اس موقع پر کمپریسڈ بایو گیس کے پورے ماحولیاتی نظام سے وابستہ متعلقہ شراکت داروں نے حصہ لیا، جن میں مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں، کمپریسڈ بایو گیس تیار کرنے والے اداروں، تیل و گیس کمپنیوں، سٹی گیس ڈسٹری بیوشن اداروں، مالیاتی اداروں، کوآپریٹیو، ٹیکنالوجی فراہم کنندگان اور دیگر متعلقہ فریقوں کے نمائندے شامل تھے۔
اس موقع پر گوبردھن ہینڈ بک کی رونمائی بھی کی گئی، جو ایک جامع رہنما کتاب ہے اور متعلقہ شراکتداروں، پروجیکٹ تیار کرنے والوں، ریاستی حکومتوں اور مالیاتی اداروں کو اسکیم کو سمجھنے اور اس کے تحت کمپریسڈ بایو گیس سے متعلق اقدامات سے استفادہ کرنے میں رہنمائی فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ مربوط گوبردھن پورٹل بھی شروع کیا گیا، جو ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے۔ اس کا مقصد درخواستوں کے عمل کو آسان بنانا، مختلف ذرائع سے درخواست دینے کے طریقہ کار کو ختم کرنا اور درخواستوں کی کارروائی اور اسکیم کے نفاذ کے پورے عمل میں شفافیت کو بہتر بنانا ہے۔
اس موقع پر جناب ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ ہندوستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو توانائی کی دستیابی، کفایتی قیمت اور پائیداری کے مشترکہ مقاصد کے ذریعے پورا کیا جانا چاہیے اور ملک میں دستیاب توانائی کے وسائل کی ترقی پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سی بی جی ہندوستان کے لیے خاص اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ اس کے ذریعے فصلوں کی باقیات، مویشیوں کے گوبر اور دیگر نامیاتی وسائل کو ماحول دوست گھریلو توانائی میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، جبکہ نامیاتی کھاد کی پیداوار اور دیہی علاقوں میں نئے معاشی مواقع بھی پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ کسان، کوآپریٹیو، گوشالائیں اور مقامی کاروباری ادارے خام مال جمع کرنے، اسے یکجا کرنے، نقل و حمل اور پروسیسنگ کے مختلف مراحل میں حصہ لے سکتے ہیں، جس سے زراعت اور توانائی کے درمیان باہمی اور گردش پذیر تعلق مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے صنعت، مالیاتی اداروں، ریاستوں، کوآپریٹیو، ٹیکنالوجی فراہم کنندگان اور دیگر متعلقہ شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ اس فریم ورک کو فعال پلانٹس اور مسلسل سی بی جی کی پیداوار میں تبدیل کریں، تاکہ ہندوستان کی توانائی کی حفاظت، دیہی خوشحالی اور وزیر اعظم کے ’’فضلے سے دولت‘‘ اور ’’ان داتا سے اورجا داتا‘‘ کے وژن کو آگے بڑھایا جا سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پٹرولیم و قدرتی گیس کی وزارت کےسکریٹری ڈاکٹر نیرج متل نے اجاگر کیا کہ ہندوستان اس وقت اپنی قدرتی گیس کی تقریباً نصف ضرورت درآمدات کے ذریعے پوری کرتا ہے اور سی بی جی ملک میں موجود نامیاتی فضلے کو گھریلو گیس کے وسائل میں تبدیل کرنے کا ایک موقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس شعبے کے تجربے سےغیر مستحکم آمدنی، بکھری ہوئی امداد، طویل مدتی پالیسی کے حوالے سے محدود یقین دہانی، خام مال کی یقینی دستیابی، نامیاتی کھاد کی خریداری اور مالی وسائل تک رسائی سے متعلق رکاوٹیں بھی سامنے آئی ہیں۔ گوبردھن ان مسائل سے نمٹنے کے لیے پٹرولیم و قدرتی گیس کی وزارت کو واحد نوڈل وزارت بنانے،قیمتوں کا اندازہ لگانے، گیس کی یقینی خریداری، زیادہ سرمایہ جاتی امداد، مربوط طریقہ کار اور ڈیجیٹل نگرانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کا انتظام کرتا ہے۔
سکریٹری نے زمینی سطح پر قومی فریم ورک کو منصوبوں میں تبدیل کرنے میں ریاستی حکومتوں کے اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔ اس میں سازگار ریاستی کمپریسڈ بایو گیس پالیسیاں وضع کرنا، خام مال کی دستیابی کا جائزہ لینا، مناسب اراضی بینک قائم کرنا، منظوری کے عمل کو تیز کرنا اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔
سی بی جی کے شعبے کے لیے مربوط فریم ورک
گوبردھن پر ایک پریزنٹیشن میں اسکیم کے ڈھانچے اور شعبے کے لیے متعدد الگ الگ اقدامات سے ایک مربوط فریم ورک کی جانب منتقلی کی وضاحت کی گئی۔ گوبردھن میں چھ اہم اقدامات:سی بی جی کی خریداری کی یقین دہانی، سی بی جی کی قیمتوں کا فریم ورک، سی بی جی منصوبوں کے لیے سرمایہ جاتی امداد، پائپ لائن بنیادی ڈھانچے کی ترقی، قرض کی ضمانت سے متعلق معاونت اور سی بی جی ایکو سسٹم چیلنج فنڈ شامل ہیں۔
خریداری کی یقین دہانی کے فریم ورک کے تحت سی بی جی پلانٹس کو نشان زدہ سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (سی جی ڈی) کے جغرافیائی علاقوں یا سی بی جی کلسٹروں سے منسلک کیا جائے گا، جس سے مارکیٹ تک رسائی کا ایک قابل اعتماد راستہ دستیاب ہوگا۔ سی بی جی ذمہ داریوں(سی بی او) کے تحت سی بی جی کی خریداری کی ذمہ داری سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (سی جی ڈی) اداروں پر ہوگی۔ سی این جی (ٹرانسپورٹ) اور پی این جی (گھریلو) شعبے کے لیے خریداری کی یہ ذمہ داری مالی سال27-2026 میں 3 فیصد، 28-2027 میں 4 فیصد اور مالی سال29-2028 سے 5 فیصد مقرر کی گئی ہے۔
اسکیم کے تحت سی بی جی کی 2,110 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کی مقررہ قیمت متعارف کرائی گئی ہے، جس سے پیداوار کنندگان کو آمدنی کے حوالے سے زیادہ یقین دہانی حاصل ہوگی۔ اہل گرین فیلڈ منصوبوں کو نصب شدہ سی بی جی صلاحیت کے فی ٹی پی ڈی 2 کروڑ روپے تک کی سرمایہ جاتی امداد دی جا سکتی ہے، جس میں پلانٹ کی مشینری، خام مال کو جمع کرنے اورایف او ایم/ایل ایف او ایم کی پروسیسنگ کے ساتھ ساتھ کھاد کی قدر میں اضافے سے متعلق آلات کے لیے معاونت بھی شامل ہے۔
گیس کی ترسیل سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سی بی جی کلسٹروں کو مرکزی پائپ لائن نیٹ ورک سے جوڑنے والی پائپ لائنوں کے لیے اہل سرمایہ جاتی اخراجات کے 80 فیصد تک اور الگ تھلگ پلانٹس کو سی جی ڈی نیٹ ورک سے جوڑنے کے لیے 50 فیصد تک معاونت دستیاب ہوگی۔
اہل ایم ایس ایم ای پر مبنی سی بی جی منصوبوں کے لیے ایک مخصوص قرض ضمانت کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، جس کے تحت مقررہ منصوبہ جاتی حدود کے تابع قرض کی عدم ادائیگی کی صورت میں بقایا رقم کے 85 فیصد تک کی ضمانت دی جائے گی۔ عام ایم ایس ایم ای منصوبوں کے لیے ضمانت کی زیادہ سے زیادہ حد فی منصوبہ 20 کروڑ روپے جبکہ خواتین کی قیادت والے ایم ایس ایم ای منصوبوں کے لیے فی منصوبہ 25 کروڑ روپے ہے، جس سے سی بی جی شعبے میں خواتین کاروباری افراد کو مزید معاونت حاصل ہوگی۔
سی بی جی ماحولیاتی نظام چیلنج فنڈ ٹیکنالوجی کی ترقی، صلاحیت سازی، خام مال کی دستیابی کا جائزہ لینے اور اسے یکجا کرنے، ضلعی سطح پر ماحولیاتی نظام کی ترقی اور نامیاتی کھاد میں قدر میں اضافے سے متعلق اقدامات کی معاونت کرے گا۔
ہندوستان کے سی بی جی ماحولیاتی نظام نے مزید ترقی کے لیے پہلے ہی ایک مضبوط بنیاد قائم کر لی ہے۔ اگست 2026 تک 217 سے زائد پلانٹس شروع کیے جا چکے ہیں، جن کی نصب شدہ صلاحیت 1,700 ٹی پی ڈی سے زیادہ ہے۔ اسکیم کا مقصد اپنے دس سالہ نفاذ کے دوران ملک میں سی بی جی کی پیداوار میں تقریباً دس گنا اضافہ کرنا ہے۔
اسکیم سے نمایاں معاشی اور ماحولیاتی فوائد حاصل ہونے کی توقع ہے، جن میں 40,000 کروڑ روپے سے زیادہ کی زرمبادلہ کی بچت، جی ڈی پی میں 75,000 کروڑ روپے سے زیادہ کا اضافہ اور 1.5 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ماحول دوست گیس کے ذریعے ایک کروڑ ٹن فوسل ایندھن کی جگہ لینے، 4 کروڑ ٹن سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ (سی او 2) کے اخراج میں کمی اور 25 کروڑ ٹن نامیاتی کھاد کی پیداوار میں معاونت کی بھی توقع ہے۔
****
ش ح۔م ش ۔ ش ا
اُردو ریلیزنمبر:-4628
(ریلیز آئی ڈی: 2319068)
وزیٹر کاؤنٹر : 9