زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
ربیع مہم 2026 کے سلسلے میں دو روزہ قومی کانفرنس کا آغاز کل نئی دہلی میں
مرکز اور ریاستوں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے اور زراعت کے لیے نتائج پر مبنی حکمتِ عملی وضع کرنے پر کانفرنس میں توجہ
آئندہ ربیع کے موسم کے لیے اہم ترجیحات اور تیاریوں پر ریاستی وزرائے زراعت، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران، بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر) اور دیگر متعلقہ فریقوں کے درمیان تبادلۂ خیال۔
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
27 SEP 2026 10:19AM by PIB Delhi
وزارتِ زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود، حکومتِ ہند کے محکمۂ زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود کی جانب سے 28 اور 29 ستمبر 2026 کو نئی دہلی کے پوسا میں واقع این اے ایس سی کمپلیکس کے بھارت رتن سی سبرامنیم آڈیٹوریم میں ربیع مہم 2026 کے سلسلے میں قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانفرنس کا افتتاح مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی فلاح و بہبود جناب شیوراج سنگھ چوہان کریں گے۔ اس میں ریاستی وزرائے زراعت، مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران، بھارتی زرعی تحقیقاتی کونسل (آئی سی اے آر) اور دیگر متعلقہ فریق شرکت کریں گے اور آئندہ ربیع کے موسم کے لیے اہم ترجیحات اور تیاریوں پر تبادلۂ خیال کریں گے۔
دو روزہ کانفرنس میں مرکز اور ریاستوں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے اور زرعی پیداوار، پیداواری صلاحیت، پائیداری اور کسانوں کی آمدنی میں اضافے کے لیے مربوط اور نتائج پر مبنی حکمتِ عملی وضع کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، کانفرنس میں حال ہی میں منعقدہ زرعی علاقائی کانفرنسوں سے حاصل ہونے والے اہم اسباق اور نتائج کو بھی پیشِ نظر رکھا جائے گا۔
پہلے دن تین وسیع موضوعات پر متوازی گروہی مباحثے کے تین ادوار منعقد ہوں گے۔ ان موضوعات میں خود کفالت، تنوع اور پیداوار میں اضافہ؛ پائیداری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تئیں لچکدار زراعت؛ اور ڈیجیٹل زراعت، بنیادی ڈھانچہ، مالی اعانت اور خطرات کا انتظام شامل ہیں۔
ان مباحثوں میں دالوں، تلہن اور آئل پام میں خود کفالت کے مشن، باغبانی، کپاس، بیجوں کی دستیابی اور بیجوں کی فراہمی کے نظام میں اصلاحات، قدرتی کاشت کاری، زمین کی صحت، زرعی مشین کاری، کسانوں کی پیداواری تنظیموں (ایف پی اوز) کے لیے مالی اعانت اور بنیادی ڈھانچہ، زرعی منڈیوں میں اصلاحات، پی ایم دھن دھانیا کرشی یوجنا، کسان کریڈٹ کارڈ کی سہولت کی توسیع، ڈیجیٹل زراعت، پی ایم فصل بیمہ یوجنا، پودوں کا تحفظ اور زرعی اعداد و شمار جیسے اہم امور پر غور و خوض کیا جائے گا۔
موضوعاتی مباحثوں کا مقصد ربیع کے موسم کے لیے نفاذ سے متعلق اہم چیلنجوں، ریاستوں کی مخصوص ترجیحات اور قابلِ عمل حکمتِ عملیوں کی نشاندہی کرنا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف اسکیموں کے درمیان بہتر تال میل، عمل درآمد کے نظام کو مضبوط بنانے اور زمینی سطح پر مؤثر نتائج کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
دوسرے دن علاقائی زرعی کانفرنسوں سے حاصل ہونے والے اہم اسباق اور پہلے دن کے موضوعاتی مباحثوں کے نتائج پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ایجنڈے میں ربیع کے موسم کے لیے موسمی حالات کی پیش گوئی، کھادوں کی دستیابی اور ان کا متوازن استعمال، ڈیجیٹل زراعت مشن، کسانوں کا رجسٹر، ڈیجیٹل فصل سروے اور ایگری اسٹیک، دالوں میں خود کفالت کا مشن، خوردنی تیل سے متعلق قومی مشن، فصلوں اور بیجوں کی صورتِ حال، اقسام کو اپنانے، پی ایم دھن دھانیا کرشی یوجنا، زرعی منڈیوں میں اصلاحات اور اے ٹی ایم اے اور کرشی وگیان کیندروں (کے وی کے) کے ذریعے زرعی منصوبوں کی تیاری جیسے موضوعات شامل ہوں گے۔
کانفرنس میں ریاستی وزرائے زراعت کو اپنے خیالات، تجربات، ریاستی ترجیحات اور زرعی ترقی اور ربیع کے موسم کی تیاریوں سے متعلق تجاویز پیش کرنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ ریاستوں سے موصول ہونے والی تجاویز اور موضوعاتی مباحثوں کے نتائج سے ربیع مہم 2026 کے لیے مربوط اور نتائج پر مبنی حکمتِ عملی وضع کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
اختتامی اجلاس میں مباحثوں کے اہم نکات کا خلاصہ پیش کرنے اور ربیع کی فصلوں کی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ایک مستحکم لائحۂ عمل تیار کرنے پر توجہ دی جائے گی، تاکہ غذائی اور تغذیاتی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ’خود کفیل اور ترقی یافتہ بھارت‘ کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-4171
(ریلیز آئی ڈی: 2315495)
وزیٹر کاؤنٹر : 17