کامرس اور صنعت کی وزارتہ
تجارت، ٹرانزٹ اور غیر مجاز تجارت پر قابو پانے کے لیے تعاون سے متعلق ہند–نیپال بین حکومتی ذیلی کمیٹی کا اجلاس نئی دہلی میں منعقد
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 SEP 2026 9:48AM by PIB Delhi
تجارت، ٹرانزٹ اور غیر مجاز تجارت پر قابو پانے کے لیے تعاون سے متعلق ہند–نیپال بین حکومتی ذیلی کمیٹی (آئی جی ایس سی) کا اجلاس 16–17 ستمبر 2026 کو وانِجیہ بھون، نئی دہلی میں منعقد ہوا۔
ہندوستانی وفد کی قیادت حکومتِ ہند کی وزارتِ تجارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب اُجّول کمار گھوش نے کی، جبکہ نیپالی وفد کی قیادت حکومتِ نیپال کی وزارتِ صنعت، تجارت و رسد کے جوائنٹ سکریٹری جناب بدھ بہادر گرونگ نے کی۔ اجلاس میں دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
بین حکومتی ذیلی کمیٹی (آئی جی ایس سی)دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم دوطرفہ ادارہ جاتی طریقۂ کار ہے، جس کے تحت تجارت اور متعلقہ کاروباری امور کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے اور دوطرفہ تجارت اور ٹرانزٹ کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔
اجلاس کے دوران دونوں فریقوں نے مارکیٹ تک رسائی، کسٹمز اور تجارتی سہولت ، معیارات، غذائی تحفظ، نباتاتی صحت سے متعلق اقدامات، ادویات، طبی آلات، آیوش کی مصنوعات، سرحدی بنیادی ڈھانچے، ریل اور سڑک رابطے اور تجارت سے متعلق دیگر امور کی وسیع رینج کا جائزہ لیا۔
دونوں فریقوں نے ہندوستان اور نیپال کی مصنوعات کی مارکیٹ تک زیادہ سے زیادہ رسائی کو آسان بنانے کے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا۔ زرعی مصنوعات، ڈیری، خوردنی اشیاء، ادویات، طبی آلات اور آیوش کی مصنوعات سے متعلق امور کے ساتھ ساتھ معیارات اور نباتاتی صحت سے متعلق التزامات پر بھی غور کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے کسٹمز کے شعبے میں تعاون اور تجارتی سہولت کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلۂ خیال کیا، جس میں مال کی آمد سے قبل معلومات کا تبادلہ، سرٹیفکیٹ آف اوریجن کی الیکٹرانک تصدیق، خودکار کسٹمز کے نظام اور ڈیجیٹلائزیشن شامل ہیں۔ بات چیت کا مرکز قانونی اور جائز تجارت کو سہولت فراہم کرنا، جبکہ قابلِ اطلاق قواعد کی تعمیل کو یقینی بنانے اور ترجیحی تجارتی بندوبست کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے طریقۂ کار کو مضبوط بنانا تھا۔
ٹرانزٹ اور رابطہ کاری بھی مذاکرات کا ایک اہم حصہ رہی۔ دونوں فریقوں نے ریل اور سڑک کے رابطے، مال برداری ، مربوط چیک پوسٹس اور زمینی بندرگاہوں کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا۔ بات چیت میں موجودہ بنیادی ڈھانچے کے زیادہ مؤثر استعمال اور دوطرفہ و ٹرانزٹ تجارت پر اثر انداز ہونے والی عملی رکاوٹوں کو دور کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔
دونوں فریقوں نے معیارات، غذائی تحفظ، پودوں کی قرنطینہ اور مطابقت کے جائزے کے شعبوں میں جاری تعاون کا خیرمقدم کیا، جس میں ادارہ جاتی تعاون اور استعدادِ کار میں اضافے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
دونوں فریقوں نے جائزطریقے سے سرحد پار تجارت کو سہولت فراہم کرنے اور غیر قانونی تجارت اور تجارتی فراڈ سے متعلق مسائل سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا۔ دونوں فریقوں نے مقررہ ادارہ جاتی طریقۂ کار کے ذریعے قریبی روابط برقرار رکھنے اور ایسے معاملات، جن کے لیے مزید تکنیکی جائزے کی ضرورت ہے،ان کو مقررہ مدت کے اندر فالو اَپ کرنے پر اتفاق کیا۔
ہندوستان اور نیپال کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات گہرے ہیں۔ ہندوستان نیپال کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ توقع ہے کہ آئی جی ایس سی کے تحت ہونے والی بات چیت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ رابطہ اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
********
(ش ح ۔م ش ع۔ت ا )
U. No. 3761
(ریلیز آئی ڈی: 2311815)
وزیٹر کاؤنٹر : 8