کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

بھارت اور مرکوسور نے الیکٹرانک سرٹیفکیٹ آف اوریجن کی سہولت کے لیے پہلے اضافی پروٹوکول پر دستخط کیے


بھارت- مرکوسور ترجیحی تجارتی معاہدے کے تحت کاغذ سے  پاک تجارت کو فروغ دینے اور کسٹمز کے طریقہ کار کو جدید بنانے کے لیے پروٹوکول

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 SEP 2026 4:31PM by PIB Delhi

بھارت اور مرکوسور نے بھارت-مرکوسور ترجیحی تجارتی معاہدے ( پی ٹی اے ) کے تحت الیکٹرانک سرٹیفکیٹ آف اوریجن کو قبول کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے پہلے اضافی پروٹوکول پر دستخط کیے ہیں۔ یہ پروٹوکول بھارت اور مرکوسور کے رکن ممالک کے درمیان کاغذ سے  پاک تجارت کو فروغ دینے اور کسٹمز کے طریقہ کار کو جدید بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

اس پروٹوکول پر حکومت ہند کے کامرس سکریٹری جناب راجیش اگروال، بھارت میں یوراگوئے کے سفیر عالی جناب البرٹو گوانی اور بھارت میں پیراگوئے کے سفیر عالی جناب فلیمنگ راؤل دوارٹے راموس نے دستخط کیے۔ اس موقع پر مرکوسور کی عبوری صدارت سنبھالنے والے مشرقی جمہوریہ یوراگوئے کے وزیر خارجہ عالی جناب ماریو لوبٹکن اور ارجنٹینا و برازیل کے سفارت خانوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

بھارت-مرکوسور ترجیحی تجارتی معاہدے پر 25 جنوری  ، 2004 ء کو دستخط کیے گئے تھے اور یہ یکم جون  ، 2009  ء کو نافذ ہوا۔ اس معاہدے کے تحت بھارت کی جانب سے 450 ٹیرف لائنز اور مرکوسور کی جانب سے 452 ٹیرف لائنز پر ترجیحی ٹیرف رعایت فراہم کی گئی ہے۔

پہلے اضافی پروٹوکول کے ذریعے ترجیحی تجارتی معاہدے کے ضمیمہ  III ( رولز آف اوریجن ) کے آرٹیکل 16 میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس کے تحت الیکٹرانک شکل میں جاری کیے جانے والے سرٹیفکیٹ آف اوریجن کو وہی قانونی حیثیت اور وہی اہمیت حاصل ہوگی ، جو کاغذی شکل میں جاری کیے گئے سرٹیفکیٹ آف اوریجن کو حاصل ہے۔ ایسے الیکٹرانک سرٹیفکیٹ آف اوریجن متعلقہ فریقوں کے ملکی قوانین کے مطابق مجاز اداروں اور افسران کی جانب سے جاری اور الیکٹرانک طور پر دستخط کیے جائیں گے۔

اس اقدام سے تجارت سے متعلق دستاویزات کو ڈیجیٹل اور کاغذ سے پاک نظام میں منتقل کرنے میں مدد ملے گی، سرٹیفکیٹ آف اوریجن جاری کرنے اور ان کی تصدیق سے متعلق لین دین کی لاگت اور کارروائی میں لگنے والے وقت میں کمی آئے گی اور موجودہ بھارت - مرکوسور ترجیحی تجارتی معاہدے کے تحت ترجیحی تجارت کی کارکردگی بہتر ہوگی۔

یہ اقدام بھارت- مرکوسور ترجیحی تجارتی معاہدے کی مشترکہ انتظامی کمیٹی میں ہونے والی بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے۔ 27 نومبر  ، 2025  ء کو منعقدہ کمیٹی کے چوتھے اجلاس میں دونوں فریقوں نے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ آف اوریجن کے استعمال کی سہولت فراہم کرنے کے لیے معاہدے کو اپ ڈیٹ کرنے کی حمایت کی تھی۔ اس کے بعد 9 اپریل  ، 2026 ء کو منعقدہ مشترکہ انتظامی کمیٹی کے پانچویں اجلاس میں باہمی رضامندی سے اضافی پروٹوکول کی تجویز منظور کی گئی۔

یہ پروٹوکول بھارت اور مرکوسور کے رکن ممالک کی جانب سے اپنے متعلقہ داخلی طریقہ کار مکمل کرنے اور ایک دوسرے کو اس کی اطلاع دینے کے بعد نافذ العمل ہوگا۔

پہلے اضافی پروٹوکول پر دستخط بھارت اور مرکوسور کے درمیان تجارت کو آسان بنانے، جدید کسٹمز طریقہ کار اپنانے اور دو طرفہ تجارت کو معاونت فراہم کرنے والے ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔

یہ دستخط بھارت اور مرکوسور کے درمیان تجارت اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے لیے جاری کوششوں میں بھی ایک اہم قدم کی حیثیت رکھتے ہیں۔

*****

( ش ح ۔ م  م ۔ ع ا )

U. No. 3429


(ریلیز آئی ڈی: 2310163) وزیٹر کاؤنٹر : 13