وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر آئی نے ’آپریشن ڈیپ مینی فیسٹ‘ کے تحت پاکستان سے درآمد کی گئی 362 میٹرک ٹن سے زائد خشک کھجوریں ضبط کیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 14 SEP 2026 12:23PM by PIB Delhi

پاکستان سے درآمدات پر عائد پابندی سے بچنے کی کوششوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے پاکستان سے منگوائی گئی 362 میٹرک ٹن سے زائد خشک کھجوریں ضبط کی ہیں۔

مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی کے افسران نے ناسک کے سی ایف ایس امباد میں ممبئی کی ایک کمپنی کی جانب سے درآمد کیے گئے خشک کھجوروں کے 13 کنٹینروں کو روک کر ان کی جانچ کی۔ یہ کھیپ متحدہ عرب امارات کے جبل علی سے پہنچی تھی اور درآمدی دستاویزات میں متحدہ عرب امارات کو ان کا اصل ملک ظاہر کیا گیا تھا۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ پاکستان میں تیار کی گئی ان اشیا کی اصل شناخت چھپانے کے لیے منظم طریقے سے کھیپ کو ایک ملک سے دوسرے ملک منتقل کرنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ خشک کھجوروں کو پہلے پاکستان کی کراچی بندرگاہ سے ایک جہاز میں ایک مخصوص سیٹ کے کنٹینروں کے ذریعے متحدہ عرب امارات کی جبل علی بندرگاہ بھیجا گیا۔ جبل علی میں ان اشیا کو صرف دوسرے کنٹینروں میں منتقل کیا گیا اور پھر ایک دوسرے جہاز پر لاد کر پاکستانی شہریوں کے زیر انتظام اداروں کے ذریعے بھارت بھیج دیا گیا۔

پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد حکومت ہند نے قومی سلامتی کے مفاد میں 2 مئی 2025 سے پاکستان میں پیدا ہونے یا پاکستان سے برآمد ہونے والی تمام اشیا کی براہ راست یا بالواسطہ درآمد اور ترسیل پر مکمل پابندی عائد کردی تھی۔ یہ پابندی 2 مئی 2025 کو جاری کردہ ڈی جی ایف ٹی کی اطلاع نمبر 06/26-2025 کے ذریعے عائد کی گئی تھی۔ اس کے بعد سے ڈی آر آئی ’’آپریشن ڈیپ مینی فیسٹ‘‘ کے تحت تیسرے ملک کے راستے بھارت میں لائی جانے والی پاکستان سے متعلق اشیا کی مسلسل شناخت، روک تھام اور ضبط کرنے  کی کارروائی کر رہی ہے۔

یہ کارروائی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ڈی آر آئی تجارتی پابندیوں سے بچنے کے لیے غلط معلومات درج کرنے، کھیپ کو دوسرے ملک کے راستے منتقل کرنے اور دستاویزات میں ردوبدل جیسے طریقوں کا استعمال کرنے والے منظم نیٹ ورکس کی نشاندہی، ان کی سرگرمیوں کو روکنے اور انہیں ختم کرنے کے لیے مسلسل کارروائی کر رہی ہے۔ اس طرح قومی سلامتی کے تحفظ کے ساتھ سپلائی چین کی سالمیت کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

********

 (ش ح ۔ش ت  ۔ت ا )

U. No. 3403


(ریلیز آئی ڈی: 2310001) وزیٹر کاؤنٹر : 6