وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر آئی نے شمال مشرقی سرحد پر دو کارروائیوں میں 76 کلو گرام میتھم فیٹامین کی گولیاں ضبط کیں


ممنوعہ منشیات گاڑیوں میں خصوصی طور پر بنائے گئے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی تھیں، دو افراد گرفتار

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 AUG 2026 12:12AM by PIB Delhi

شمال مشرقی سرحدی علاقے میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید مؤثر بناتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آسام اور میزورم میں کی گئی دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 76 کلو گرام میتھم فیٹامین کی گولیاں ضبط کی ہیں۔ اس معاملہ میں ملوث  دو افراد کو نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ - 1985 کی دفعات کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

 

56کلو گرام میتھم فیٹامائن برآمد

 

مورخہ 25.08.2026کو خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی تازہ کارروائی میں ڈی آر آئی کے افسران نے 38ویں بٹالین، آسام رائفلز، سلچر کے اہلکاروں کی معاونت سے آسام-منی پور سرحد کے قریب سلچر سے تقریباً 40 کلومیٹر دور لالپانی میں ایک مشتبہ 12 پہیوں والے ٹرک کو روکا۔ اس ٹرک کی شناخت منی پور کے جیری بام سے آنے والی گاڑیوں کے ایک بڑے قافلہ میں سے کی گئی۔

ٹرک کی مکمل تلاشی کے دوران ڈرائیور کی نشست کے پیچھے ڈرائیور کیبن میں خصوصی طور پر بنایا گیا ایک خفیہ خانہ دریافت ہوا۔ اس خانے میں ایک ایک کلوگرام وزن کے 36 پیکٹ اور 200، 200 گرام وزن کے 100 چھوٹے پیکٹ موجود تھے، جن میں گلابی مائل نارنجی رنگ کی گولیاں تھیں، جن کے میتھم فیٹامین ہونے کا شبہ ہے۔

فیلڈ ڈٹیکشن کٹ کے ذریعے نمونوں کی ابتدائی جانچ میں میتھم فیٹامین کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔ برآمد شدہ ممنوعہ منشیات، جن کا مجموعی وزن 56 کلوگرام تھا، کو ٹرک سمیت این ڈی پی ایس ایکٹ- 1985 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیا۔ گاڑی میں سوار شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

اس سے قبل 18.08.2026 کو میزورم میں آئزول-چمفائی سڑک پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی ایک اور کارروائی میں ڈی آر آئی کے افسران نے آئزول سے تقریباً 30 کلومیٹر دور بنگ بنگلا میں ایک کار کو روکا۔ گاڑی کی  باریک بینی   سےتلاشی کے دوران مختلف سائز کے 64 پیکٹ برآمد ہوئے، جن میں 20 کلوگرام گلابی مائل نارنجی رنگ کی گولیاں موجود تھیں، جن کے میتھم فیٹامین ہونے کا شبہ ہے۔ یہ گولیاں گاڑی کے دونوں جانب راکر پینلز/سائیڈ سلز میں خصوصی طور پر بنائے گئے گہرے خفیہ خانوں اور ایندھن کی ٹنکی اور گاڑی کے فرش کے درمیان موجود جگہ میں چھپائی گئی تھیں۔

20 کلو گرام میتھم فیٹامین برآمد

 

این ڈی پی ایس فیلڈ ٹسٹ کٹ کے ذریعے کیے گئے ٹسٹ میں  میتھم فیٹامین کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا کہ یہ منشیات میانمار سے زوکاؤتھر-چمفائی سیکٹر کے راستے میزورم میں اسمگل کی گئی تھیں۔ 20 کلوگرام ممنوعہ منشیات کو ان کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی سمیت این ڈی پی ایس ایکٹ- 1985 کی دفعات کے تحت ضبط کرکے گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔

میتھم فیٹامین ایک طاقتور مصنوعی محرک اعصاب ہے، جس کے غلط استعمال اور اس پر انحصار پیدا ہونے کا شدید امکان ہوتا ہے۔ اس کا غیر قانونی استعمال جسمانی اور ذہنی صحت پر سنگین اثرات مرتب کر سکتا ہے، جن میں قلبی پیچیدگیاں، بے چینی و اشتعال، بدگمانی اور ذہنی اختلال شامل ہیں، جبکہ طویل عرصے تک اس کے غلط استعمال سے شدید انحصار کے ساتھ اعصابی اور رویّوں سے متعلق صلاحیتوں میں خرابی پیدا ہو سکتی ہے۔ میتھم فیٹامین کو این ڈی پی ایس ایکٹ- 1985 کے تحت نفسیاتی اثر رکھنے والے مادے کے طور پر درج کیا گیا ہے اور اس کی غیر قانونی تیاری، قبضہ، نقل و حمل اور اسمگلنگ پر سخت سزائیں مقرر ہیں۔

*****

ش ح- ظ الف- ش ہ ب

UR No. 2691


(ریلیز آئی ڈی: 2304045) وزیٹر کاؤنٹر : 8