وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم نے حکومت ہند کے سکریٹریوں کے ساتھ تیسری اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی
وزیر اعظم نے سکریٹریوں پر زور دیا کہ وہ طویل مدتی نقطۂ نظر اپناتے ہوئے اس بات پر غور کریں کہ ملک کے مستقبل کی سمت کس طرح متعین کی جائے
وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیٹا ایک قومی اثاثہ اور مستقبل کے لیے ایک اہم وسیلہ ہے؛ ڈیٹا کے درمیان باہمی ربط اور اس کے مؤثر استعمال پر زور دیا
وزیر اعظم نے کہا کہ مختلف محکموں کے درمیان الگ تھلگ اندازِ کار صرف تنظیمی مسئلہ نہیں بلکہ سوچ کا بھی مسئلہ ہے؛ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ احساس وابستگی کے جذبے کے ساتھ کام کریں
وزیر اعظم نے افسران کے درمیان غیر رسمی بات چیت اور ٹیم اسپرٹ پیدا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا
وزیر اعظم نے پالیسی سازی میں نئے نقطۂ نظر لانے کے لیے سرکاری محکموں، یونیورسٹیوں اور نوجوانوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ رابطے پر زور دیا
وزیر اعظم نے انسانی مداخلت اور صوابدید کو یقینی بناتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال پر زور دیا
وزیر اعظم نےہندوستان کی دفاعی صنعت کو مزید مضبوط بنانے اور اسے عالمی سطح پر زیادہ مسابقتی بنانے کی ضرورت پر زور دیا
سکریٹریوں نے اہم ترجیحات اور ان پر عمل درآمد میں درپیش چیلنجوں کے حوالے سے اپنے خیالات پیش کیے
प्रविष्टि तिथि:
20 AUG 2026 9:37PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج اپنی رہائش گاہ، 7؍ لوک کلیان مارگ پر حکومت ہند کے سکریٹریوں کے ساتھ تیسری اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچے اور رابطہ، سلامتی و امورخارجہ اور حکمرانی سے متعلق وزارتوں اور محکموں کے مستقبل کے لائحۂ عمل پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سکریٹریوں کے دو گروپوں کے ساتھ پہلے ہی تبادلۂ خیال کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریوں کو فوری نوعیت کے مسائل اور اعداد و شمار پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ طویل مدتی نقطۂ نظر بھی اپنانا چاہیے اور یہ سوچنا چاہیے کہ ملک کے مستقبل کو کس طرح تشکیل دیا جائے۔
مختلف شعبوں کے درمیان الگ تھلگ انداز کار کے چیلنج سے نمٹنے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے زور دیا کہ یہ مسئلہ محض تنظیمی نوعیت کا نہیں بلکہ سوچ سے بھی متعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الگ تھلگ انداز افقی اور عمودی، دونوں سطحوں پر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ افسران کو اپنی ذمہ داریوں کی ملکیت قبول کرتے ہوئے احساس وابستگی کے جذبے کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔
وزیر اعظم نے اجتماعی کوشش کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کووڈ-19 وبا اور مغربی ایشیا کے بحران کے تجربات کا حوالہ دیا، جب مختلف محکموں کے افسران نے باہمی تعاون کے ساتھ مؤثر طریقے سے کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے باہمی رابطے اور تال میل کے طریقۂ کار کو حکومت کے کام کاج کی ثقافت کا فطری حصہ بننا چاہیے۔
وزیر اعظم نے انسانی مداخلت اور صوابدید کو یقینی بناتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال پر زور دیا۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں کو انسانی مہارت کے ساتھ یکجا کرنے کے لیے اختراعی طریقے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم نے زور دیا کہ ڈیٹا ایک قومی اثاثہ اور مستقبل کے لیے ایک اہم وسیلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیٹا جمع کرنے، محفوظ رکھنے اور اس کے انتظام پر وسائل صرف کرتی ہے، لیکن مختلف محکموں کے الگ تھلگ نظام اور منتشر طریقۂ کار کے باعث اس کی مکمل صلاحیت سے ہمیشہ فائدہ نہیں اٹھایا جا سکتا۔ انہوں نے مختلف مقاصد کے لیے ڈیٹا جمع کرنے اور اس کے انتظام کے طریقوں میں پائے جانے والے فرق کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایسے حل تلاش کرنے پر زور دیا جو ڈیٹا کے درمیان زیادہ باہمی ربط اور اس کے مؤثر استعمال کو ممکن بنائیں۔
وزیر اعظم نے پالیسی سازی میں نئے اور تازہ نقطۂ نظر لانے کے لیے سرکاری محکموں، یونیورسٹیوں اور نوجوانوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ رابطے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور نوجوانوں کے ساتھ وسیع تر روابط سے نئے اور روایتی انداز سے ہٹ کر خیالات سامنے آ سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے دفاعی شعبے سمیت تحقیق اور اختراع پر بھی زیادہ توجہ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستان کی دفاعی صنعت کو مزید مضبوط بنانے اور اسے عالمی سطح پر زیادہ مسابقتی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اختراعی دفاعی کورسز تیار کرنے اور دفاعی شعبے میں انسانی وسائل کی ترقی کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔
وزیر اعظم نےہندوستان کے بحری شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے جامع نقطۂ نظر اپنانے کی ضرورت پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ جہاز سازی کو بنیادی ڈھانچے کا درجہ دیا گیا ہے اور اس بات کا جائزہ لینے پر زور دیا کہ آیا مطلوبہ مقاصد کو مشن موڈ میں حاصل کیا جا رہا ہے یا نہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اس ضرورت پر زور دیا کہ ہندوستان کو بندرگاہوں کی ترقی سے آگے بڑھتے ہوئے بندرگاہوں کی قیادت میں ترقی کی جانب گامزن ہونا چاہیے۔
وزیر اعظم نے پیداواری یونٹوں اور برآمدات پر مبنی یونٹوں کے درمیان بہتر رابطے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ ہندوستان کی پیداواری اور برآمدی صلاحیتیں اس کے بحری بنیادی ڈھانچے سے مکمل طور پر فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیر اعظم نے اختتام پر پیچیدہ چیلنجوں سے نمٹنے اور طویل مدتی نقطۂ نظر کے ساتھ ہندوستان کے مستقبل کی تشکیل کے لیے پوری حکومت کے مشترکہ نقطۂ نظر، بہتر تال میل، اختراعی سوچ اور اجتماعی ذمہ داری کی ضرورت کو دوہرایا۔
وزیر اعظم نے افسران کے درمیان غیر رسمی بات چیت اور ٹیم اسپرٹ پیدا کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سینئر افسران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے جونیئر ساتھیوں کے ساتھ زیادہ قریبی ذاتی اور غیر رسمی روابط قائم کریں اور مختلف کیڈروں اور محکموں کے درمیان مضبوط روابط استوار کریں۔
سکریٹریوں نے شعبہ جاتی ترجیحات، ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور عمل درآمد سے متعلق امور کے حوالے سے اپنے تجربات پیش کیے۔ میٹنگ میں کابینہ سکریٹری، اہم وزارتوں اور محکموں کے سکریٹریوں اور وزیر اعظم کے دفتر کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
***
ش ح۔م ع ن۔ م ش
U- 2410
(रिलीज़ आईडी: 2301831)
आगंतुक पटल : 4