خواتین اور بچوں کی ترقیات کی وزارت
وزیرِ اعظم نے80ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب میں ملک کی تعمیر و ترقی میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا
प्रविष्टि तिथि:
15 AUG 2026 4:00PM by PIB Delhi
80ویں یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعے کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے ملک کی ترقی کے سفر میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار اور ان کی خدمات کو اجاگر کیا اور ملک کی پیش رفت میں ان کی شرکت کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرِ اعظم نے بھارت کی بیٹیوں کی کامیابیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج خواتین مختلف شعبوں میں اپنی نمایاں موجودگی درج کرا رہی ہیں۔ خواتین کے بدلتے ہوئے کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب بیٹیاں ان شعبوں میں بھی قدم رکھ رہی ہیں اور نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں جنہیں پہلے ان کے لیے مشکل یا ناقابلِ رسائی سمجھا جاتا تھا۔
دیہی خواتین کے معاشی استحکام کو اجاگر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ 3 کروڑ لکھ پتی دیدیاں بنانے کا ہدف پہلے ہی حاصل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت نے اب 6 کروڑ لکھ پتی دیدیاں بنانے کا نیا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید 3 کروڑ لکھ پتی دیدیاں بنانے سے دیہی معیشت میں ایک بڑی تبدیلی آئے گی، جسے خواتین کی معاشی طاقت تقویت دے گی۔
وزیرِ اعظم نے مختلف شعبوں میں خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ بھارت کی بیٹیاں اپنی کامیابیوں کے ذریعے نئے معیار قائم کر رہی ہیں۔ ان کی بڑھتی ہوئی موجودگی اور خدمات خواتین کی بدلتی ہوئی امنگوں اور ملک کی تعمیر و ترقی کے سفر میں ان کے وسیع ہوتے کردار کی عکاسی کرتی ہیں۔
وزیرِ اعظم نے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ قانون ساز اسمبلیوں اور لوک سبھا میں خواتین کے لیے 33 فیصد نمائندگی یقینی بنانے کے لیے متحد ہوکر کام کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کی بیٹیوں، ماؤں اور بہنوں کی فیصلہ سازی اور ملک کے مستقبل کی تشکیل میں زیادہ سے زیادہ شرکت ہونی چاہیے۔
وزیرِ اعظم کا قوم سے خطاب بھارت کی ترقی کے سفر اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کی کوششوں میں خواتین کی شرکت، بااختیار بنانے اور قیادت کی اہمیت کی ایک بار پھر توثیق کرتا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 2176
(रिलीज़ आईडी: 2300122)
आगंतुक पटल : 12