بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بہت چھوٹی، چھوٹی اور اوسط درجے کی صنعت اکائیوں کی ترقی (ترمیمی) بل، 2026 کو پارلیمنٹ نے منظوری دی


ایم ایس ایم ای ڈی ایکٹ میں ترمیم سے ایم ایس ایم ای شعبے کی نمو اور ترقی میں مدد ملے گی

प्रविष्टि तिथि: 07 AUG 2026 8:30PM by PIB Delhi

بہت چھوٹی، چھوٹی اور اوسط درجے کی صنعتی اکائیوں کی ترقی (ترمیمی) بل، 2026، راجیہ سبھا سے 3 اگست 2026 کو پاس ہونے کے بعد، 7 اگست 2026 کو لوک سبھا سے بھی پاس کر دیا گیا۔ مائیکرو، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ ایکٹ (ایم ایس ایم ای ڈی ایکٹ) کا نوٹیفکیشن 2006 میں جاری ہوا تھا اور اس کے نفاذ کو 20 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ گزشتہ برسوں کے دوران، ٹیکنالوجی کی ترقی، آئی ٹی سے چلنے والے نظاموں کے ابھار اور بدلتے ہوئے قانونی منظر نامے کی وجہ سے ایم ایس ایم ای کے شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں، جس کی وجہ سے ایم ایس ایم ایز کی ترقی کو آسان بنانے کے لیے ایم ایس ایم ای ڈی ایکٹ میں ترمیم کی ضرورت تھی۔ اُدیم پورٹل پر رجسٹرڈ ایم ایس ایم ایز کی تعداد 01.04.2023 تک 1.65 کروڑ تھی جو اب بڑھ کر 9.16 کروڑ ہو چکی ہے۔ ایم ایس ایم ای کا شعبہ 40 کروڑ سے زائد لوگوں کو روزگار فراہم کرتا ہے اور اسے ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی مانا جاتا ہے۔

ایم ایس ایم ای ڈی ایکٹ میں یہ ترامیم ایم ایس ایم ای شعبے کی ترقی کو کنٹرول کرنے والے قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانے، کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے، غیر مجرمانہ بنانے کے ذریعے ایک سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے، ایم ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے ادارہ جاتی نظام فراہم کرنے اور مائیکرو اور چھوٹے اداروں کو درپیش ادائیگیوں میں تاخیر کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔

ایم ایس ایم ای ڈی ایکٹ میں کی جانے والی ترامیم کی نمایاں خصوصیات درج ذیل ہیں:

i۔ ایکٹ کو ایم ایس ایم ای کے بدلتے ہوئے منظر نامے کے مطابق ڈھالنا: ایکٹ میں "پلانٹ/مشینری میں سرمایہ کاری" اور "ٹرن اوور" کے دوہرے معیار پر مبنی ایم ایس ایم ای کی درجہ بندی کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ بل اُدیم رجسٹریشن پورٹل کو ایم ایس ایم ایز کے لیے ایک ڈیجیٹل، مفت اور رضاکارانہ رجسٹریشن پلیٹ فارم کے طور پر مستقل حیثیت فراہم کرتا ہے۔ ایم ایس ایم ایز کے لیے یہ رجسٹریشن مکمل طور پر رضاکارانہ ہے۔

ii۔ ادائیگیوں میں تاخیر کے مسئلے کو حل کرنے کے نظام کو مضبوط بنانا اور ایم ایس ایز کے لیے ثالثی فیصلوں کے نفاذ کی گنجائش فراہم کرنا: یہ ترمیم آن لائن تنازعات کے حل (آن لائن ڈسپیوٹ ریزولوشن) کی سہولت فراہم کرتی ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مائیکرو اور چھوٹے ادارے (ایم ایس ایز) اپنے تنازعات کو بروقت اور کم لاگت کے ساتھ حل کرنے کے قابل ہو سکیں۔ اگر کسی ڈگری، فیصلے یا حکم کو منسوخ کرنے کی درخواست چھ ماہ سے زیادہ عرصے سے زیرِ التوا ہو، تو یہ ایکٹ عدالتوں کے لیے لازمی قرار دیتا ہے کہ وہ مائیکرو اور چھوٹے اداروں کے سپلائرز کو فیصلہ شدہ رقم کا کم از کم پچاس فیصد ادا کرنے کا حکم دیں۔

iii۔ ادائیگیوں میں تاخیر کے تنازعات کا تیز تر فیصلہ یقینی بنانا: یہ ترمیم ادائیگیوں میں تاخیر کے تنازعات کا تیز تر فیصلہ یقینی بنانے کے لیے ٹائم لائنز (مقررہ وقت) متعارف کراتی ہے۔ ترمیم شدہ دفعات کے تحت، ایم ایس ای ایف سیز  یا ثالثی خدمات فراہم کرنے والے کے لیے، جیسا بھی معاملہ ہو، پہلی پیشی کے لیے طے شدہ تاریخ سے نوے دن کی مدت کے اندر ثالثی (میڈیشن) کا عمل مکمل کرنا لازمی ہے۔ اس کے بعد، ایم ایس ای ایف سیز کے لیے ثالثی کے خاتمے کی تاریخ سے تیس دن کی مدت کے اندر معاملے کو باقاعدہ پنچایت/ثالثی (آربیٹریشن) کے لیے بھیجنا ضروری ہے۔ بعد ازاں، ایم ایس ای ایف سیز یا متبادل تنازعات کے حل کی خدمات فراہم کرنے والے کسی بھی ادارے یا مرکز کے لیے، جیسا بھی معاملہ ہو، بیانات اور کاغذی کارروائی (پلیڈنگز) مکمل ہونے کی تاریخ سے نوے دن کی مدت کے اندر فیصلہ (ایوارڈ) سنانا لازمی ہے۔

iv۔ واجبات کی وصولی کو مضبوط بنانا: ترمیمی ایکٹ کے تحت، فیسیلیٹیشن کونسل کے ذریعے، یا دفعہ 18 کے تحت کسی ثالثی سروس پرووائیڈر یا متبادل تنازعات کے حل کے کسی بھی ادارے کے ذریعے کیا گیا کوئی بھی ثالثی تصفیہ نامہ یا ثالثی فیصلہ، اس دائرہ اختیار کے ڈسٹرکٹ کلکٹر، ڈپٹی کمشنر، یا کسی بھی مطلع شدہ اتھارٹی کے ذریعے 'بقایاجاتِ لگانِ اراضی' کے طور پر وصول کیا جا سکتا ہے جہاں خریدار کے اثاثے واقع ہوں۔

v۔ ایم ایس ایم ایز کو تیز تر ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرنا: تمام مرکزی پبلک سیکٹر انٹرپرائزز (سی پی ایس ایز) کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ ایم ایس ایم ایز سے سامان اور خدمات کی خریداری کے بلوں کا تصفیہ ٹریڈ ریسیویبلز ڈسکاؤنٹنگ سسٹم پلیٹ فارم (ٹی آر ای ڈی ایس) کے ذریعے کریں۔ یہ ترمیم ریاستوں کو بھی ایک سازگار نظام فراہم کرتی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے پبلک سیکٹر اداروں کو ٹی آر ای ڈی ایس کے ذریعے انوائس تصفیہ کی سہولت حاصل کرنے کی ترغیب دے سکتی ہیں۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ٹی آر ای ڈی ایس ایم ایس ایم ایز کو اضافی نقد رقم فراہم کرنے اور بروقت ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لیے ایک بہترین ادارہ جاتی پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے۔ ٹی آر ای ڈی ایس پر انوائس ڈسکاؤنٹنگ کا حجم 2022-23 میں 40,000 کروڑ روپے تھا جو اب 2025-26 میں بڑھ کر 3.47 لاکھ کروڑ روپے ہو چکا ہے۔ سی پی ایس ایز کی جانب سے انوائس کے تصفیے کو لازمی طور پر اس نظام کے تحت لانے سے ایم ایس ایم ایز کے ادائیگیوں کے مسائل مزید کم ہوں گے۔

vi۔ لچک پیدا کرنا اور ریاستوں کے لیے مائیکرو اینڈ سمال انٹرپرائزز فیسیلیٹیشن کونسل (ایم ایس ای ایف سی) کی ساخت خود طے کرنے کے لیے سازگار دفعات متعارف کرانا، جس سے مزید کونسلوں کا قیام ممکن ہو سکے: ایم ایس ای ایف سیز کی ساخت کو معقول بنایا گیا ہے تاکہ ریاستی حکومتیں مائیکرو اور چھوٹے اداروں کے واجب الادا ادائیگیوں کے تنازعات کو تیزی سے نمٹانے کے لیے متعدد کونسلیں قائم کر سکیں۔ یہ ترمیم ریاستی حکومتوں کو ایم ایس ای ایف سیز کے لیے قوانین بنانے کا اختیار بھی دیتی ہے۔

vii۔ کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانا اور ایم ایس ایم ای نظام میں بھروسے پر مبنی ضوابط متعارف کرانا: یہ ترمیم جرائم کے خاتمے (غیر مجرمانہ بنانے) کی گنجائش فراہم کرتی ہے اور سزا پر مبنی جرمانوں کی جگہ درجہ بہ درجہ دیوانی جرمانوں (سول پینلٹیز) کو شامل کرتی ہے۔ اس سے پہلے، ایم ایس ایم ای ڈی ایکٹ کے تحت رجسٹریشن نہ کرانے یا معلومات فراہم نہ کرنے پر سزا اور جرمانہ عائد کیا جاتا تھا۔ اب، ایکٹ کی ترمیم شدہ دفعات کے تحت، ان سزا کے قوانین کو غیر مجرمانہ بنا دیا گیا ہے۔ غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں، پہلی بار صرف وارننگ (انتباہ) جاری کی جائے گی، اور دوسری یا اس کے بعد کی غلطی پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح، خریداروں کی جانب سے اپنے سالانہ کھاتوں میں سود کے ساتھ واجب الادا رقم ظاہر نہ کرنے پر سزا اور جرمانے کو اب پہلی بار وارننگ، دوسری بار دیوانی جرمانے، اور تیسری یا اس کے بعد کی خلاف ورزی پر باقاعدہ جرمانے سے بدل دیا گیا ہے۔ یہ اقدام کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دیتا ہے اور بھروسے پر مبنی ریگولیٹری ماحول کو تقویت دیتا ہے۔

یہ ترامیم 'وِکست بھارت @ 2047' کے وژن کے تئیں حکومت کے عزم کے عین مطابق ہیں۔ ایک متحرک ایم ایس ایم ای شعبہ ہمہ گیر، پائیدار اور روزگار پر مبنی معاشی ترقی کے حصول کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ایم ایس ایم ای ڈی ایکٹ میں یہ ترمیم کاروباری اداروں کے باضابطہ دائرے میں شامل ہونے کی رفتار کو تیز کرے گی اور ایم ایس ایم ایز کے دائرہ کار کو بڑھانے کی راہ ہموار کرے گی، جس سے وہ ملک کی معاشی ترقی کے اصل چیمپئنز بن سکیں گے۔ یہ اقدام کاروبار کرنے میں آسانی کو بھی بڑھائے گا اور قوانین کی تعمیل کو فروغ دے گا۔

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:1624


(रिलीज़ आईडी: 2296391) आगंतुक पटल : 4
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Malayalam , English , हिन्दी , Marathi , Gujarati , Kannada