زراعت اور کاشتکاروں کی فلاح و بہبود کی وزارت
مہاراشٹر راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا (آر کے وی وائی) کی دوسری قسط کے لیے اہلیت حاصل کرنے والی پہلی ریاست بن گئی؛ مرکزی وزیرزراعت جناب شیوراج سنگھ چوہان نے فنڈز کے بروقت اور مؤثر استعمال پر ریاست کو مبارک باد دی
مرکزی وزیرزراعت نے مہاراشٹر میں آر کے وی وائی پر عمل درآمد کا جائزہ لیا اور زرعی شعبے کی ڈیجیٹل کاری، قومی باغبانی مشن، بیجوں اور دیگر اہم اجزا کے تحت کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی
प्रविष्टि तिथि:
27 JUL 2026 2:51PM by PIB Delhi
زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے آج ورچوئیل طریقے سے ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی، جس میں راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا (آر کے وی وائی) کے تحت جاری کی گئی رقوم کے استعمال کا جائزہ لیا گیا اور حکومت مہاراشٹر کو دوسری قسط (دوسری منظوری) جاری کرنے پر غور کیا گیا۔
اس میٹنگ میں حکومت مہاراشٹر کے وزیرمملکت برائے زراعت جناب دتاتریہ بھرانے حکومت ہند کی وزارتِ زراعت و کسانوں کی بہبود کے اعلیٰ حکام اور حکومت مہاراشٹر کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
جائزہ میٹنگ کے دوران مرکزی وزیرجناب شیو راج سنگھ نے بتایا کہ حکومت ہند نے اس سے قبل راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا (آر کے وی وائی) کے تحت مہاراشٹر کو پہلی قسط کی مد میں335 کروڑ روپے جاری کیے تھے۔ ریاست نے ان میں سے تقریباً260 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں، جو مقررہ 75 فیصد استعمال کی حد سے زیادہ ہے۔ اس طرح مہاراشٹر دوسری قسط کے حصول کا اہل بن گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریاست کے لیے335 کروڑ روپے کی دوسری قسط جاری کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے حکومت مہاراشٹر کو مبارک باد دیتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا (آر کے وی وائی) کی رقوم کا مجموعی طور پر 75 فیصد سے زائد استعمال یقینی بنانے پر ریاست کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر دوسری قسط کے حصول کا اہل بننے والی ملک کی پہلی ریاست ہے اور یہ کامیابی زرعی ترقی کے پروگراموں کے مؤثر نفاذ کے لیے ریاست کے عزم کی عکاس ہے۔
مرکزی وزیر نے زور دے کر کہا کہ رقوم کو بروقت خرچ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مسلسل نگرانی بھی ضروری ہے تاکہ سرکاری فنڈز صرف انہی مقاصد کے لیے استعمال ہوں جن کے لیے وہ منظور کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کسانوں کی شناختی دستاویزات کی تیاری میں مہاراشٹر کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ مزید برآں انہوں نے سیلاب سے متاثرہ کسانوں کو ریاست کی جانب سے بروقت مالی امداد کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 14 ہزار کروڑ روپے کا معاوضہ صرف پانچ دن کے اندر براہِ راست کسانوں کے بینک کھاتوں میں منتقل کر دیا گیا تھا۔
راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا (آر کے وی وائی) کے مختلف اجزا کا جائزہ لیتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے باغبانی کی جامع ترقی کے مشن (ایم آئی ڈی ایچ) کے تحت ہونے والی پیش رفت کو اطمینان بخش قرار دیا اور اس کے مؤثر نفاذ پر ریاست کی کوششوں کو سراہا۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے مہاراشٹر کو ہدایت دی کہ زرعی شعبے کی ڈیجیٹل کاری، زرعی توسیعی خدمات، قومی باغبانی مشن (این ایچ ایم)، بیج، تلہن اور زرعی شجرکاری سے متعلق شعبوں میں اخراجات اور عمل درآمد کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے یہ بھی مشورہ دیا کہ بیجوں کے شعبے سے متعلق زیرالتوا مالی واجبات کا اندراج اور تصفیہ جلد از جلد کیا جائے، تاکہ مختص رقوم کے استعمال کی شرح میں مزید بہتری آئے۔
میٹنگ کے دوران پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا (پی ایم ایف بی وائی) کے نفاذ پر بھی الگ سے غور وخوض کیا گیا۔ وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ فصل بیمہ کے لیے درخواست دیتے وقت کسان اپنی معلومات درست اور مکمل طور پر فراہم کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسان کریڈٹ کارڈ (کے سی سی) رکھنے والے اور اس سے محروم، دونوں طرح کے کسان فصل بیمہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہیں۔ تاہم، کسان کریڈٹ کارڈ کی حیثیت کو چھپا کر کسی دوسرے بینک کھاتے کے ذریعے درخواست دینے سے گریز کیا جانا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن پورٹل پر مجوزہ اقرارنامہ شامل کرنے کا مقصد صرف معلومات کی شفافیت اور درستی کو یقینی بنانا ہے، نہ کہ کسی بھی اہل کسان کو اس منصوبے کے فوائد سے محروم کرنا۔
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ حکومت ہند کسان کریڈٹ کارڈ (کے سی سی) اسکیم کے تحت شرح سود میں رعایت اور بروقت ادائیگی پر مراعات کی صورت میں خاطر خواہ مالی معاونت فراہم کرتی ہے۔ اس لیے معلومات کا درست اور مکمل انکشاف نہایت ضروری ہے، تاکہ شفافیت برقرار رہے اور سرکاری وسائل کا مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
مرکزی وزیر نے مہاراشٹر کی آئندہ کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست راشٹریہ کرشی وکاس یوجنا (آر کے وی وائی) کے باقی ماندہ اجزا پر عمل درآمد کو مزید بہتر بنائے گی اور زرعی شعبے کی ترقی میں اپنا مؤثر تعاون جاری رکھے گی۔
*********
ش ح۔ک ح۔ش ت
Urdu No-645
(रिलीज़ आईडी: 2289889)
आगंतुक पटल : 15