صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

بوکاریسٹ یونیورسٹی آف اکنامک اسٹڈیز نے صدرِ جمہوریۂ ہند کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا


مشترکہ تحقیق، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے: صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کی رومانیہ کی یونیورسٹیوں سے اپیل

प्रविष्टि तिथि: 24 JUL 2026 11:01PM by PIB Delhi

رومانیہ کے شہر بوکاریسٹ میں واقع بوکاریسٹ یونیورسٹی آف اکنامک اسٹڈیز نے آج (24 جولائی 2026) ایک پروقار تقریب کے دوران صدرِ جمہوریہ ٔہند، محترمہ دروپدی مرمو کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا۔

اپنے خطابِ  میں اس اعزاز کو قبول کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے بوکاریسٹ یونیورسٹی آف اکنامک اسٹڈیز کے ریکٹر، سینیٹ اور پوری یونیورسٹی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس اعزاز کو ہندوستان اور رومانیہ کے عوام کے درمیان دیرینہ دوستی اور باہمی احترام کی علامت کے طور پر قبول کرتی ہیں۔

 

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم ان کی زندگی میں سب سے زیادہ انقلابی تبدیلی لانے والی قوت ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں ایک استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل رہا، جہاں انہوں نے خود اس حقیقت کا مشاہدہ کیا کہ ایک معمولی سا کلاس روم بھی نہ صرف ایک خاندان بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ پوری برادری کا مستقبل بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم محض فرد کی ترقی کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک منصفانہ، مساوی اور جامع معاشرے کی بنیاد ہے۔

 

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور رومانیہ کی دوستی باہمی احترام، اعتماد اور مشترکہ جمہوری اقدار پر استوار ہے۔ تعلیم اس شراکت داری کا ایک مضبوط ستون رہی ہے۔ کئی دہائیوں سے رومانیہ کی یونیورسٹیاں، خصوصاً طب، انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں، ہندوستانی طلبہ کا خیرمقدم کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے بوکاریسٹ یونیورسٹی آف اکنامک اسٹڈیز اور رومانیہ کے دیگر تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ تحقیق، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔

صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ آج، جب مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور سائنس کی دیگر تیز رفتار ترقیوں کے باعث دنیا تیزی سے بدل رہی ہے، تو بوکاریسٹ یونیورسٹی آف اکنامک اسٹڈیز جیسی جامعات پر پہلے سے کہیں زیادہ یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ علم کے ساتھ دانائی، اخلاقیات اور انسان دوستی بھی ہم قدم رہیں۔

 

صدرِ جمہوریہ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی کل کی دنیا کے معمار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کا معیار صرف پیشہ ورانہ کامیابیاں نہیں ہوتیں بلکہ وہ اقدار بھی ہوتی ہیں جن پر انسان قائم رہتا ہے اور دوسروں کی زندگی میں جو مثبت تبدیلی لاتا ہے، وہ بھی اس کی کامیابی کا پیمانہ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ علم کے حصول کی جستجو میں ہمیشہ تجسس برقرار رکھیں، اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کریں اور اپنے طرزِ عمل میں ہمدردی اور رحم دلی کو فروغ دیں۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی اور رابطے کے پل تعمیر کرنے اور ایک زیادہ پُرامن اور خوشحال دنیا کی تشکیل میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے بروئے کار لائیں۔

بوکاریسٹ یونیورسٹی آف اکنامک اسٹڈیز رومانیہ میں معاشیات، کاروباری نظم و نسق اور عوامی انتظامیہ کی اعلیٰ تعلیم کا ممتاز ترین ادارہ ہے۔ 1913 میں قائم ہونے والی یہ رومانیہ کی پہلی یونیورسٹی تھی جو خصوصی طور پر معاشی علوم کے لیے قائم کی گئی تھی۔ اس ادارے نے اب تک ماہرینِ معاشیات، پالیسی سازوں، کاروباری رہنماؤں اور عوامی انتظامیہ کے متعدد اعلیٰ عہدے داروں کی نسلیں تیار کی ہیں۔

 

ڈاکٹر آنورِس کازا  اس یونیورسٹی کا اعلیٰ ترین اعزازی علمی اعزاز ہے، جو تعلیمی میدان، عوامی خدمت اور بین الاقوامی تعاون میں غیر معمولی خدمات انجام دینے والی ممتاز شخصیات کو عطا کیا جاتا ہے۔

صدرِ جمہوریہ کے خطاب کا متن دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

********

ش ح۔ ش ت  ۔رض

U-634


(रिलीज़ आईडी: 2289824) आगंतुक पटल : 5
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Bengali , Assamese , Punjabi , Gujarati , Tamil , Telugu , Malayalam