صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے رومانیہ میں ہندوستانی برادری سے خطاب کیا


صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا: ہندوستان اور رومانیہ کے تعلقات کا مضبوط ترین ستون دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی رشتہ ہے

صدرجمہوریہ نے رومانیہ میں مقیم ہندوستانی برادری پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کے ترقیاتی سفر میں سرگرم شراکت دار کا کردار ادا کرتی رہے

प्रविष्टि तिथि: 25 JUL 2026 7:07PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے اپنے رومانیہ کے سرکاری دورے کے آخری دن جمعہ کو بخارسٹ میں ہندوستان کے سفیر کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب میں رومانیہ میں مقیم ہندوستانی برادری اور ’’فرینڈز آف انڈیا‘‘ سے خطاب کیا۔ اس موقع پر امور صارفین، خوراک اور عوامی نظام تقسیم کی وزیر مملکت نموبین جینتی بھائی بمبھانیہ، ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر دنیش شرما اور وجے باگھیل بھی موجود تھے۔

رومانیہ میں مقیم ہندوستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ اگرچہ وہ ہندوستان سے دور رہتے ہیں، لیکن ان کا اپنی مادرِ وطن سے تعلق آج بھی مضبوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کی کامیابیاں اور وطن سے محبت ہر ہندوستانی کے لیے باعث فخر ہیں۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ہندوستانی کمپنیاں اور پیشہ ور افراد رومانیہ کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے مواقع بھی پیدا کر رہے ہیں۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور رومانیہ کے تعلقات کا سب سے مضبوط ستون دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند ہے کہ رومانیہ میں مقیم ہندوستانی برادری متحد ہے اور ہندوستان کی بھرپور ثقافتی وراثت کو زندہ رکھے ہوئے ہے، جبکہ آئی ٹی انجینئروں، محققین، اسکالروں، صحت کے شعبے سے وابستہ ماہرین اور طلبہ کی نئی نسل رومانیہ کو اپنا گھر بنا رہی ہے۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ رومانیہ کی معیشت اور معاشرے میں ہندوستانی برادری کی خدمات اور وہاں ہندوستانی ثقافت اور اقدار کے فروغ کے لیے ان کی کوششیں انہیں ہندوستان کا حقیقی نمائندہ بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنی محنت، صلاحیت اور لگن کے بل پر ہندوستانی برادری کے افراد نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ صدر نے ہندوستانی برادری کا خیرمقدم کرنے اور ان کی سلامتی کو یقینی بنانے پر رومانیہ کی حکومت اور عوام کی بھی ستائش کی۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ ’’وکست بھارت 2047‘‘ کا وژن ایک خوشحال، جدید، خود کفیل اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے ہندوستان کی تعمیر ہے۔ انہوں نے رومانیہ میں مقیم ہندوستانی برادری پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کے ترقیاتی سفر میں سرگرم شراکت دار کا کردار ادا کرتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تجربہ، مہارت اور کامیابیاں ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

صدرجمہوریہ نے استقبالیہ تقریب میں موجود رومانیہ کے ’’فرینڈز آف انڈیا‘‘ کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فن، ثقافت اور روحانی روایات سے ان کی وابستگی دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے میں ایک اہم پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور رومانیہ کے درمیان دوستی اور تعاون کو مزید مستحکم بنانے میں ان کے مسلسل تعاون کو سراہا۔

تین ممالک کے کامیاب سرکاری دورے کی تکمیل کے بعد صدر دروپدی مرمو نئی دہلی کے لیے روانہ ہو گئیں۔

Please click here to see the President’s Speech

 

***

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

U : 589


(रिलीज़ आईडी: 2289476) आगंतुक पटल : 7
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Gujarati , Tamil , Telugu , Malayalam