وزارت خزانہ
azadi ka amrit mahotsav

ڈی آر آئی نے سونے کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دیں؛ خفیہ معلومات کی بنیاد پر ملک گیر کارروائیوں میں 27 کلو گرام اسمگل شدہ سونا ضبط، 12 افراد گرفتار

प्रविष्टि तिथि: 25 JUL 2026 4:01PM by PIB Delhi

اسمگلنگ کے منظم نیٹ ورکس کے خلاف اپنی مسلسل کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ملک بھر میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں انجام دیں، جن کے نتیجے میں 27کلوگرام سے زائد غیر ملکی اسمگل شدہ سونا ضبط کیا گیا اور 12 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان کارروائیوں کے دوران اسمگلنگ کے جدید اور پیچیدہ طریقۂ کار بے نقاب ہوئے، جن میں ہوائی جہاز کے بیت الخلا کی چھت میں سونا چھپانا، گاڑیوں اور برتنوں میں خصوصی طور پر تیار کی گئی خفیہ جگہوں میں سونا رکھنا اور جسم میں  سونا چھپا کر اسمگل کرنا شامل ہے۔ ان واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ منظم اسمگلنگ کے گروہ مسلسل نئے اور پیچیدہ طریقے اختیار کر رہے ہیں۔

موصولہ مخصوص خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈی آر آئی کے ممبئی میں تعینات افسران نے 23 اور 24 جولائی 2026 کو ادیس ابابا سے آنے والے تین مسافروں کو روک کر تفتیش کی۔ اس کے بعد طیارے کی تفصیلی تلاشی کے دوران اس کے عقبی بیت الخلا کی چھت کے پینلوں میں چھپائی گئی غیر ملکی ساخت کی سونے کی چھ چھڑیں  برآمد ہوئیں، جن کا مجموعی وزن تقریباً 12 کلوگرام تھا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مسافروں نے یہ سونا بعد میں ہوائی اڈے کے عملے کے ذریعے نکلوانے کی غرض سے وہاں چھپایا تھا۔ ضبط شدہ سونا تحویل میں لے لیا گیا اور تینوں مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

مورخہ23جولائی 2026 کو موصولہ مخصوص خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈی آر آئی کے افسران نے اتر پردیش میں برہم پتر میل سے سفر کرنے والی ایک خاتون مسافر کو روک کر تلاشی لی۔ تلاشی کے دوران اس کی کمر پر بندھی بیلٹ اور ہینڈ بیگ سے غیر ملکی ساخت کی سونے کی 42 چھڑیں برآمد ہوئیں، جن کا مجموعی وزن تقریباً 5 کلوگرام تھا۔ خاتون مسافر نے اعتراف کیا کہ یہ سونا بنگلہ دیش کے راستے غیر قانونی طور پر بھارت میں اسمگل کیا گیا تھا۔ ضبط شدہ سونا تحویل میں لے لیا گیا اور خاتون مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایک اور خفیہ اطلاع پر مبنی کارروائی کے دوران 22 تا 23 جولائی 2026 کو ممبئی ہوائی اڈے پر ڈی آر آئی کے افسران نے سونے کی اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، جو سونے کے ذرّوں  کو موم کی شکل میں ڈھال کر ہوائی جہاز کے بیت الخلا میں چھپاتا تھا۔ بعد ازاں ہوائی جہاز کی صفائی پر مامور عملے کے بعض ملوث افراد اسے وہاں سے نکالتے تھے۔ اس کارروائی کے دوران 3.7 کلوگرام سونے کے ذرّات  (موم کی شکل میں) ضبط کی گئی اور پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں سونا لے جانے والا شخص، صفائی کا عملہ، ہینڈلر اور وصول کنندہ شامل ہیں۔

اسی طرح 19 تا 20 جولائی 2026 کو ڈی آر آئی کے افسران نے کولکاتا ریلوے اسٹیشن پر ایک مسافر کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران خصوصی طور پر تیار کیے گئے برتنوں کے اندر نہایت مہارت سے چھپایا گیا 4.6 کلوگرام غیر ملکی ساخت کا سونا برآمد ہوا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ ممنوعہ سامان میانما کے راستے غیر قانونی طور پر بھارت میں اسمگل کیا گیا تھا۔ ضبط شدہ سونا تحویل میں لے لیا گیا اور مسافر کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسی ہفتے کے دوران مزید دو الگ الگ کارروائیوں میں ڈی آر آئی کے افسران نے کوچین اور گوہاٹی میں تقریباً 2 کلوگرام غیر ملکی ساخت کا سونا ضبط کیا۔ کوچین ہوائی اڈے پر دبئی سے آنے والے ایک مسافر کے جسم کے اندر چھپایا گیا سونا برآمد کیا گیا، جبکہ گوہاٹی میں ایک گاڑی میں خصوصی طور پر تیار کی گئی خفیہ جگہ میں چھپائے گئے سونے کے بسکٹ ضبط کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔

***

 ش ح ۔ ا ع خ ۔ ر  ا 

U. No. 582


(रिलीज़ आईडी: 2289388) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Gujarati , Marathi , हिन्दी , Tamil , Telugu , Malayalam