ریلوے کی وزارت
صرف پانی کے بخارات سے 3,000 لیٹر ڈیزل کی بچت: بھارت کی ہائیڈروجن ٹرین کی کامیابی کی داستان
प्रविष्टि तिथि:
25 JUL 2026 2:19PM by PIB Delhi
ہندوستان کی پہلی ہائیڈروجن ٹرین کا افتتاح 17 جولائی 2026 کو دہلی کے نزدیک جند اور سونی پت کے درمیان کیا گیا۔ اب تک یہ ٹرین 1,200 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر بغیر کسی رکاوٹ کے طے کر چکی ہے، جس کے نتیجے میں 3,200 لیٹر سے زائد ڈیزل کی بچت ہوئی ہے۔
ہائیڈروجن ٹرین میں بجلی، ہائیڈروجن اور آکسیجن کے درمیان ہونے والے کیمیائی عمل کے ذریعے خود ٹرین کے اندر ہی پیدا کی جاتی ہے۔ اس عمل سے حاصل ہونے والی بجلی ٹرین کو چلانے کے لیے استعمال ہوتی ہے، جبکہ اس کے نتیجے میں صرف آبی بخارات خارج ہوتے ہیں۔ اس میں نہ دھواں پیدا ہوتا ہے اور نہ ہی کاربن کے اخراج والی کوئی ایگزاسٹ گیس خارج ہوتی ہے، جس کے باعث یہ اس وقت ریل گاڑیوں کو چلانے کا سب سے صاف اور ماحول دوست ذریعہ ہے۔
یہ منصوبہ بھارتی ریلوے کی قیادت میں مکمل طور پر دیسی صلاحیتوں سے تیار کیا گیا ہے۔ دس ڈبوں پر مشتمل اس ٹرین میں ہائیڈروجن سے چلنے والی دو طاقت بخش گاڑیاں نصب ہیں، جو مجموعی طور پر 2,400 کلو واٹ طاقت فراہم کرتی ہیں۔ اس نظام کو لیتھیئم آئرن فاسفیٹ بیٹریوں اور ہائیڈروجن کے سلنڈروں کی مدد حاصل ہے۔
سبز ہائیڈروجن کو 500 بار تک کے دباؤ پر محفوظ کیا جاتا ہے اور 350 بار کے دباؤ پر فراہم کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے تقریباً 3,000 کلوگرام گنجائش رکھنے والی ذخیرہ گاہ قائم کی گئی ہے، جو جند میں بھارتی ریلوے کی پہلی مخصوص ہائیڈروجن ذخیرہ گاہ ہے۔
اس منصوبے میں متعدد خودمختار حفاظتی نظام نصب کیے گئے ہیں، جو ہائیڈروجن کے اخراج، حرارت، شعلوں اور دھوئیں کا فوری پتہ لگاتے ہیں۔ ان کے ساتھ خودکار بندش کے نظام، مسلسل ہواداری، بین الاقوامی معیارات کی مکمل پاسداری اور تمام لازمی توثیقی مراحل بھی شامل ہیں۔ جند اور سونی پت کے درمیان کامیاب آزمائشی آپریشن کے بعد اب جلد ہی دہلی کے راستے پر آزمائشی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
بھارت کی ہائیڈروجن فیول سیل ٹرین محض ایک تکنیکی کامیابی نہیں، بلکہ یہ ملک میں مقامی سطح پر ہائیڈروجن پر مبنی ریلوے نظام کی بنیاد رکھتی ہے اور پائیدار، صفر اخراج والی ریل آمدورفت کے لیے بھارت کے عزم کا عملی مظاہرہ بھی کرتی ہے۔ یہ منصوبہ مستقبل میں اس ٹیکنالوجی کے مزید فروغ اور صاف ستھری نقل و حمل کے شعبے میں عالمی قیادت کی راہ ہموار کرے گا۔
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-578
(रिलीज़ आईडी: 2289361)
आगंतुक पटल : 8