وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے فوجی اور فیلڈ اسپتالوں میں آیوش علاج کی سہولت کو وسعت دینے کیلئے وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کو خط لکھا

تجویز میں دفاعی اہلکاروں کیلئے احتیاطی، صحت کو فروغ دینے والی اور جامع طبی نگہداشت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 22 JUL 2026 11:37AM by PIB Delhi

آیوش کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے وزیردفاع جناب راج ناتھ سنگھ کو  خط لکھ کر آیوش او پی ڈی کے قیام اور فوجی اور فیلڈ اسپتالوں میں آیوش پر مبنی علاج کی خدمات کی فراہمی کی تجویز پیش کی ہے ۔

اپنے خط میں مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے مسلح افواج کی طبی خدمات کے اہم کردار کو اجاگر کیا، جو ملک کے ان سپاہیوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کر رہی ہیں جو مختلف اور اکثر مشکل ماحول میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ جناب جادھو نے کہا کہ اگرچہ مسلح افواج کے پاس جدید طبی سہولتوں کا ایک مضبوط نظام موجود ہے، تاہم بھارت کے روایتی نظام طب کو اس میں شامل کرنے سے دفاعی اہلکاروں کےلئے احتیاطی، صحت کو فروغ دینے والی اور جامع طبی نگہداشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

جناب پرتاپ راؤ جادھو نے کہا کہ اگرچہ وزارت دفاع کے تحت چند محدود اداروں میں اس وقت آیوش علاج کی سہولتیں دستیاب ہیں، تاہم بڑی تعداد میں فوجی اور فیلڈاسپتالوں میں ابھی تک آیوش کی مخصوص خدمات موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ان اسپتالوں میں آیوش کی سہولتوں کو وسعت دینے سے سپاہیوں کو شواہد پر مبنی روایتی طبی نگہداشت تک بالخصوص احتیاطی صحت، طرززندگی کے انتظام، بحالی صحت اور مجموعی بہبود کے شعبوں میں زیادہ بہتر رسائی حاصل ہو سکے گی۔

جناب جادھو نے اس بات پر زور دیا کہ آیوش خدمات کی شمولیت موجودہ طبی نظام کو مزید مضبوط بنائے گی اور مسلح افواج کے اہلکاروں کے لیے زیادہ جامع اور مریضوں کی ضروریات پر مبنی نگہداشت کے نظام کے قیام میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کا اقدام بھارت کے مالا مال روایتی طبی ورثے کو ملک کے عوامی صحت کے نظام کے ساتھ مزید مربوط کرنے کو فروغ دے گا۔

وزیر موصوف نے وزارتِ دفاع سے درخواست کی ہے کہ تمام فوجی اور فیلڈ اسپتالوں میں آیوش کے او پی ڈی اور علاج کی سہولتیں قائم کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ وزارت آیوش اس اقدام کے نفاذ میں سہولت فراہم کرنے کے لئے تمام ضروری تکنیکی تعاون، پیشہ ورانہ رہنمائی اور ادارہ جاتی اشتراک فراہم کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے، جس میں مفاہمت  نامے(ایم او یو) پر دستخط بھی شامل ہیں۔

مجوزہ تعاون حکومت کے اس مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ جامع اور مربوط طبی نگہداشت کے طریقۂ کار کو فروغ دیا جائے اور یہ یقینی بنایا جائے کہ بھارت کے روایتی نظام طب کے فوائد معاشرے کے وسیع تر طبقوں تک پہنچیں، جن میں ملک کی مسلح افواج کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

 

*********

 

 

 ش ح۔ک ا۔ش ت

Urdu No-321


(ریلیز آئی ڈی: 2287575) وزیٹر کاؤنٹر : 11