کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

تجارت و صنعت  کےمرکزی وزیرجناب پیوش گوئل نے ہند-اسپین اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اسپین کے دورے کا آغاز کیا


جناب پیوش گوئل اوراسپین کے نائب صدر اول کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اختراعات کے شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلۂ خیال

جناب پیوش گوئل نے اسپین کے وزیر صنعت کے ساتھ ملاقات کی، جس میں مینوفیکچرنگ اور اختراعات پر مبنی شراکت داری کو آگے بڑھانے پر گفتگو ہوئی

ہند-اسپین بزنس فورم میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے نئے مواقع کا جائزہ لیا گیا

प्रविष्टि तिथि: 14 JUL 2026 10:48AM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے 13 جولائی 2026 کو اپنے سرکاری دورۂ اسپین کا آغاز سلسلہ واراعلیٰ سطحی ملاقاتوں  سے کیا، جن کا مقصد ہند-اسپین اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانا اور تجارت، سرمایہ کاری، اختراعات اور صنعت کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں اور ترجیحی شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں۔ یہ دورہ اس لحاظ سے بھی غیرمعمولی اہمیت کا حامل ہے کہ ہند-اسپین سفارتی تعلقات کے 70 برس مکمل ہونے کے موقع پرہو رہا ہے، جبکہ سال 2026 کو ہند-اسپین مشترکہ ثقافت، سیاحت اور مصنوعی ذہانت کےسال کے  طور پر بھی منایا جا رہا ہے۔

دورے  کےپہلے روز مرکزی وزیر نے اسپین کی حکومت کے سینئر وزراء اور اعلیٰ حکام کے ساتھ اہم دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے کاروباری سربراہوں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے والی ایجنسیوں سے بھی تبادلۂ خیال کیا، ہند-اسپین بزنس فورم سے خطاب کیا اور ہندوستانی کاروباری وفد کے ارکان سے ملاقات کی۔ ان سرگرمیوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینا، صنعتی شراکت داری کو وسعت دینا اور عالمی سرمایہ کاروں کے سامنے ہندوستان میں دستیاب بڑھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کرنا تھا۔

جناب پیوش گوئل نے اسپین کی حکومت کے نائب صدراول اور وزیر معیشت، تجارت و کاروبار، عزت مآب جناب کارلوس کوئرپو کابالیرو سے دوطرفہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، کاروباری تعاون کو وسعت  دینے، اختراعات پر مبنی ترقی کو فروغ دینے اور اقتصادی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ مذاکرات میں منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے، مضبوط اور پائیدار سپلائی چین قائم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی شراکت داری کو وسعت دینے پر زور دیا گیا، جبکہ قابلِ تجدید توانائی، گرین ہائیڈروجن، جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے اور اختراعات جیسے شعبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ دونوں فریقوں نے ہند-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کے حوالے سے بھی خیالات کا تبادلہ کیا اور اسپین کے ساتھ ہندوستان کے تجارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے نئی سرمایہ کاری کو آسان بنانے اور کاروباری اعتماد میں اضافے کے لیے فاسٹ ٹریک میکانزم سے بھرپور استفادہ کرنے پر اتفاق کیا، جبکہ رواں سال کے اواخر میں ہند-اسپین مشترکہ کمیشن برائے اقتصادی تعاون کے اگلے اجلاس کے انعقاد کی امید بھی ظاہر کی۔

مرکزی وزیر نے اسپین کے وزیر صنعت و سیاحت، عزت مآب جناب جارڈی ہیریو بوہر سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر صنعتی تعاون کو فروغ دینے، پائیدار مینوفیکچرنگ کو تقویت دینے، ٹیکنالوجی پر مبنی شراکت داری کی حوصلہ افزائی کرنے اور صاف توانائی، نقل و حمل، جدید مینوفیکچرنگ اور سیاحت جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے آٹوموبائل، ریلوے اور اسمارٹ انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے ’’میک اِن انڈیا‘‘پہل کے تحت سی-295 پروگرام کو صنعتی تعاون کی قابل ذکر کامیاب مثال قرار دیا۔ دونوں وزراء نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے، جبکہ سال 2026 کو ہند-اسپین سال برائے ثقافت، سیاحت اور مصنوعی ذہانت کے طور پر منایا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کی معیشتوں اور عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ اجلاس  کے اختتام پر دونوں فریقوں نے صنعت سے صنعت کے درمیان روابط کو مزید مستحکم بنانے کےتئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

اس دورے کی اہم جھلک ہند-اسپین بزنس فورم کی نشست تھی، جس کا مشترکہ طور پر انعقاد فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (فکی)، اسپین چیمبر آف کامرس، اسپینش کنفیڈریشن آف بزنس آرگنائزیشنز (سی ای او ای) اور آئی سی ای ایکس اسپین ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ نے کیا۔ اس فورم میں دونوں ممالک کے سینئر سرکاری حکام، صنعتی رہنماؤں اور کاروباری نمائندوں نے شرکت کی اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔

فورم کا آغاز اسپین چیمبر آف کامرس کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ انماکولادا رییرا، سی ای او ای کی بین الاقوامی تعلقات کمیٹی کی صدر محترمہ مارتا بلانکو، فکی کے صدر جناب اننت گوئنکا، کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کے صدر جناب آر مکندن اور اسپین و اندورا میں ہندوستان کے سفیر عزت مآب جناب جینت این کھوبراگڑے کے خیرمقدمی کلمات سے ہوا۔

مرکزی خطاب کے اجلاس سے اسپین کی حکومت کے سکریٹری آف اسٹیٹ برائے صنعت جناب جارڈی گارسیا برسٹینگا اور مرکزی وزیر تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے خطاب کیا۔ جناب پیوش گوئل نے اپنے خطاب اور اسپین کے ممتاز صنعت کاروں اور کاروباری رہنماؤں سے گفتگو کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہندوستان آج دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشت بن چکا ہے، جہاں مضبوط اقتصادی نمو، اصلاحات پر مبنی پالیسیوں اور وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ہسپانوی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ ہندوستان میں اپنی موجودگی کو مزید وسعت دیں اور مینوفیکچرنگ، بنیادی ڈھانچے، قابلِ تجدید توانائی، جدید مینوفیکچرنگ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل معیشت اور اختراعات جیسے شعبوں میں ہندوستان کی ترقی کے سفر کا حصہ بنیں۔

کلیدی خطابات کے بعد سوال و جواب کا ایک اجلاس اور نیٹ ورکنگ استقبالیہ منعقد ہوا، جس  سے دونوں ممالک کے کاروباری رہنماؤں کو تجارتی شراکت داری، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کا موقع فراہم ہوا۔

جناب پیوش گوئل نے اسپین کی تجارتی و سرمایہ کاری کو فروغ دینے والی ایجنسی آئی سی ای ایکس ایسپانیا ایکسپورٹاسیون ای اِنورسیونیس کے سینئر حکام سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ سرمایہ کاری کے بہاؤ کو مضبوط بنانے، کاروباری روابط کو آسان بنانے اور ہسپانوی کمپنیوں کی ہندوستان کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حوصلہ افزائی کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ مذاکرات میں سرمایہ کاری پر مبنی شراکت داری، ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون اور دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کو مزید سہولت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

دن بھر کی ملاقاتوں کے اختتام پر جناب پیوش گوئل نے فکی کی قیادت میں اسپین پہنچنے والے ہندوستانی کاروباری وفد کے ارکان سے ملاقات کی۔ جائزہ اجلاس کے دوران انہوں نے صنعتی رہنماؤں کے ساتھ دورے کے دوران سامنے آنے والے مواقع پر تبادلۂ خیال کیا اور ہندوستانی صنعتوں کو آئندہ برسوں میں اسپین میں سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت داری کو مزید وسعت دینے کی ترغیب دی۔

اس دورے سے ہندوستان اور اسپین کے اس مشترکہ عزم کا پھر سےاعادہ کیاگیا کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون، اختراعات اور عوامی روابط کے ذریعے اپنی اسٹریٹجک اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سیاسی ہم آہنگی کی بنیاد پر فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس دورے کے نتائج سے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو نئی رفتار ملے گی اورکاروباری اداروں و سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

*****

 ش ح۔م ش ع۔ش ا

Urdu No-9913


(रिलीज़ आईडी: 2284378) आगंतुक पटल : 9
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Gujarati