وزارت خزانہ
ڈی آر آئی نے ملک بھر میں جنگلی حیات کی اسمگلنگ کے متعدد نیٹ ورکس بے نقاب کیے
ملک گیر مربوط کارروائیوں میں 440 سے زائد نایاب و محفوظ جنگلی جانور، تقریباً 15 کلوگرام ہاتھی دانت اور اس سے تیار کردہ اشیا ضبط؛ 33 افراد گرفتار
प्रविष्टि तिथि:
13 JUL 2026 7:22PM by PIB Delhi
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ملک گیر کارروائیوں کے دوران جنگلی حیات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 440 سے زائد نایاب و محفوظ جنگلی جانوروں اور تقریباً 15 کلوگرام ہاتھی دانت اور اس سے تیار کردہ اشیا ضبط کی ہیں، جبکہ اسمگلنگ میں ملوث 33 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
10 جولائی 2026 کو ڈی آر آئی کے افسران نے راجستھان کے سوجان گڑھ کے قریب ہاتھی دانت کی غیر قانونی تجارت میں ملوث افراد کو گرفتار کیا۔ اس کارروائی کے دوران تقریباً 11 کلوگرام ہاتھی دانت برآمد کر کے ضبط کیا گیا۔ چار افراد کو حراست میں لینے کے بعد ضبط شدہ ہاتھی دانت سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے محکمہ جنگلات کے حوالے کر دیا گیا۔
بھارتی ہاتھی (ایلیفس میکسیمس) کو وائلڈ لائف (تحفظ) ایکٹ، 1972 کے شیڈول-I میں شامل کیا گیا ہے، جس کے تحت ہاتھیوں اور ان سے حاصل ہونے والی اشیا کی تجارت ممنوع ہے۔
اسی طرح سی آئی ٹی ای ایس کے تحت بھارت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق ہاتھی دانت کی تجارتی خرید و فروخت پر بھی پابندی عائد ہے، جبکہ خارجہ تجارتی پالیسی کے تحت ہاتھی دانت کی درآمد اور برآمد بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

اس سے قبل، ہاؤڑہ میں ڈی آر آئی کے افسران نے دو افراد کو گرفتار کیا اور دیوی دیوتاؤں کے دو ایسے بت (مورتیاں) ضبط کیے جو ہاتھی دانت سے بنے تھے، اور جن کے بارے میں شبہ تھا کہ انہیں بنگلہ دیش سے اسمگل کر کے ہندوستان لایا گیا تھا۔
میسور (کرناٹک) میں کی گئی ایک اور کارروائی میں، ڈی آر آئی کے افسران نے 4 کلو گرام ہاتھی دانت ضبط کیا اور اس کی غیر قانونی تجارت میں ملوث تین افراد کو حراست میں لے کر مزید کارروائی کے لیے محکمۂ جنگلات کے حوالے کر دیا۔
7 اور 8 جولائی 2026 کو، مہاراشٹر اور مغربی بنگال میں کئی مقامات پر ایک بین ریاستی وائلڈ لائف اسمگلنگ سنڈیکیٹ کا پردہ فاش کیا گیا۔ یہ اپنی نوعیت کی پہلی اتنی بڑی مشترکہ کارروائی تھی جو ڈی آر آئی (ممبئی) اور سی بی آئی کے اکنامک آفینسز برانچ (ای او بی، ممبئی) نے وائلڈ لائف کرائم کنٹرول بیورو (ڈبلیو سی سی بی) کے تعاون سے انجام دی۔ اس کارروائی کے دوران وائلڈ لائف (پروٹیکشن) ایکٹ، 1972 کے شیڈول 1 کے تحت درج کئی جنگلی حیات کی اقسام بشمول 15 سلو لوریس، 2 بنٹورونگ، 28 اسٹار کچھوے، 6 مصری گدھ اور 2 شکرہ پرندے برآمد اور ریسکیو کیے گئے۔ اس معاملے کی انٹیلیجنس ڈی آر آئی نے تیار کی تھی اور اب اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کر رہی ہے۔ سی بی آئی نے چھ ملزمان کو حراست میں لیا اور بعد میں انہیں گرفتار کر لیا۔

بعض دوسرے واقعات میں، ڈی آر آئی نے بنکاک، کوالالمپور اور کولمبو سے آنے والے مسافروں کے ذریعے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے راستے ہندوستان میں محفوظ جنگلی حیات کو اسمگل کرنے کی متعدد کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنایا ہے۔ ان کارروائیوں میں البینو ریڈ ایئرڈ ٹرٹل، ہائپو زیرو بیئرڈڈ ڈریگن، افریقن اسپرڈ ٹورٹائز، بورنیو پائتھن، گرین اگوانا، مینگروو مانیٹر لزرڈ، ارجنٹائن بلیک اینڈ وائٹ ٹیگو، گوئلڈی مارموسیٹ، یلو چیکڈ گبن، انڈونیشین بلیو ٹنگڈ اسکنک، سیامانگ گبن، وولی منکی، سلوری لوٹونگ، یلو بیلی بال پائتھن اور پیسٹل بال پائتھن جیسی انواع کو ضبط اور ریسکیو کیا گیا ہے۔

بنگلورو، ورنگل، پونے، سورت، چنئی، کولکتہ، تریچی، مدورائی، سری کاکولم، ہوجائی (آسام)، راجستھان، میسور اور ہاؤڑہ میں ڈی آر آئی کی مربوط کارروائیوں کے نتیجے میں جنگلی حیات کی مصنوعات بشمول پینگولن کے اسکیلز (چھلکے)، تیندوے کی کھال، سمندری گھوڑے (سی ہارس) پر مبنی جنگلی حیات کی اشیاء، لال چندن (ریڈ سینڈرز)، اور گبن، چھپکلیوں، کچھوؤں، پرندوں، گلہریوں، سانپوں اور ریڈ سینڈ بوآ وغیرہ کی محفوظ اقسام کو ضبط اور برآمد کیا گیا ہے۔

ان میں سے کئی کارروائیاں نفاذِ قانون کے شراکت دار اداروں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے انجام دی گئیں، جن میں سی بی آئی، ڈبلیو سی سی بی، بنگلورو، کولکتہ، تریچی اور مدورائی کے کسٹمز کے ایئرپورٹ انٹیلیجنس یونٹس، ریاستی محکمۂ جنگلات اور مقامی پولیس حکام شامل ہیں۔
انٹیلیجنس پر مبنی یہ مسلسل کارروائیاں منظم وائلڈ لائف جرائم سے نمٹنے اور خطرے سے دوچار نباتات و حیوانات کی سرحد پار اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے ڈی آر آئی کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔ ڈی آر آئی 'کنونشن آن انٹرنیشنل ٹریڈ ان اینڈینجرڈ اسپیشیز آف وائلڈ فانا اینڈ فلورا'(سی آئی ٹی ای ایس )کے تحت ہندوستان کی ذمہ داریوں کو مستحکم کرنا جاری رکھے ہوئے ہے، جس سے ملک کی بھرپور حیاتیاتی تنوع (بایوڈائیورسٹی) کے تحفظ میں مدد مل رہی ہے۔
***
ش ح ۔ م د ۔ م ص
U : 9900
(रिलीज़ आईडी: 2284291)
आगंतुक पटल : 9