محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ای پی ایف او نے پروویڈنٹ فنڈ ٹرسٹس کے لیے ایمنسٹی اسکیم 2026 کے تحت درخواستیں طلب کیں

प्रविष्टि तिथि: 12 JUL 2026 9:35AM by PIB Delhi

وزارتِ محنت و روزگار کے تحت کام کرنے والے ایمپلائیز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) نے ایمنسٹی اسکیم 2026 کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کے تحت تسلیم شدہ مستثنیٰ پروویڈنٹ فنڈ (پی ایف) ٹرسٹ چلانے والے اداروں کو ایک مرتبہ اپنے قانونی اور انتظامی معاملات کو باقاعدہ بنانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔

ای پی ایف او نے آجروں، متعلقہ فریقوں (اسٹیک ہولڈرز) اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں، جو چھ ماہ تک نافذ رہے گی۔ فنانس ایکٹ 2026 کے ذریعے تسلیم شدہ پروویڈنٹ فنڈز سے متعلق انکم ٹیکس کے ضوابط کو ایمپلائیز پروویڈنٹ فنڈ اینڈ متفرق دفعات ایکٹ 1952 کے قانونی اور انتظامی احکامات سے ہم آہنگ کر دیا گیا ہے۔ نئے ضوابط کے مطابق، انکم ٹیکس ایکٹ 2025 کے تحت صرف وہی پروویڈنٹ فنڈز تسلیم شدہ حیثیت برقرار رکھ سکیں گے جنہیں ایمپلائیز پروویڈنٹ فنڈ اینڈ متفرق دفعات ایکٹ 1952 کی دفعہ 17 کے تحت باضابطہ استثنیٰ حاصل ہو۔ اس اسکیم کے تحت ایسے اداروں کو مذکورہ قانون کی دفعہ 17 اور سوشل سکیورٹی کوڈ 2020 کی دفعہ 143 کے تحت ماضی سے مؤثر بنیادوں پر ایمنسٹی اور قانونی استثنیٰ فراہم کیا جائے گا۔

ایمنسٹی اسکیم کن اداروں پر لاگو ہوگی؟

یہ اسکیم ان اداروں کے لیے ہے جو انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کے تحت تسلیم شدہ پروویڈنٹ فنڈ ٹرسٹ چلا رہے ہیں، لیکن ان کے پاس متعلقہ حکومت—خواہ مرکزی حکومت ہو یا ریاستی حکومت—کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ استثنیٰ کا نوٹیفکیشن موجود نہیں ہے۔

اسکیم کی مدت

  • مدت: یہ ایمنسٹی اسکیم نوٹیفکیشن کی تاریخ سے چھ (6) ماہ تک مؤثر رہے گی۔ اس اسکیم کا گزٹ نوٹیفکیشن 29 جون 2026 کو جاری کیا گیا تھا۔

اہل ادارے

  • زمرہ اول: وہ ادارے جو اپنے پروویڈنٹ فنڈ ٹرسٹ کو ماضی سے باقاعدہ کرانا چاہتے ہیں اور یا تو پہلے ہی غیر مستثنیٰ ادارے کے طور پر قانون پر عمل کر رہے ہیں، یا آئندہ بھی غیر مستثنیٰ ادارے کے طور پر عمل درآمد جاری رکھنے کا انتخاب کرتے ہیں۔
  • زمرہ دوم: وہ ادارے جو اپنے پروویڈنٹ فنڈ ٹرسٹ کو ماضی سے باقاعدہ کرانا چاہتے ہیں اور سوشل سکیورٹی کوڈ 2020 کے تحت مستثنیٰ ادارے کی حیثیت سے کام جاری رکھنے کے خواہش مند ہیں۔

اسکیم کے اہم فوائد اور سہولتیں

  • ماضی سے قانونی حیثیت کی منظوری: ادارے کو ٹرسٹ کے قیام کی تاریخ سے مقررہ کٹ آف تاریخ تک استثنیٰ اور ٹرسٹ کی باضابطہ منظوری فراہم کی جائے گی۔
  • سوشل سکیورٹی کوڈ 2020 کی بعض شرائط سے استثنیٰ: کم از کم ملازمین کی تعداد اور ٹرسٹ کے کم از کم فنڈ سے متعلق شرائط معاف کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح گزشتہ تین برسوں کی لازمی تعمیل  کی شرط کو بھی پورا تصور کیا جائے گا۔
  • قانونی کارروائیوں کا خاتمہ: بقایا واجبات، ہرجانے اور سود سے متعلق زیر التوا کارروائیاں واپس لے لی جائیں گی اور خودبخود ختم تصور ہوں گی، بشرطیکہ ٹرسٹ کے اراکین کے کھاتوں میں قانونی شرح کے برابر یا اس سے زیادہ منافع اور واجب الادا رقوم جمع کرائی گئی ہوں۔ اس کے علاوہ ماضی میں جاری کیے گئے حتمی احکامات بھی ابتدا ہی سے کالعدم تصور کیے جائیں گے۔

آجروں کے لیے لازمی تقاضے

  • درخواست: اہل اداروں کو مرکزی حکومت کے نام باقاعدہ درخواست جمع کرانی ہوگی۔ درخواست متعلقہ علاقائی ای پی ایف او دفتر کو ای میل کے ذریعے بھیجی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار درج ذیل ای میل پتے پر بھی بھیجا جا سکتا ہے:

rc.exemption@epfindia.gov.in

  • آڈٹ کی پابندی: ادارے کے مالیاتی حساب کسی مستند چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے آڈٹ کرانا لازمی ہوگا۔ اگر ای پی ایف حکام خصوصی یا تعمیلی آڈٹ کا حکم دیں تو درخواست جمع کرانے کی تاریخ سے تین ماہ کے اندر اسے مکمل کرنا ہوگا۔

رہنمائی اور معاونت:

اس ایمنسٹی اسکیم کی تفصیلات کے لیے ایمپلائیز پروویڈنٹ فنڈ اسکیم 2026 کے ضمیمہ کے حصہ (سی) سے رجوع کیا جا سکتا ہے، جو 29 جون 2026 کے گزٹ نوٹیفکیشن نمبر جی ایس آر  525 (ای)  کے ذریعے جاری کیا گیا ہے۔ مزید معلومات، طریقۂ کار، سرکلرز اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کے لیے ای پی ایف او کی ویب سائٹ سے بھی رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

علاوہ ازیں، ای پی ایف او کا متعلقہ علاقائی دفتر اداروں کو ضروری رہنمائی فراہم کرے گا اور ان کی درخواستیں وصول کرکے ان پر کارروائی کرے گا۔

 

******

ش ح۔ ف ا۔ م ر

U-NO. 9845


(रिलीज़ आईडी: 2283817) आगंतुक पटल : 8
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Gujarati , हिन्दी , Marathi , Tamil , Telugu , Kannada