وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

نیوزی لینڈ میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا تجارتی رہنماؤں سے خطاب

प्रविष्टि तिथि: 11 JUL 2026 8:16AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم عزت مآب کرسٹوفر لکسن کے ہمراہ منتخب چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) اور صنعت و تجارت سے وابستہ ممتاز کاروباری رہنماؤں کے ایک وفد سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔

وزیر اعظم  جناب مودی نے کہا کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ مشترکہ جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی کے احترام، تنوع اور پائیدار ترقی کے مشترکہ عزم سے جڑے ہوئے ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان ایک پرعزم اور مستقبل پر مبنی اقتصادی شراکت داری کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان۔نیوزی لینڈ آزاد تجارتی معاہدہ (فری ٹریڈ ایگریمنٹ) ایک سنگ میل ثابت ہوگا، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرائی اور وسعت دے گا، نیز منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کاری، خدمات، ٹیکنالوجی اور باصلاحیت افرادی قوت کی نقل و حرکت کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گا۔

وزیر اعظم جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان کی مسلسل بلند معاشی ترقی، نوجوان اور ہنرمند افرادی قوت، تیزی سے پھیلتا ہوا متوسط طبقہ، ڈیجیٹل انقلاب، نئی نسل کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور جاری معاشی اصلاحات نیوزی لینڈ کی کمپنیوں کے لیے تجارت، سرمایہ کاری اور اختراع کے شعبوں میں بے شمار مواقع فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام اور مسلسل معاشی ترقی نے ہندوستان کو عالمی اقتصادی ترقی میں ایک اہم شراکت دار کی حیثیت دلائی ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے سرمایہ کاروں اور کاروباری اداروں کو بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، شہری ہوابازی، لاجسٹکس، صاف توانائی، شہری نقل و حمل، آبی وسائل کے انتظام، کچرے کے انتظام اور ڈیجیٹل معیشت جیسے شعبوں میں ہندوستان کے ساتھ شراکت داری کی دعوت دی۔ہندوستان کے متحرک اسٹارٹ اَپ ماحولیاتی نظام کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں پر زور دیا کہ وہ اختراع، فِن ٹیک اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے میدان میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیری سائنس، باغبانی اور جنگلات کے شعبوں میں نیوزی لینڈ کی مہارت، اور ہندوستان کی وسیع صارف منڈی، فوڈ پارکس اور زرعی ٹیکنالوجی سے وابستہ صلاحیتوں کو یکجا کرکے عالمی سطح کی فوڈ ویلیو چینز تشکیل دی جا سکتی ہیں۔

وزیر اعظم جناب مودی نے کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری کو مزید وسعت دیں اور 2030 تک دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 7 ارب نیوزی لینڈ ڈالر (تقریباً 35 ہزار کروڑ ہندوستانی روپے) تک پہنچانے کے ہدف کے حصول میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان-نیوزی لینڈ اقتصادی شراکت داری جامع اور پائیدار تجارت کی ایک مثالی مثال بن سکتی ہے، جو اختراع، ترقی اور مشترکہ خوشحالی کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔

************

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U : 9823 )


(रिलीज़ आईडी: 2283569) आगंतुक पटल : 10
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Odia , English , Marathi , हिन्दी , Bengali , Assamese , Gujarati , Tamil , Malayalam