وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیراعظم نے آسٹریلیا۔بھارت چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای او) فورم اور اقتصادی روڈ میپ کاروباری پروگرام سے خطاب کیا

प्रविष्टि तिथि: 09 JUL 2026 7:31AM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی اور آسٹریلیا کے وزیراعظم، عزت مآب جناب اینتھنی البنیز، نے 9 جولائی 2026 کو میلبرن میں مشترکہ طور پر آسٹریلیا-بھارت سی ای او فورم اور اقتصادی روڈ میپ کاروباری پروگرام سے خطاب کیا۔ ان دونوں پروگراموں میں بھارت اور آسٹریلیا کے ممتاز سی ای اوز اور کاروباری رہنماؤں، آسٹریلیا کے بڑے سپر اینویشن فنڈز اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے نمائندوں، نیز آسٹریلیا کی معروف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔

سی ای او فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم جناب نریندر مودی نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کی مضبوط معاشی نمو، پالیسی اصلاحات، ڈیجیٹل تبدیلی اور اختراع پر مبنی تیزی سے فروغ پاتا ماحولیاتی نظام آسٹریلوی شراکت داروں کے لیے نئے کاروباری مواقع پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت اور آسٹریلیا کی معیشتوں کے درمیان موجود باہمی ہم آہنگی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مینوفیکچرنگ، صاف توانائی، اہم معدنیات، کان کنی، بنیادی ڈھانچے، شہری ترقی، ہوا بازی، لاجسٹکس، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، مالیاتی ٹیکنالوجی، غذائی اشیا کی پراسیسنگ اور ڈیجیٹل معیشت جیسے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑے پیمانے پر کام کرنے کی بھارت کی صلاحیت اور آسٹریلیا کی مہارت مل کر دونوں ممالک کے لیے باہمی فائدے کی صورتحال پیدا کرتی ہیں۔

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آسٹریلوی سرمایہ کاروں کو بھارت میں طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ انہوں نے بھارت میں آسٹریلوی یونیورسٹیوں کی بڑھتی ہوئی موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ تعلیم، تحقیق، اختراع اور ہنرمندی کی ترقی کے شعبوں میں گہرا تعاون نہ صرف دونوں ممالک کی صلاحیتوں کو مستقبل کے لیے تیار کرے گا بلکہ انہیں عالمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے میں بھی مدد دے گا۔

سی ای او فورم کے بعد وزیراعظم جناب نریندر مودی نے اقتصادی روڈ میپ کاروباری پروگرام سے بھی خطاب کیا، جس میں دونوں ممالک کے 200 سے زائد سی ای اوز اور کاروباری رہنماؤں نے شرکت کی۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان فطری ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشترکہ جمہوری اقدار، ہند-بحرالکاہل خطے کے لیے یکساں وژن، عوامی سطح پر مضبوط روابط اور مستحکم سیاسی مفاہمت نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی شراکت داری کو فروغ دینے اور اسے مزید مستحکم بنانے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا ہے۔انہوں نے سال 2022 میں طے پانے والے اقتصادی تعاون اور تجارتی معاہدے (ای سی ٹی اے) کی بنیاد پر تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مجوزہ جامع اقتصادی تعاون معاہدے (سی ای سی اے) کو جلد از جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے کاروباری تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔

 

وزیراعظم نے کاروباری رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کی منفرد صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے عالمی سطح کے حل تلاش کریں، بالخصوص نایاب معدنیات، لیتھیم، بیٹریاں، الیکٹرانکس، برقی گاڑیاں، سیمی کنڈکٹرز، مصنوعی ذہانت اور دفاعی سپلائی چین جیسے شعبوں میں۔

 انہوں نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو نئی سطح تک لے جانے کے لیے ضروری ہے کہ بھارت کی ریاستیں اور آسٹریلیا کے صوبے اپنی بنیادی صلاحیتوں کی بنیاد پر مضبوط اقتصادی شراکت داریاں قائم کریں۔دونوں فورمز میں ہونے والی گفتگو سے پیدا ہونے والے مثبت رجحان اور تعمیری خیالات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم جناب نریندر مودی نے یقین ظاہر کیا کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان اقتصادی تعلقات مستقبل میں بھی مسلسل فروغ پاتے رہیں گے۔

 

 

******

 

) ش ح – ع ح –ج ا)

U.No. 9733

 

 


(रिलीज़ आईडी: 2282690) आगंतुक पटल : 21
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , Marathi , हिन्दी , Assamese , Bengali , Bengali-TR , Manipuri , Punjabi , Gujarati , Odia , Tamil , Telugu , Kannada , Malayalam