امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
محکمۂ امورِ صارفین نے زیادہ گنجائش رکھنے والے تولنے کے آلات کی تصدیق سے متعلق قانونی میٹرولوجی(پیمائش اور وزن سے متعلق)قواعد میں ترمیم کر دی
ترمیم سے ضابطہ جاتی بوجھ اور تصدیقی لاگت میں کمی آئے گی، جبکہ کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ ملے گا
سائنسی تصدیقی طریقۂ کار سے درستگی برقرار رکھتے ہوئے معیاری وزنی باٹوں کی ضرورت کم ہو جائے گی
प्रविष्टि तिथि:
06 JUL 2026 3:54PM by PIB Delhi
کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام کے تحت محکمۂ امورِ صارفین نے قانونی میٹرولوجی (عمومی) قواعد، 2011 میں ترمیم کرتے ہوئے زیادہ گنجائش رکھنے والے تولنے کے آلات کی تصدیق کے لیے معیاری وزنی باٹوں کی ضرورت میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ اس مقصد کے لیے تکرار پذیری پر مبنی ایک سائنسی تصدیقی طریقۂ کار متعارف کرایا گیا ہے۔
اس سے قبل رائج قواعد کے مطابق ایک ٹن یا اس سے زیادہ زیادہ سے زیادہ گنجائش رکھنے والے تولنے کے آلات کی تصدیق کے لیے کم از کم ایک ٹن یا متعلقہ آلے کی زیادہ سے زیادہ گنجائش کے 50 فیصد کے برابر معیاری وزنی باٹوں کا استعمال لازمی تھا، جس میں سے جو مقدار زیادہ ہو، اسی کو بنیاد بنایا جاتا تھا۔ اس کے بعد ہی مستقل بوجھ کے ذریعے متبادل تصدیق کی جا سکتی تھی۔
اس تقاضے کے باعث صنعتوں اور وی برج چلانے والوں کو معیاری وزنی باٹوں کی نقل و حمل، ان کے انتظام اور آپریشن سے متعلق نمایاں لاجسٹک مسائل، اضافی اخراجات اور عملی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
نظرثانی شدہ قواعد کے تحت اس شرط کو زیادہ معقول بنا دیا گیا ہے۔ تکرار پذیری پر مبنی ٹیسٹ کامیابی سے مکمل ہونے کی صورت میں، مستقل بوجھ کے ذریعے متبادل تصدیق سے قبل درکار معیاری وزنی باٹوں کی لازمی مقدار کو آلے کی زیادہ سے زیادہ گنجائش کے 50 فیصد سے کم کرکے صرف پانچواں حصہ (20 فیصد) کر دیا گیا ہے، جبکہ تصدیق کی درستگی اور قابلِ اعتماد ہونے سے متعلق مقررہ معیارات کو بدستور برقرار رکھا گیا ہے۔
اصلاحات کے اہم فوائد
- صنعتوں، گوداموں، لاجسٹکس آپریٹرز اور وی برج مالکان پر ضابطہ جاتی بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی۔
- بڑی مقدار میں معیاری وزنی باٹوں کی نقل و حمل اور ان کی ہینڈلنگ سے وابستہ اخراجات کم ہوں گے۔
- زیادہ گنجائش رکھنے والے تولنے کے آلات کی تصدیق کا عمل تیز ہوگا، جس سے آپریشنل تعطل میں کمی آئے گی۔
- درستگی یا صارفین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر قانونی میٹرولوجی کی تصدیقی سرگرمیوں کی کارکردگی اور مؤثریت میں اضافہ ہوگا۔
- سائنسی بنیادوں پر مبنی اور آسان ضابطہ جاتی تقاضوں کے ذریعے کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ ملے گا۔
- سرکاری ادارے تصدیقی وسائل کو زیادہ مؤثر اور بہتر انداز میں استعمال کر سکیں گے۔
ترمیم کی سائنسی بنیاد
یہ اصلاح بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ میٹرولوجی(پیمائش اور وزن سے معلق) کے اصولوں پر مبنی ہے، جن کے مطابق تکرار پذیری پر مبنی ٹیسٹ کے ذریعے تولنے والے آلے کی کارکردگی میں یکسانیت اور استحکام کی تصدیق کی جاتی ہے۔ اس کے نتیجے میں معیاری وزنی باٹوں کی کم مقدار استعمال کرتے ہوئے بھی آلے کی قابلِ اعتماد اور درست تصدیق ممکن ہو جاتی ہے۔
شواہد پر مبنی اصلاحات کے ذریعے قانونی میٹرولوجی کے نظام کو مضبوط بنانا
یہ ترمیم محکمۂ امورِ صارفین کے اس مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ قانونی میٹرولوجی کے نظام کو شواہد پر مبنی ضابطہ جاتی اصلاحات کے ذریعے جدید بنایا جائے، تاکہ تجارت میں سہولت فراہم کرنے اور صارفین کے مؤثر تحفظ کے درمیان متوازن ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔
محکمہ گزشتہ کچھ عرصے سے ضابطہ جاتی تقاضوں کو آسان بنانے، تعمیلی بوجھ کم کرنے، تصدیقی نظام کو مضبوط بنانے اور قانونی میٹرولوجی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے متعدد اصلاحات نافذ کر رہا ہے۔
یہ تازہ ترین ترمیم اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کا مقصد ایک ایسا ضابطہ جاتی نظام تشکیل دینا ہے جو زیادہ مؤثر، شفاف اور صنعت دوست ہو، جبکہ تجارتی لین دین میں درستگی، انصاف اور اعتماد کو بھی یقینی بنائے۔
********
ش ح۔ اک ۔ اش ق
U- 9613
(रिलीज़ आईडी: 2281678)
आगंतुक पटल : 15