زرعی اور دیہی صنعتوں کی وزارت
مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان کی اروناچل پردیش آمد، خراب موسم کے باعث فضائی سروے ملتوی، فضائی جائزہ لینے کے بعد منگل کو سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے درمیان وقت گزاریں گے
ایٹانگر میں عوام سے ملاقات کے بعد مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا-‘‘جب تک ہر متاثرہ خاندان تک امداد نہیں پہنچ جاتی، ہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے’’
مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو اور وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو شمال مشرق کے دورہ کے دوران جناب شیوراج سنگھ چوہان کے ہمراہ ہوں گے، وزیر اروناچل پردیش کے حکام کے ساتھ جائزہ میٹنگ بھی کریں گے
प्रविष्टि तिथि:
01 JUL 2026 9:29AM by PIB Delhi
زراعت و کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے مرکزی وزیر جناب شیوراج سنگھ چوہان پیر کے روز اروناچل پردیش پہنچے، تاہم خراب موسم کے باعث وہ طے شدہ فضائی سروے نہیں کر سکے۔اب وہ یکم جولائی2026 کو اروناچل پردیش اور آسام کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا زمینی اور فضائی سطح پر تفصیلی معائنہ کریں گے۔ وہ پورا دن متاثرہ کسانوں اور دیگر خاندانوں کی صورتحال کا جائزہ لینے، نقصانات کا خود مشاہدہ کرنے اور فوری امداد کے ساتھ ساتھ طویل مدتی معاونت کے لیے درکار اقدامات کا تعین کرنے میں صرف کریں گے۔پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو اور اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب پیما کھانڈو بھی اس دورے کے دوران جناب شیوراج سنگھ چوہان کے ہمراہ ہوں گے۔
پیر کی دوپہر اروناچل پردیش پہنچنے کے بعد جناب شیوراج سنگھ چوہان نے مقامی باشندوں سے روبرو ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر پرواز نہیں کر سکا، لیکن اس سے حکومت کے عزم میں کوئی کمی نہیں آئی۔انہوں نے کہا- ‘‘آج خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر پرواز نہیں کر سکا، لیکن یہ ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔ کل ہم پورا دن اروناچل پردیش اور آسام کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گزاریں گے، زمینی اور فضائی دونوں سطحوں پر صورتحال کا جائزہ لیں گے تاکہ ہر متاثرہ کسان اور ہر متاثرہ خاندان تک ضروری امداد پہنچائی جا سکے’’۔
جناب شیوراج سنگھ چوہان دہلی سے ایٹانگر پہنچے، جہاں انہوں نے سب سے پہلے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے مقامی باشندوں اور عوامی نمائندوں سے ملاقات کی۔ لوگوں نے بتایا کہ سیلابی پانی نے ان کے زرعی کھیت زیرآب کر دئیے، کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، مکانات کو نقصان پہنچا اور ان کے روزگار کے ذرائع بری طرح متاثر ہوئے۔ متعدد افراد نے اپنے خاندانوں کو پہنچنے والے بھاری نقصانات اور اب تک درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ مرکزی وزیر نے تمام شکایات اور مطالبات کو غور سے سنا اور یقین دلایا کہ امداد اور بازآبادکاری کے عمل میں کسی بھی متاثرہ خاندان کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت کی امداد ہر اس شخص تک پہنچائی جائے گی جسے نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ایٹانگر سکریٹریٹ میں اروناچل پردیش حکومت کے سینئر حکام کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں جناب شیوراج سنگھ چوہان نے سیلاب کی موجودہ صورتحال، امدادی سامان کی دستیابی اور تقسیم، جاری بازآبادکاری اقدامات اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے سیلاب سے ہونے والے نقصانات، امدادی کارروائیوں کی پیش رفت اور متاثرہ علاقوں تک رسائی میں درپیش چیلنجز کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ شمال مشرق کے کسانوں اور دیہی آبادی کے مسائل نئی دہلی میں حکومت کی اعلیٰ ترین سطح تک پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے حکام کو یقین دلایا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت اور رہنمائی میں مرکزی حکومت امداد، بازآبادکاری اور تعمیرِ نو کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ یکم جولائی کو اروناچل پردیش اور آسام کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جامع معائنہ کیا جائے گا۔ منگل کی صبح سے وہ اروناچل پردیش کے سیلاب سے متاثرہ دیہات اور امدادی کیمپوں کا دورہ کریں گے، جہاں وہ متاثرہ افراد سے براہ راست ملاقات کریں گے۔ وہ زرعی کھیتوں کو پہنچنے والے نقصانات، مویشیوں کی صورتحال اور سیلاب سے عوام کی روزمرہ زندگی اور معاش پر پڑنے والے مجموعی اثرات کا ذاتی طور پر جائزہ لیں گے۔اس کے علاوہ وہ اروناچل پردیش اور آسام کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے بھی کریں گے تاکہ دریاؤں، باندھوں، سڑکوں، پلوں اور زرعی اراضی کی صورتحال کا جائزہ لے کر نقصانات کا جامع اندازہ لگایا جا سکے۔بعد ازاں شام کے وقت وہ گوہاٹی میں آسام حکومت کے سینئر حکام کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں سیلاب سے نمٹنے کے انتظامات، امدادی سامان کی تقسیم، باندھوں اور سڑکوں کی مرمت، تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور متاثرہ کسانوں کے لیے مالی امداد جیسے امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
مرکزی وزیر نے زور دے کر کہا کہ اگرچہ متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاہم مستقبل میں سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لیے طویل مدتی حکمت عملی کی تیاری پر بھی یکساں توجہ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر نکاسیٔ آب کا نظام، مضبوط حفاظتی باندھ، محفوظ پناہ گاہیں، سیلاب سے نمٹنے کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اور فصل بیمہ کا زیادہ مؤثر نظام مستقبل میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے اور دیہی برادریوں کی مزاحمتی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے اروناچل پردیش اور آسام کے سیلاب سے متاثرہ عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل گھڑی میں حوصلہ برقرار رکھیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مرکزی حکومت اور متعلقہ ریاستی حکومتیں باہمی تعاون اور قریبی رابطے کے ساتھ کام کرتے ہوئے بحران سے نمٹنے کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں بروقت امداد، بازآبادکاری اور معمولاتِ زندگی کی جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے جناب شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ اروناچل پردیش ‘‘ہمارے لیے نہایت عزیز ریاست ہے، لیکن اس وقت ایک ہولناک قدرتی آفات کے باعث انتہائی سنگین بحران سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں، پلوں اور متعدد مکانات کو نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں عوام کو بڑے پیمانے پر خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کسانوں کو بھی شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے اور مالٹے، کیلے اور دھان جیسی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا‘‘وزیر اعظم کی ہدایت پر میں، جناب کرن رجیجو اور وزیر اعلیٰ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔ ہم نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے’’۔
جناب شیوراج سنگھ چوہان نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں عوام کی مدد کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی قیادت میں حکومت اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ ریاست کو اس آفت سے نکالنے، جلد از جلد معمولات زندگی بحال کرنے اور اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گی کہ تمام متاثرہ خاندانوں کو مطلوبہ امداد اور تعاون فراہم ہو۔
********
ش ح- ظ الف- ع ن
UR-9373
(रिलीज़ आईडी: 2279672)
आगंतुक पटल : 17