دیہی ترقیات کی وزارت
وی بی-جی رام جی ایکٹ یکم جولائی 2026 سے نافذ ہوگا، کوئی بھی اہل دیہی مزدور ایک دن بھی روزگار سے محروم نہ رہے: جناب شیو راج سنگھ چوہان
125 دن کے ضمانت شدہ اجرتی روزگار سے دیہی ذریعۂ معاش کو تقویت ملے گی: شیو راج سنگھ چوہان
وی بی-جی رام جی ایکٹ کے ملک گیر نفاذ کے لیے حکومت کی تمام تیاریاں مکمل
وی بی-جی رام جی ایکٹ کے ہموار ملک گیر نفاذ کے لیے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 95,692.31 کروڑ روپے کی عبوری رقم مختص
प्रविष्टि तिथि:
30 JUN 2026 5:45PM by PIB Delhi
وِکست بھارت–گارنٹی فار روزگار اینڈ آجیویکا مشن (دیہی) ]وی بی-جی رام جی [ ایکٹ، 2025 یکم جولائی 2026 سے ملک بھر کے دیہی علاقوں میں نافذ العمل ہو جائے گا، جس کے ذریعے دیہی روزگار، معاشی تحفظ اور پائیدار دیہی ترقی کے لیے ایک مزید مضبوط قانونی نظام قائم کیا جا رہا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت ہر اہل دیہی کنبہ کے لیے قانونی طور پر ضمانت شدہ اجرتی روزگار کی مدت 100 دن سے بڑھا کر 125 دن کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پائیدار دیہی اثاثوں کی تعمیر اور "وکست بھارت @2047" کے وژن کو تیز رفتار سے عملی جامہ پہنانا بھی اس قانون کا اہم مقصد ہے۔
ملک بھر میں وکست بھارت–روزگار اور ذریعۂ معاش کی ضمانت مشن (دیہی) (وی بی-جی رام جی) ایکٹ، 2025 کے نفاذ سے ایک روز قبل مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی اور زراعت و کسانوں کی بہبود جناب شیو راج سنگھ چوہان نے کہا کہ کوئی بھی اہل دیہی مزدور ایک دن کے لیے بھی روزگار سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ قریبی تال میل سے نئے نظام کے ہموار نفاذ کے لیے تمام انتظامی، مالی اور تکنیکی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
جناب چوہان نے کہا، "ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ کوئی بھی اہل دیہی مزدور ایک دن کے لیے بھی بے روزگار نہ رہے۔ مرکز اور ریاستوں نے مل کر وی بی-جی رام جی ایکٹ کے نفاذ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ مناسب مالی وسائل فراہم کر دیے گئے ہیں، عمل درآمد کا پورا نظام تیار ہے اور جاری کام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں گے۔ اجرتی روزگار کی ضمانت کو 125 دن تک بڑھانے سے دیہی روزگار کو تقویت ملے گی، پائیدار اجتماعی اثاثے وجود میں آئیں گے اور وکست بھارت کے وژن کو مزید رفتار ملے گی۔"
ملک گیر نفاذ کو آسان بنانے کے لیے حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 95,692.31 کروڑ روپے کی عبوری رقم مختص کی ہے تاکہ منصوبے پر بلا تعطل عمل درآمد، بروقت اجرت کی ادائیگی اور نفاذ کے پہلے ہی دن سے نئے نظام کی ہموار منتقلی یقینی بنائی جا سکے۔ یہ رقم اس حکومتی عزم کی عکاس ہے کہ کسی بھی ریاست کو نئے نظام کے نفاذ میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حکومت نے نئے نظام میں ہموار منتقلی کو یقینی بنایا ہے۔ جاری ترقیاتی کام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں گے، جبکہ ای-کے وائی سی سے تصدیق شدہ موجودہ جاب کارڈز نئے دیہی روزگار ضمانت کارڈز جاری ہونے تک مؤثر رہیں گے، تاکہ روزگار تک رسائی اور اجرت کی بروقت ادائیگی میں کوئی خلل نہ آئے۔
اس ایکٹ میں گرام پنچایتوں کو دیہی ترقی کا مرکزی ستون بنایا گیا ہے۔ اس میں پائیدار اثاثوں کی تعمیر، قدرتی وسائل کے بندوبست، آبی تحفظ، زراعت اور اس سے وابستہ سرگرمیوں، دیہی بنیادی ڈھانچے، سیلف ہیلپ گروپس کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے، دیہی ترقی کی اہم اسکیموں کے باہمی اشتراک اور ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف طرز حکمرانی پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ نئے نظام کا مقصد عوامی شراکت اور مؤثر عمل درآمد کے ذریعے دیہی معیشت کو مضبوط بنانا، پائیدار ذریعۂ معاش کے مواقع پیدا کرنا اور دیہی بھارت میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
وی بی-جی رام جی ایکٹ کا نفاذ بھارت کی دیہی ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو وکست بھارت 2047 کی بنیاد کے طور پر خود کفیل، مضبوط اور خوشحال دیہی معاشروں کی تعمیر کے حکومتی عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
راشٹریہ گرامین وکاس سمیلن میں بھی ریاستوں نے وی بی-جی رام جی ایکٹ کے مؤثر نفاذ کے عزم کا اعادہ کیا۔
حال ہی میں منعقدہ اس اجلاس میں تمام ریاستوں کے دیہی ترقی کے وزراء نے مرکزی وزیر دیہی ترقی کو یکم جولائی سے ایکٹ کے نفاذ کے لیے اپنی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے بجٹ کی فراہمی کر دی ہے، جبکہ 24 ریاستیں وی بی-جی رام جی ریاستی اسکیم کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر چکی ہیں۔
وکست بھارت–روزگار اور ذریعۂ معاش کی ضمانت مشن (دیہی) (وی بی-جی رام جی) ایکٹ، 2025 کا قومی افتتاح 2 جولائی 2026 کو آندھرا پردیش کے ضلع تروپتی کے اوبولاوری پلی منڈل کے مکاواری پلی گاؤں میں ہوگا۔ مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی اور زراعت و کسانوں کی بہبود جناب شیو راج سنگھ چوہان مشن کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ تقریب میں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب این۔ چندرا بابو نائیڈو، نائب وزیر اعلیٰ جناب کونیڈالا پون کلیان، مرکزی وزرائے مملکت جناب ڈاکٹر چندر شیکھر پیمّاسانی اور جناب کملیش پاسوان سمیت دیگر معزز شخصیات شرکت کریں گی۔
پروگرام کے دوران مستحق کنبوں میں گرامین روزگار گارنٹی کارڈز تقسیم کیے جائیں گے، وی بی-جی رام جی مشن کا باضابطہ آغاز کیا جائے گا، مشن پر مبنی ایک آگاہی فلم پیش کی جائے گی اور مشن سے متعلق اداریہ مضامین کے مجموعے کی بھی رونمائی کی جائے گی۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :9362 )
(रिलीज़ आईडी: 2279588)
आगंतुक पटल : 6