کامرس اور صنعت کی وزارتہ
شمالی امریکہ کے سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں بھارت کی اب تک کی سب سے بڑی شرکت، انڈیا پویلین کا افتتاح
انڈیا پویلین میں برآمدی معیار کے آم کی چھ ممتاز اقسام کی نمائش
سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں باسمتی کلینری شوکیس کے ذریعے بھارتی باسمتی چاول کی ہمہ گیر افادیت کا مظاہرہ
प्रविष्टि तिथि:
29 JUN 2026 8:26PM by PIB Delhi
شمالی امریکہ کی ممتاز اسپیشلٹی فوڈ نمائش سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں بھارت کے اب تک کے سب سے بڑے پویلین کا افتتاح 28 جون کو نیویارک کے جیکب کے جاوٹس کنونشن سینٹر میں کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں نیویارک میں بھارت کے قونصل جنرل بنایا سریکانتا پردھان اور عالمی شہرت یافتہ شیف، مصنف اور ٹائم 100 اعزاز یافتہ وکاس کھنہ نے مشترکہ طور پر شرکت کی۔
بھارتی پویلین کا انعقاد حکومت ہند کے محکمہ تجارت کے تحت زرعی و پراسیسڈ فوڈ مصنوعات کی برآمدی ترقیاتی اتھارٹی (اے پی ای ڈی اے) اور انڈیا ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن (آئی ٹی پی او) نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔ اس پویلین میں سینکڑوں ہندوستانی فوڈ برانڈز، برآمد کنندگان اور اختراعی ادارے ایک ہی چھت تلے اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں۔
نمائش میں باسمتی چاول، مصالحہ جات، تیار شدہ غذائیں، مشروبات، نامیاتی مصنوعات، منجمد غذائیں، اسنیکس اور ویلیو ایڈیڈ زرعی مصنوعات سمیت مختلف زمروں کی اشیا پیش کی جا رہی ہیں، جس سے عالمی فوڈ برآمدات میں بھارت کی مضبوط ہوتی ہوئی حیثیت اجاگر ہوتی ہے۔
پویلین کی ایک اہم کشش انڈین مینگو شوکیس ہے، جہاں برآمدی معیار کی آم کی چھ اعلیٰ اقسام کے ساتھ آم سے تیار کردہ جدید غذائی مصنوعات بھی پیش کی جا رہی ہیں۔ یہ نمائش دنیا میں آم کی سب سے زیادہ پیداوار کرنے والے ملک کے طور پر بھارت کی حیثیت کو نمایاں کرتی ہے۔
شائقین کے لیے خصوصی باسمتی کلینری شوکیس بھی منعقد کیا گیا ہے، جہاں اعلیٰ معیار کے بھارتی باسمتی چاول سے تیار کردہ مختلف بین الاقوامی طرز کے کھانے پیش کیے جا رہے ہیں۔ مشیلین اسٹار شیف ہیمنت ماتھر روزانہ بھارتی پکوانوں کا خصوصی مینو تیار کر کے مہمانوں کو پیش کر رہے ہیں۔
آئی ٹی پی او کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نیرج کھروال نے سمر فینسی فوڈ شو میں بھارت کے سب سے بڑے پویلین کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی پی او اور اے پی ای ڈی اے کے درمیان تعاون سے بھارتی غذائی مصنوعات کی برآمدات کو نمایاں فروغ ملے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیویارک میں بھارت کے قونصل جنرل بنایا سریکانتا پردھان نے کہا کہ یہ پویلین بھارت کی غذائی برآمدات اور امریکہ میں اس کے برانڈ کی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی منڈی میں توسیع کے خواہاں بھارتی برانڈز کے لیے یہ پویلین ایک مثالی پلیٹ فارم ہے، جو بھارتی غذائی صنعت کے معیار، صلاحیت اور اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افتتاحی تقریب میں شیف وکاس کھنہ کی موجودگی خصوصی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ وہ گزشتہ تقریباً تین دہائیوں سے اپنی منفرد صلاحیت کے ذریعے مغربی دنیا میں بھارتی ثقافت، روایات اور اقدار کو کھانوں کی عالمی زبان کے ذریعے فروغ دیتے آ رہے ہیں۔
یہ افتتاح ایسے وقت میں ہوا ہے جب بھارتی غذائی برآمدات تیزی سے ترقی کر رہی ہیں۔ تجارتی اندازوں کے مطابق آئندہ دس برسوں میں شمالی امریکہ میں بھارتی صارفین کے لیے پیک شدہ غذائی مصنوعات کی مارکیٹ کا حجم 30 سے 50 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ اس ترقی کی بنیادی وجہ مستند بھارتی ذائقوں، اعلیٰ معیار کے اجزا اور قابل اعتماد فوڈ برانڈز کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب ہے۔
شیف وکاس کھنہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نمائش میں پیش کی جانے والی ہر مصنوعات لاکھوں بھارتی شہریوں کے خوابوں اور روزگار کی نمائندگی کرتی ہے۔ ان کے مطابق ہر دانہ، ہر مصالحہ اور ہر پیکٹ کے پیچھے کسانوں، تاجروں، صنعت کاروں، فیکٹری کارکنوں، برآمد کنندگان، تقسیم کاروں اور خوردہ فروشوں کی محنت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی غذائی مصنوعات کو ملنے والا ہر نیا موقع پوری سپلائی چین سے وابستہ بے شمار خاندانوں کے لیے بھی نئے امکانات پیدا کرتا ہے۔
اے پی ای ڈی اے کے چیئرمین ابھیشیک دیو نے بین الاقوامی خریداروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سمر فینسی فوڈ شو بھارتی فوڈ برانڈز کو عالمی منڈی میں اپنے معیار، اختراع اور تنوع کو پیش کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں 70 سے زائد بھارتی نمائش کنندگان کی شرکت بھارتی برآمد کنندگان کے اعتماد اور بین الاقوامی صارفین کے درمیان بھارتی مصنوعات پر بڑھتے ہوئے بھروسے کی عکاس ہے۔
*****
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U :9335 )
(रिलीज़ आईडी: 2279214)
आगंतुक पटल : 7