کامرس اور صنعت کی وزارتہ
تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل بھارت-برطانیہ سی ای ٹی اے اور ڈی سی سی کے نفاذ سے قبل 25–27 جون کے دوران برطانیہ کا دورہ کریں گے
جناب گوئل ، برطانیہ کی حکومت کے تجارت اور کاروبار کے وزیر پیٹر کائل کے ساتھ اعلیٰ سطح کی دوطرفہ میٹنگ کریں گے
جناب پیوش گوئل ، برطانیہ کے دورے کے دوران انڈیا گلوبل فورم سے خطاب کریں گے اور جی ٹو بی روابط کی قیادت کریں گے
جناب پیوش گوئل لندن میں عالمی سرمایہ کاروں اور صنعتی رہنماؤں کے ساتھ ایشیا ہاؤس راؤنڈ ٹیبل کی قیادت کریں گے
प्रविष्टि तिथि:
24 JUN 2026 6:13PM by PIB Delhi
تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل، 25 سے 27 جون ، 2026 ء تک برطانیہ کے شہر لندن کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ بھارت -برطانیہ جامع اقتصادی و تجارتی تاریخی معاہدے ( سی ای ٹی اے ) اور اس کے ساتھ منسلک ڈبل کنٹریبیوشن کنونشن ( ڈی سی سی ) کے 15 جولائی ، 2026 ء کو نافذ العمل ہونے سے قبل کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران، جناب گوئل برطانیہ کی حکومت کے تجارت اور کاروبار کے وزیر پیٹر کائل کے ساتھ اعلیٰ سطح کی دوطرفہ میٹنگ کریں گے۔ یہ میٹنگ مذکورہ معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
دوطرفہ مذاکرات میں انضباطی روڈ میپ کو ہم آہنگ کرنے، سرحد پار کسٹمز ہم آہنگی کو ہموار بنانے اور سی ای ٹی اے اور ڈی سی سی کے مؤثر نفاذ کے لیے انتظامی طریقہ کار کو حتمی شکل دینے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ وزراء ، سی ای ٹی اے کے تحت محصولات میں نرمی سے متعلق وعدوں کے نفاذ کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے، جس سے برطانیہ میں بھارتی برآمدات کے لیے منڈی تک بہتر رسائی کے مواقع فراہم ہوں گے۔ مذاکرات میں ڈبل کنٹریبیوشن کنونشن کے عملی خاکے پر بھی بات چیت ہوگی، جس سے اہل عارضی کارکنوں کے لیے دوہری سماجی تحفظ کی ادائیگیوں کے تقاضوں سے نمٹنے کے لیے ایک مؤثر طریقہ کار قائم ہونے کی توقع ہے اور اس طرح پیشہ ور افراد کی آمد و رفت اور کاروبار کو فروغ حاصل ہو سکے گا۔
طرفین کلیدی خدمات کے شعبوں میں مارکیٹ تک باہمی رسائی کے وعدوں کے نفاذ کے طریقۂ کار پر مزید تبادلۂ خیال کریں گے اور دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ اس میٹنگ سے وِکست بھارت ویژن کے تحت ، بھارت کی مسلسل کوششوں کی عکاسی ہوتی ہے تاکہ عالمی اقتصادی مواقع کو وسعت دی جا سکے، جب کہ ملکی اقتصادی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور دو طرفہ تجارت کے لیے ایک شفاف، قواعد پر مبنی فریم ورک کو فروغ دیا جاسکے۔
مذکورہ دورے کے ایک حصے کے طور پر، جناب گوئل صنعت کے رہنماؤں، سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ نمائندوں کے ساتھ حکومت سے کاروبار ( جی ٹو بی ) نوعیت کی سلسلہ وار میٹنگوں میں حصہ لیں گے تاکہ بھارت اور برطانیہ کے درمیان تجارتی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔ وزیر موصوف ، انڈیا گلوبل فورم ( آئی جی ایف ) کے افتتاحی مکمل اجلاس سے خطاب کریں گے، جہاں وہ ‘‘ سرمایہ، اختراع اور برطانیہ-بھارت لمحہ ’’ کے موضوع پر گفتگو کریں گے۔ یہ اجلاس بھارت-برطانیہ سی ای ٹی اے کے آئندہ نفاذ کے تناظر میں عالمی کاروباروں کے لیے ابھرتے ہوئے مواقع پر توجہ مرکوز کرے گا۔
جناب گوئل معروف عالمی کمپنیوں کے سینئر ایگزیکٹوز کے ساتھ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے، جن میں ایچ ایس بی سی (گلوبل ٹریڈ سولوشنز) اور رولز – روئے شامل ہیں، تاکہ اسٹریٹجک سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور بھارت میں مینوفیکچرنگ شراکت داریوں کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
وزیر موصوف ،برطانیہ-بھارت بزنس کونسل ( یو کے آئی بی سی ) کی میزبانی میں ہونے والے بزنس پلینری سیشن اور انٹرایکٹو لنچ میں شرکت کریں گے۔ اس موقع پر سی-سویٹ ایگزیکٹوز اور معروف کثیر ملکی کمپنیوں کے نمائندے، جن میں ٹاٹا ، ٹی سی ایس ، ایچ ایس بی سی ، پروڈنشیل ، ڈی بیئرس اور بیکرمیک کینزی شامل ہیں، بھارت-برطانیہ اقتصادی شراکت داری کے تحت تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری تعاون کے مواقع پر گفتگو کریں گے۔
ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور عالمی صنعتی رہنماؤں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے، جناب گوئل ایشیا ہاؤس کی میزبانی میں ایک خصوصی گول میز مباحثے کی قیادت کریں گے۔ معروف بین الاقوامی مالیاتی اور صنعتی اداروں کے سینئر ایگزیکٹوز، جن میں جے پی مورگن ، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ ،لوئیڈ ، مورگن اسٹینلے اور اروپ شامل ہیں، بھارت کی صنعتی مسابقت، سرمایہ کاری کے منظرنامے اور عالمی سپلائی چینز کے ساتھ انضمام پر تبادلہ خیال میں حصہ لیں گے۔
تجارت اور سرمایہ کاری کا پروگرام ایک خصوصی نشست کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا ، جس میں آنے والے بھارتی صنعتی وفد کے ساتھ بات چیت شامل ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ برطانوی اور بھارتی کاروباری برادری کے نمائندوں اور عالمی تعلیمی گروپس جیسے جی ای ڈی یو کے ساتھ روابط بھی ہوں گے۔
یہ دورہ عالمی کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ بھارت کی وابستگی کو ظاہر کرتا ہے اور توقع ہے کہ یہ بھارت-برطانیہ اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے مشترکہ مقصد میں معاون ثابت ہوگا اور 2030 ء تک دوطرفہ تجارت کو 120 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے ہدف کو فروغ دے گا۔
***
( ش ح۔ م ع ۔ ع ا )
U.No.9142
(रिलीज़ आईडी: 2277519)
आगंतुक पटल : 7