ریلوے کی وزارت
بھارتی ریلوے نے مسافروں کی حفاظت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پر فائر سیفٹی آڈٹ شروع کر کے ایک بڑا قدم اٹھایا
प्रविष्टि तिथि:
10 JUN 2026 8:28PM by PIB Delhi
بھارتی ریلوے ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پر فائر سیفٹی آڈٹ انجام دے گی تاکہ حفاظت اور سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ اس اقدام کے تحت موجودہ فائر سیفٹی نظام کا جائزہ لیا جائے گا اور ان شعبوں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں بہتری کی ضرورت ہے، تاکہ مسافروں کی حفاظت اور ریلوے کے اثاثوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اس آڈٹ میں تمام اہم حفاظتی ڈھانچوں کا معائنہ کیا جائے گا، جن میں اسٹیشن عمارتیں، برقی تنصیبات، ایئر کنڈیشننگ اور وینٹیلیشن نظام، ہنگامی اخراج کے راستے، آگ بجھانے کا سامان، پانی کی دستیابی، پمپنگ کے انتظامات اور اسپرنکلر سسٹم شامل ہیں۔ اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ریلوے اسٹیشن آگ لگنے سمیت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہوں۔
آڈٹ کے دوران مقررہ فائر سیفٹی اور سکیورٹی معیارات پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ معائنے کے دوران سامنے آنے والی کسی بھی کمی کو فوری اصلاحی اقدامات کے ذریعے دور کیا جائے گا۔
مختلف محکموں کے افسران پر مشتمل مشترکہ معائنہ ٹیمیں یہ آڈٹ انجام دیں گی۔ ضرورت پڑنے پر خصوصی ایجنسیوں اور ریاستی فائر ڈیپارٹمنٹ کی مدد بھی حاصل کی جائے گی۔ آڈٹ کے دوران نشاندہی کی گئی بہتریوں کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کیا جائے گا تاکہ حفاظتی تیاریوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
بھارتی ریلوے اپنے پورے نیٹ ورک میں حفاظت اور سلامتی کو مسلسل بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ فائر سیفٹی آڈٹ کا یہ اقدام ریلوے اسٹیشنوں پر حفاظتی معیار کو مضبوط بنانے اور ہنگامی تیاریوں کو بہتر کرنے کی سمت ایک اور اہم قدم ہے۔
**************
ش ح۔ ف ش ع
U: 824
(रिलीज़ आईडी: 2271447)
आगंतुक पटल : 2