صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان کی صدر جمہوریہ نے میانمار کے صدر کا خیرمقدم کیا


میانمار جنوب مشرقی ایشیا تک رسائی کے لیے ہندوستان کا داخلے کا دروازہ (گیٹ وے)ہے: صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 01 JUN 2026 7:04PM by PIB Delhi

ہندوستان کی صدر محترمہ دروپدی مرمو نے آج یکم جون 2026 کو راشٹرپتی بھون میں میانمار کی جمہوریۂ اتحاد کے صدر، عزت مآب یو من آنگ ہلینگ کا خیرمقدم کیا۔

راشٹرپتی بھون میں صدر ہلینگ کا استقبال کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور میانمار گہرے ثقافتی، تہذیبی اور روحانی رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں، جن کی تاریخ صدیوں پر محیط ہے۔ ہمارے تعلقات باہمی افہام و تفہیم اور دوستی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ میانمار جنوب مشرقی ایشیا میں ہندوستان کا (گیٹ وے )داخلے کا دروازہ ہے، کیونکہ یہ واحد آسیان ملک ہے جس کی زمینی سرحد ہندوستان کے ساتھ ملتی ہے۔ یہ ہندوستان کی ’’پڑوسی سب سے پہلے‘‘، ’’ایکٹ ایسٹ‘‘ اور ’’مہاساگر‘‘ پالیسیوں کا ایک اہم شراکت دار ہے۔

صدر جمہوریہ نے صدر ہلینگ کو میانمار کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہندوستان ہماری دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان، میانمار حکومت کی ترجیحات کے مطابق اس کی کوششوں میں تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے امن اور مفاہمت کے لیے میانمار کی کوششوں کے حوالے سے ہندوستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اظہار کیا۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ رابطہ کاری (کنیکٹیویٹی) ہندوستان-میانمار شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میانمار حکومت کے تعاون سے جاری منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں گے۔

صدر جمہوریہ کو یہ جان کرخوشی ہوئی کہ ہندوستان اور میانمار کے تجارتی تعلقات دواسازی، مشینری اور زرعی مصنوعات جیسے شعبوں میں فروغ پائے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ دوطرفہ تجارت ابھی اپنی مکمل صلاحیت تک نہیں پہنچ سکی اور اسے مزید وسعت دینے کے لیے دونوں ممالک مل کر کام کر سکتے ہیں۔

دونوں رہنماؤں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان اور میانمار کے درمیان دوستی اور شراکت داری آنے والے برسوں میں مزید مستحکم ہوگی۔

***

(ش ح۔اس ک  )

UR-7831


(ریلیز آئی ڈی: 2267750) وزیٹر کاؤنٹر : 12