وزارت خزانہ
منشیات کے خلاف مہم میں ڈی آر آئی کی بڑی کارروائی، بہار سے تقریباً 105 کلو گانجہ ضبط،2 افراد گرفتار
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
31 MAY 2026 5:58PM by PIB Delhi
ملک بھر میں منشیات کی اسمگلنگ پر روک لگانے اور نشہ آور اشیاء کی سپلائی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے جاری مسلسل کوششوں کے تحت، محکمہ ریوینیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے 30 مئی 2026 کو بہار میں کارروائی کرتے ہوئے 104.9 کلو گانجہ (بھنگ) ضبط کر لیا۔ اس غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث دو افراد کو بھی نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹینس ایکٹ، 1985 (این ڈی پی ایس ایکٹ) کی متعلقہ دفعات کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔

یہ ضبطی ملک میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ڈی آر آئی کی جاری مہم کا حصہ ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران محکمہ ریوینیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) کی لکھنؤ زونل یونٹ نے بہار میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی منڈی میں تقریباً 46.5 کروڑ روپے مالیت کی منشیات اور نفسیاتی اثرات رکھنے والے ممنوعہ مادّے ضبط کیے ہیں، جبکہ ان معاملوں میں 31 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ضبط کی گئی منشیات میں 107.5 کلو چرس، 1277.81 کلو گانجہ، 18.92 کلو اعلیٰ معیار کی ہائیڈروپونک ویڈ، 6 کلو کوکین، 112.8 گرام ہیروئن اور کوڈین پر مشتمل غیر قانونی طور پر منتقل کی جانے والی کھانسی کی سیرپ کی 8,012 بوتلیں شامل ہیں۔
ڈی آر آئی نے مربوط اور منظم کارروائیوں کے ذریعے منشیات اور نفسیاتی تاثیر والے ممنوعہ مادّوں کی اسمگلنگ میں ملوث منظم جرائم پیشہ گروہوں کو مسلسل نشانہ بنایا ہے۔ یہ کوششیں حکومتِ ہند کے ’’نشہ مُکت بھارت‘‘ (منشیات سے پاک ہندوستان) کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
******
(ش ح۔ م ش ع ۔ م ا)
UR No-7786
(ریلیز آئی ڈی: 2267316)
وزیٹر کاؤنٹر : 6