وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے سی بی ایس ای ہیڈ کوارٹر میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی


.طلباء کے مفادات ہماری ترجیح ہیں؛ تمام مسائل کو حل کیا جائے گا: جناب دھرمیندر پردھان

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 28 MAY 2026 7:09PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تعلیم جناب دھرمیندر پردھان نے آج نئی دہلی میں سی بی ایس ای ہیڈکوارٹر میں سی بی ایس ای کے 12ویں کلاس کے امتحانات کی جانچ اور نتائج کے بعد کے عمل سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔

میٹنگ میں سکریٹری، محکمہ اسکولی تعلیم اور خواندگی، جناب سنجے کمار نے شرکت کی۔ سی بی ایس ای کے چیئرپرسن جناب راہل سنگھ؛ ڈائریکٹر، آئی آئی ٹی مدراس، پروفیسر وی کامکوٹی؛ ڈائریکٹر، آئی آئی ٹی  کانپور؛ وزارت تعلیم اور کیندریہ ودیالیہ سنگٹھن (کے وی ایس ) کے سینئر حکام؛ اور پبلک سیکٹر بینکوں کے نمائندے بشمول ایس بی آئی، انڈین بینک، بینک آف بڑودہ اور کینرا بینک شامل ہوئے ۔

میٹنگ کے دوران وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام ضروری اقدامات کریں تاکہ طلباء کو درپیش مسائل کو بروقت، شفاف اور طلباء دوست طریقے سے حل کیا جاسکے۔ انہوں نے شفافیت، جوابدہی اور طلباء پر مرکوز امتحانی نظام کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ طلباء اور والدین کو یقین دلایا کہ تمام حقیقی خدشات کو مؤثر طریقے سے اور تیزی سے دور کیا جائے گا۔

وزیر موصوف نے طلباء کے معاونت کے نظام کو مضبوط بنانے، تشخیص اور نگرانی کے فریم ورک کو بہتر بنانے، سی بی ایس ای ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو بڑھانے، اور امتحان سے متعلق خدمات کو طلباء کے لئے زیادہ قابل رسائی اور موثر بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نتائج کے بعد کی خدمات کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔

وزیر موصوف کو بتایا گیا کہ اس سال تقریباً 18 لاکھ طلباء نے 12ویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کی، جس میں تقریباً 98 لاکھ جوابی پرچے اور تقریباً 40 کروڑ اسکین شدہ صفحات شامل ہیں۔ اب تک، تقریباً چار لاکھ طلباء نے پورٹل کے ذریعے تقریباً 11 لاکھ اسکین شدہ جوابی شیٹس تک رسائی حاصل کی ہے۔

اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہ طلباء کے مفادات حکومت کی اولین ترجیح ہیں، جناب پردھان نے کسی بھی کوتاہی کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا اور کہا کہ نظام کے اندر ہو یا باہر، کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

وزیر موصوف نے پوسٹ ایگزامینیشن سروسز پورٹل پر لاگ ان رسائی کے مسائل، سرور پر بھاری بوجھ اور ادائیگی سے متعلق دشواریوں سے متعلق رپورٹس کا بھی نوٹس لیا۔

آئی آئی ٹی  مدراس کے پروفیسرز اور ڈیجیٹل سسٹمز کے ماہرین پر مشتمل ایک ماہر تکنیکی ٹیم کو پورٹل کے استحکام، سرور کی صلاحیت، لاگ ان مینجمنٹ اور ادائیگی کے گیٹ وے کے انضمام کا جائزہ لینے کا کام سونپا گیا ہے تاکہ طلباء کے لیے بغیر کسی رکاوٹ اور بلا تعطل خدمات کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزارت تعلیم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

***

ش ح ۔ ال ۔ ع ر

UR-7670


(ریلیز آئی ڈی: 2266396) وزیٹر کاؤنٹر : 10