وزیراعظم کا دفتر
تیسری بھارت – نارڈک سربراہ اجلاس کے شانہ بہ شانہ وزیر اعظم کی فن لینڈ کے وزیر اعظم سے ملاقات
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 MAY 2026 6:42PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 19 مئی 2026 کو اوسلو میں منعقدہ تیسری بھارت – نارڈک سربراہ ملاقات کے شانہ بہ شانہ فن لینڈ کے وزیر اعظم عزت مآب جناب پیٹری اورپو سے ملاقات کی۔
ڈیجیٹلائزیشن اور پائیداری میں باہمی تعلقات کو کلیدی شراکت داری کی سطح تک لے جانے کے ساتھ، دونوں قائدین نے صنعت، تحقیقی اداروں، اور تعلیمی شعبے کی مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مستقبل کی اقتصادی نمو اور ترقی میں پائیداری اور ڈیجیٹلائزیشن کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری، ڈیجیٹلائزیشن، اے آئی، 5جی/6جی، کوانٹم ٹکنالوجیز، خلاء، پائیداری، قابل احیاء توانائی، مدور معیشت، اختراع، تعلیم، نقل و حرکت اور عوام سے عوام کے درمیان تعلقات جیسے شعبوں میں جاری باہمی تعاون کا جائزہ لیا۔
طرفین نے عالمی چنوتیوں کے باوجود اشیاء اور خدمات کے شعبے میں باہمی تجارت میں مستحکم نمو کا خیرمقدم کیا اور موجودہ باہمی تجارت کو 2030 تک دوگنا کرنے کی اپنی عہدبستگی کا اعادہ کیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے توسیع شدہ آپریشنوں اور شراکت داریوں کے ذریعہ ایک دوسرے کی منڈیوں میں اپنی سرکردہ تکنالوجی کمپنیوں کی موجودگی میں اضافے کا بھی خیرمقدم کیا۔ فن لینڈ کے حکام نے فن لینڈ کے تکنالوجی کے شعبے کی نمو اور اختراع میں بھارتی پیشہ واران کے غیر معمولی تعاون کی بھی ستائش کی۔ قائدین نے اعلان کیا کہ بھارت اور فن لینڈ بھارت کی ریاست گجرات کے شہر گاندھی نگر میں ستمبر 2026 میں عالمی مدور معیشت فورم کی مشترکہ طو رپر میزبانی کریں گے۔
بھارت اور فن لینڈ گرمجوشانہ، دوستانہ اور کثیر جہتی تعلقات ساجھا کرتے ہیں، جن کی جڑیں ساجھا جمہوری اقدار سے مربوط ہیں۔ فن لینڈ یوروپی یونین اور نارڈک خطے میں بھارت کا ایک قابل قدر شراکت دار ہے۔ دونوں قائدین نے بھارت – یوروپی یونین کلیدی شراکت داری کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور بھارت – یوروپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کے جلد عمل میں آنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے خطے اور دنیا بھر میں رونماہونے والے واقعات ، اور بین الاقوامی تنظیموں میں وسیع تر تعاون کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7281
(ریلیز آئی ڈی: 2263001)
وزیٹر کاؤنٹر : 12