وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم نے ناروے کے وزیر اعظم کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 MAY 2026 8:21PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج اوسلو میں ناروے کے وزیر اعظم عزت مآب جناب جوناس گاہر اسٹورے کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کی۔ ہندوستان اور ناروے کے قریبی تعلقات کی علامت کے طور پر خصوصی خیرسگالی کے تحت آج صبح اوسلو ہوائی اڈے پر پہنچنے پر وزیر اعظم اسٹورے نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ہند-ناروے تعلقات کے تمام اہم شعبوں کا جائزہ لیا، جن میں تجارت اور سرمایہ کاری، ہند-ای ایف ٹی اے تجارتی و اقتصادی شراکت داری معاہدہ (ٹی ای پی اے) پر پیش رفت، موسمیاتی اقدامات اور توانائی کی منتقلی، بلیو اکانومی اور سمندری حکمرانی، تحقیق اور اعلیٰ تعلیم، آرکٹک اور قطبی تعاون، خلائی شعبہ اور افرادی صلاحیت کی نقل و حرکت کےشعبے شامل تھے۔ دونوں ممالک نے تعلقات کو “گرین اسٹریٹجک پارٹنرشپ” کی سطح تک لے جانے پر اتفاق کیا، جس سے  پائیداری اور سبز ترقی کے تئیں ان کے مشترکہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے ہندوستان میں ناروے کی کمپنیوں کی جانب سے زیادہ سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے 2030 تک ہندوستان اور ناروے کے درمیان موجودہ تجارتی حجم کو دوگنا کرنے کے ہدف پر زور دیتے ہوئے کاروباری نمائندوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مختلف شعبوں میں فعال اشتراک قائم کریں تاکہ ٹی ای پی اے کے تحت 100 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری اور ہندوستان میں دس لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ہدف کو حاصل کیا جا سکے۔

دونوں رہنماؤں نے اپنی ٹیم کو بلیو اکانومی کے شعبے میں باہمی  تعاون مزید مضبوط کرنے کی ہدایت دی، جس میں سمندری ماحولیاتی نظام کا تحفظ، جہاز سازی، گرین شپنگ، سرنگوں اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، سائبر سکیورٹی، بحری عملے کی تربیت، ماہی پروری اور آبی زراعت کے شعبے شامل ہیں۔ دونوں  لیڈروں نے اقوام متحدہ کے سمندری قانون (یو این سی ایل او ایس) کے اصولوں کی توثیق کی اور ناروے کی جانب سے انڈو پیسیفک اوشین انیشی ایٹو میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔وزیر اعظم  نریندر مودی نے ناروے کو جون 2026 میں فرانس میں منعقد ہونے والے “بھارت انوویٹس 2026” میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان “اسٹارٹ اپ انوویشن ہب” اور “گرین انوویشن ہیکاتھون” قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔

ماحولیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبے میں باہمی تعاون  پر زور دیتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے کاربن کیپچر، استعمال اور ذخیرہ (سی سی یو ایس)، آف شور ونڈ انرجی اور ہندوستان میں صاف توانائی کے منصوبوں میں ناروے کی جانب سے مزید سرمایہ کاری جیسے مخصوص جدید شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے ماحول کے سازگار  اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے آرکٹک خطے میں قطبی تحقیق اور لاجسٹک  کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں مشترکہ کام پر زور دیا، جن میں قابلِ تجدید توانائی، سمندر، موسمیاتی تبدیلی، صحت، اہم معدنیات، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے میدان میں دونوں ممالک نے مشترکہ ڈگری پروگرام، تعلیمی اسناد کی باہمی منظوری، اور طلبہ و اساتذہ کی نقل و حرکت کے امکانات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے کثیر جہتی عالمی فورم میں تعاون پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ناروے کے وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کے بعداس میں  ہندوستان کی مستقل رکنیت کے لیے ناروے کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی، خصوصاً سرحد پار دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اس خطرے سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے دفاعی تعاون اور دفاعی صنعتی اشتراک میں موجود امکانات کا بھی جائزہ لیا، ڈیجیٹل عوامی سہولیات کے شعبے میں تیسرے ممالک کے ساتھ مشترکہ تعاون کے امکانات پر اتفاق کیا، اور اپنی اپنی متعلقہ وزارتوں کو  ڈیجیٹل کایا پلٹ کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے “جوائنٹ ورکنگ گروپ آن ڈیجیٹلائزیشن” قائم کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ناروے کے وزیر اعظم اسٹورے اور ناروے کے عوام کی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم اسٹورے کو ہندوستان کے دورے کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطح پر  دوطرفہ  ملاقاتوں  کے تبادلے کی رفتار کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

******

(ش ح۔ م ش ع ۔ م ا)

Urdu No-7229


(ریلیز آئی ڈی: 2262558) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , Marathi , Tamil