نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
نائب صدر جمہوریہ نے گنگٹوک میں سکم کے 51ویں یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کیا
سکم صرف زراعت کی حد تک ہی قدرتی نہیں، بلکہ کردار کے لحاظ سے بھی قدرتی ہے: نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے کہا ہے کہ سکم فطرت، ثقافت اور حکمرانی کے مابین ہم آہنگی کی ایک روشن مثال ہے
وزیر اعظم کا ’’ایکٹ ایسٹ، ایکٹ فاسٹ‘‘ کا نقطہ نظر اشٹ لکشمی ریاستوں میں ترقی کو مہمیز کر رہا ہے: نائب صدر جمہوریہ
نائب صدر جمہوریہ نے ریاست کی یوم تاسیس تقریبات کے دوران سکم کے مالامال ثقافتی ورثے کی ستائش کی
نائب صدر جمہوریہ ہند سی پی رادھا کرشنن نے آج گنگٹوک میں سکم کے 51ویں یوم تاسیس کی تقریبات سے خطاب کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 MAY 2026 7:08PM by PIB Delhi
سکم کے یوم تاسیس کی تقریبات کے موقع پر سکم کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہمالیائی ریاست کا گزشتہ 50 برسوں کا سفر غیر معمولی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طالب علم کے طور پر انہوں نے سکم کے ہندوستان کے ساتھ انضمام سے متعلق پیش رفت کا قریب سے مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے آج ریاست کے 51 ویں یوم تاسیس کی تقریبات میں موجود ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
سکم کو "سبز، نامیاتی، اور صاف ستھری " ریاست بتاتے ہوئے، نائب صدر نے کہا کہ سکم صرف زراعت کی حد تک قدرتی نہیں ہے بلکہ "کردار کے لحاظ سے بھی قدرتی" ہے۔ ریاست میں اپنے سڑک کے سفر کا ذکر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے سکم کے لوگوں کی نظم و ضبط اور ہمدردانہ فطرت کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اچھے خیالات اور مل جل کر زندگی بسر کرنے سے افراد اور معاشرے دونوں کو تقویت حاصل ہوتی ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ سکم اس بات کی ایک روشن مثال کے طور پر نمایاں ہے کہ فطرت، ثقافت اور حکمرانی کے درمیان ہم آہنگی کیا حاصل کر سکتی ہے۔ اس موقع پر ریاست کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست کا 51 واں سال نمو ، تبدیلی اور جامع ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔
سکم کے پہلے وزیر اعلیٰ جناب کازی لینڈوپ دورجی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ انہیں ہمیشہ ایک دوراندیش رہنما کے طور پر یاد رکھا جائے گا جنہوں نے دانشمندی، ہمت اور عزم کے ساتھ تاریخی جمہوری تبدیلی کے ذریعے سکم کی رہنمائی کی۔
ریاست کے 50ویں یوم تاسیس کی اختتامی تقریب کے دوران وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے حالیہ دورۂ سکم کا حوالہ دیتے ہوئے، نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کے دورے کے دوران 4000 کروڑ روپے سے زائد کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا گیا اور عوام کے لیے وقف کیا گیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کے "ایکٹ ایسٹ، ایکٹ فاسٹ" کے وژن پر روشنی ڈالی اور سکم کو شمال مشرق کی "اشٹ لکشمی" کا ایک جزو لاینفک بتایا۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ "وکست بھارت @2047" کے وژن کی جڑیں جامع ترقی سے وابستہ ہیں جہاں کوئی خطہ پیچھے نہیں ہے۔ شمال مشرق میں بنیادی ڈھانچے اور رابطے کو مضبوط بنانے کے لیے شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت کی ستائش کرتے ہوئے، انہوں نے پورے خطے میں ریلوے اور ہیلی پورٹ کی سہولیات کی توسیع پر روشنی ڈالی۔ میزورم کے اپنے حالیہ دورہ کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ بہتر ریل رابطے نے شمال مشرق میں تجارت، سیاحت اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیا ہے۔ اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ سکم کو بھی جلد ہی براہ راست ریل کنکٹیویٹی حاصل ہو جائے گی، انہوں نے کہا کہ اس سے ریاست کی نامیاتی مصنوعات کو بھارت بھر کی منڈیوں تک پہنچنے میں مدد ملے گی اور وکست بھارت @ 2047 میں اس کے تعاون کو تقویت ملے گی۔
وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ کی قیادت میں سکم حکومت کی تعریف کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ ریاست پائیدار ترقی کے عالمی ماڈل کے طور پر ابھری ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سکم 2016 میں دنیا کی پہلی 100 فیصد نامیاتی ریاست بنی اور 76,000 ہیکٹر سے زیادہ زرعی زمین کو کیمیاوی اشیاء سے مبرا ماحولیاتی نظام میں تبدیل کرنے کو نہ صرف زرعی اصلاحات بلکہ ایک "ثقافتی انقلاب" قرار دیا۔
نائب صدر جمہوریہ نے ’’میرو رُکھ میرو سنتتی‘‘، جس کے تحت ہر پیدا ہونے والے بچے کے لیے 108 درخت لگائے گئے، اور ’’شِشو سمردھی یوجنا‘‘، جو بچوں کو مالی تحفظ فراہم کرتی ہے، جیسی پہل قدمیوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی پہل قدمیاں پائیداری کو روحانیت سے اور ماحولیاتی قیادت کو سماجی سلامتی سے مربوط کرنے کی ریاست کی عہدبستگی کی عکاسی کرتی ہیں۔
سکم کی اسٹریٹجک اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نائب صدر جمہوریہ نے ریاست کو ملک کا ایک محافظ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ برادریوں کے درمیان اتحاد، تعاون کا جذبہ اور لوگوں میں حب الوطنی کا گہرا احساس سکم کو ہندوستان کی سالمیت کا ایک مضبوط ستون بناتا ہے۔ انہوں نے سرحدی اور فعال مواضعات کا دورہ کرنے اور ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے کے لیے گورنر اوم پرکاش ماتھر کی بھی تعریف کی۔
نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ وائبرنٹ ولیج پروگرام کے تحت سکم کے 58 گاؤں کو مرحلہ وار احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی گاؤں اب "آخری مواضعات " نہیں ہیں بلکہ "بھارت کے پہلے مواضعات" ہیں۔
پروگرام کے دوران نائب صدر جمہوریہ نے عملی طور پر سنگ بنیاد رکھا اور کنیکٹیویٹی، انفراسٹرکچر، تعلیم اور حکمرانی سے متعلق کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ ان میں ریمبی-یوکسام سڑک کی جدیدکاری، حفاظتی کام اور قومی شاہراہ – 10 کے ساتھ پل کی تعمیر، رنگپو کھولا پر اسٹیل سے بنا پل، برٹوک ہیلی پورٹ کی ازسر نو تشکیل اور جدید کاری، نامچی میں کامرنگ گورنمنٹ ڈگری کالج میں ایک نیا سائنس بلاک، اور پاکیونگ کے اریتار میں ایک صنعتی تربیتی ادارہ شامل ہے۔ نائب صدر جمہوریہ نے سکم ایکسائز مینجمنٹ سسٹم کا بھی آغاز کیا جس کا مقصد حکمرانی اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔
اس موقع پر نائب صدر جمہوریہ نے "سکم رائز" کا بھی آغاز کیا، جو حکومت کی حمایت یافتہ انٹرپرینیورشپ پروگرام ہے جس کو رہنمائی، انکیوبیشن، فنڈنگ اور بنیادی ڈھانچہ تعاون کے ذریعے اختراعی خیالات کو توسیع پذیر کاروبار میں تبدیل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انہوں نے "مشن سکم آرگینکس" کا بھی آغاز کیا، جس کا مقصد نامیاتی اور پائیدار ترقی میں ریاست کی قیادت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
نائب صدر جمہوریہ نے ایک ثقافتی پروگرام کا بھی مشاہدہ کیا جس میں لیپچا، بھوٹیا اور نیپالی برادریوں سمیت مختلف برادریوں کے روایتی لباس اور بھرپور ورثے کی نمائش کی گئی ۔ سکم کے ثقافتی تنوع کی تعریف کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ قومیت کے جذبے کے تحت متنوع روایات کا ایک ساتھ آنا واقعی "ایک بھارت، شریشٹھ بھارت" کے تصور کی عکاسی کرتا ہے۔
اس موقع پر موجود معزز شخصیات میں سکم کے گورنر جناب اوم پرکاش ماتھر؛ سکم کے وزیر اعلیٰ جناب پریم سنگھ تمانگ؛ شمال مشرقی خطے کی ترقی کے مرکزی وزیر جناب جیوتیرادتیہ ایم سندھیا؛ سکم قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر، جناب منگما نوربو شیرپا؛ صحت عامہ انجینئرنگ کے وزیر، حکومت سکم، جناب سونم لاما؛ سینئر افسران اور افراد بھی شامل تھے۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7157
(ریلیز آئی ڈی: 2261845)
وزیٹر کاؤنٹر : 8