وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

وائس ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن بحریہ کے سربراہ مقرر

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 09 MAY 2026 7:22AM by PIB Delhi

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/PIC(8)QXP2.jpeg

حکومت نے وائس ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، وی ایس ایم کو بحریہ کا سربراہ مقرر کیا ہے۔ موجودہ بحریہ سربراہ ایڈمرل دنیش کمار تریپاٹھی، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم، این ایم، 31 مئی 2026 کو اپنی خدمات سے سبکدوش ہو جائیں گے۔

وائس ایڈمرل کرشنا سوامی ناتھن نے 31 جولائی 2025 کو مغربی بحری کمان کے چونتیسویں فلیگ آفیسر کمانڈنگ اِن چیف کے طور پر ذمہ داری سنبھالی تھی۔ فلیگ آفیسر کو یکم جولائی 1987 کو بھارتی بحریہ میں کمیشن دیا گیا تھا اور وہ مواصلات اور برقی جنگی حکمتِ عملی کے ماہر ہیں۔

وہ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڈک واسلہ؛ جوائنٹ سروسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، شریونہم، برطانیہ؛ کالج آف نیول وارفیئر، کرنجہ؛ اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے نیول وار کالج، نیوپورٹ، رہوڈ آئی لینڈ کے سابق طالبِ علم ہیں۔

ایڈمرل کو پرم وششٹ سیوا میڈل، اَتی وششٹ سیوا میڈل اور وششٹ سیوا میڈل سے نوازا جا چکا ہے۔ اپنے بحری کیریئر کے دوران انہوں نے کئی اہم آپریشنل، انتظامی اور تربیتی ذمہ داریاں انجام دی ہیں، جن میں میزائل بردار جہاز آئی این ایس ودیوت اور وِناش، میزائل کارویٹ آئی این ایس کولش، گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر آئی این ایس میسور اور طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرم آدتیہ کی کمان شامل ہے۔

ریئر ایڈمرل کے عہدے پر ترقی پانے کے بعد انہوں نے جنوبی بحری کمان، کوچی کے صدر دفتر میں چیف اسٹاف آفیسر (تربیت) کے طور پر خدمات انجام دیں اور پوری بھارتی بحریہ میں تربیتی سرگرمیوں کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بھارتی بحری حفاظتی ٹیم کے قیام میں بھی نمایاں کردار ادا کیا، جو بحریہ کے تمام شعبوں میں آپریشنل سلامتی کی نگرانی کرتی ہے۔

اس کے بعد انہیں فلیگ آفیسر سی ٹریننگ کے طور پر بحریہ کے ورک اپ آرگنائزیشن کی سربراہی سونپی گئی، جس کے بعد انہیں مغربی بیڑے کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ کے منصب پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ بحریہ کے اس اہم جنگی شعبے کی قیادت کے بعد انہیں فلیگ آفیسر آف شور ڈیفنس ایڈوائزری گروپ اور حکومتِ ہند کے مشیر برائے آف شور سلامتی و دفاع مقرر کیا گیا۔

وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی کے بعد فلیگ آفیسر نے مغربی بحری کمان کے چیف آف اسٹاف، پرسنل سروسز کے کنٹرولر اور بحریہ کے صدر دفتر میں چیف آف پرسنل کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اپنی موجودہ ذمہ داری سے قبل وہ بحریہ کے صدر دفتر میں نائب سربراہِ بحریہ کے عہدے پر فائز تھے۔

وائس ایڈمرل سوامی ناتھن کی تعلیمی اسناد میں نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے بی ایس سی، کوچی کی کوچین یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ٹیلی کمیونی کیشن میں ایم ایس سی، لندن کے کنگز کالج سے دفاعی مطالعات میں ایم اے، ممبئی یونیورسٹی سے اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں ایم فل، اور بین الاقوامی مطالعات میں پی ایچ ڈی شامل ہیں۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-6839

 


(ریلیز آئی ڈی: 2259254) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati